Inquilab Logo

رن آؤٹ سے پہلے ڈین کو کئی باروارننگ دی گئی تھی: دپتی شرما

Updated: September 27, 2022, 1:08 PM IST | Agency | Kolkata

ہندوستانی ٹیم کی آل راؤنڈر نے کہا: ہم نے یہ قواعد و ضوابط کے مطابق کیا اور امپائرس کو بتایا کہ وہ کریز سے باہر تھیں۔ ہم زیادہ کچھ نہیں کر سکتے تھے

Deepti Sharma can be seen after running out England`s Dean on a non-strike.Picture:INN
دپتی شرما انگلینڈ کی کھلاڑی ڈین کو نان اسٹرائیکر پر رن آؤٹ کرنے کے بعد دیکھی جاسکتی ہیں ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر دپتی شرما نے چارلی ڈین کے متنازع لیکن جائز رن آؤٹ پر پیر کو کہا کہ رن آؤٹ سے پہلے ڈین کو کئی وارننگ دی گئی تھی۔انگلینڈ کو جب تیسرا ایک روزہ میچ  جیتنے کیلئے ۳۹؍ گیندوں پر۱۷؍ رن کی ضرورت تھی تب ڈین (۴۷؍رن) نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑی تھیں۔ اننگز کا ۴۴؍ واں اوور پھینکتے ہوئے دپتی نے ڈین کو کریز سے باہر نکلاہواپایا اور رن آؤٹ کرکے ہندوستان کو سیریز میںصفر۔۳؍ کی فاتح بنادیا۔ دپتی نے اس واقعہ کے بارے میں بتایا کہ ڈین کو کئی بار وارننگ دینے کے بعد ایسا کرنے کا منصوبہ بنایا گیاتھا۔ دپتی نے کولکاتا میں ٹیم کی آمد کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا’’یہ ایک منصوبہ تھا کیونکہ ہم نے انہیں پہلے ہی (وقت سے پہلے کریز چھوڑنے کے لئے) کئی بار خبردار کیا تھا۔ ہم نے یہ قواعد و ضوابط کے مطابق کیا۔ ہم نے امپائرس کو بتایا کہ وہ کریز سے باہر تھیں۔ ہم زیادہ کچھ نہیں کر سکتے تھے۔‘‘ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضوابط کے مطابق فیلڈنگ ٹیم کے پاس نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑے بلے باز کوبغیر وارننگ کے بھی آؤٹ کرنے کا حق حاصل ہے۔ ڈین کی شکل میں انگلینڈ کا آخری وکٹ گرتے ہی انگلینڈ۱۶؍ رن سے ہارگئی، جس کے بعد کرکٹ کی دنیا میں `اسپرٹ آف کرکٹ کی بحث شروع ہوگئی۔ اسٹورٹ براڈ، جیمس اینڈرسن اور سیم بلنگز سمیت انگلینڈ کے کئی نامور کرکٹرس نے وکٹ پر ناراضگی کا اظہار کیاجبکہ ایلکس ہیلز نے دپتی شرماکی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نان اسٹرائیکر کے لئے اپنی کریز پر رہنا اس وقت تک مشکل نہیں ہونا چاہئے جب تک کہ گیند ہاتھ سے نکل نہ جائے۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم کو۲۳؍ سال بعد انگلینڈ میں سیریز جتانے والی کپتان ہرمن پریت کورنے رن آؤٹ کے بارے میں سوال پوچھے جانے پر کہاتھا کہ  دپتی نے کوئی’جرم‘ نہیں کیا ہے۔ ہرمن پریت نے میچ کے بعد کہاتھا ’’آج ہم نے جو کچھ بھی کیاہے، مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی جرم تھا۔ یہ کھیل کا حصہ ہے اور آئی سی سی کا اصول ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنے کھلاڑی کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ میں حقیقت میں بہت خوش ہوں کہ اس  نے(دپتی) اس بارے میں بیداری ظاہر کی۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس نے کچھ غلط کیا ہے۔‘‘ کرکٹ کے ضوابط کے محافظ میریلبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے رن آؤٹ سے جڑی بحث کاخیرمقدم کیا لیکن یہ بھی کہا کہ دپتی کا یہ اقدام قواعد کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ایک بیان میں، ایم سی سی نے کہا’’کرکٹ ایک وسیع کھیل  ہے اور جس جذبے سے اسے کھیلا جاتا ہے وہ مختلف نہیں ہے۔ کرکٹ کے جذبے کی محافظ کے طور پر، ایم سی سی اس بات کی تعریف کرتی ہے کہ دنیا بھر میں اس کی مختلف انداز میں تشریح کی جاتی ہے۔ ‘‘کلب نے کہا’’احترام پر مبنی بحث اچھی چیز ہے اور اسے جاری رکھنا چاہئے۔نان اسٹرائیکرکریز جلدی چھوڑ کر نامناسب فائدہ حاصل کرنے کی جانب اشارہ کرتاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK