Inquilab Logo

راجستھان رائلز کے خلاف دہلی کیپٹلس کی نگاہیں فتح پرمرکوز

Updated: September 25, 2021, 1:26 PM IST | Agency | Abu Dhabi

پنت کی ٹیم راجستھان کو روند کر اگلے راؤنڈکیلئے پوزیشن بہتر کرنا چاہے گی۔راجستھان کے سنجوسیمسن بھی پوائنٹ ٹیبل میں ٹیم کی پوزیشن بہتر کرنے کیلئے کوشش کریں گے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 بہت متوازن نظر آنے والی   دہلی کیپٹلس کی ٹیم سنیچر کو یہاں راجستھان رائلز کے خلاف جیت کے ساتھ آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔ راجستھان رائلز نے بھی آخری میچ میں سنسنی خیز کامیابی حاصل کی تھی اور وہ اپنی اسی کارکردگی کو دُہرانا چاہے گی۔  رشبھ پنت کی زیرقیادت دہلی ٹیم نے پہلے مرحلے میں ۸؍ میں سے۶؍ میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس نے دوسرے مرحلے میں سن رائزرس حیدرآبادکی ٹیم کو۸؍ وکٹ سے شکست دے کر ایک اچھا آغاز کیا اور ۱۴؍ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ دوسری طرف  راجستھان رائلز ، جو پہلے مرحلے میں جدوجہد کر رہی تھی، پنجاب کنگز کے خلاف ۲؍ رن کی سنسنی خیز جیت کے ساتھ اپنے حوصلے بلند کرچکی ہے۔ دہلی کے خلاف جیت کے ساتھ رائلزکی ٹیم  پلے آف میں پہنچنے کے امکانات کو روشن رکھنا چاہے گی ۔ نوجوان یشسوی جیسوال اور مہی پل لوومڑ نے پنجاب کے خلاف اچھی بیٹنگ کی لیکن کپتان سنجو سیمسن کو مزید ذمہ داری لینے کی ضرورت ہے۔ بولنگ  شعبے  میں پیسر کارتک تیاگی اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن نے آخر میں اچھا کردار ادا کیا۔ ٹیم توقع کررہی ہے کہ وہ دہلی کے خلاف بھی آخری اوورس میں اسی طرح بولنگ کرے ۔ تاہم  انہیں دہلی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں شکھر دھون اور پرتھوی شاکی اوپننگ جوڑی اچھے فارم میں ہے۔ شریس ایّر نے انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اچھی واپسی کی ہے۔ انہوں نے گزشتہ میچ میں ناقابل شکست ۴۷؍رن بنائے تھے۔ دہلی کے مڈل آرڈر میں کپتان پنت، آسٹریلوی اسٹیو اسمتھ اور شیمرون ہتمائر جیسے مضبوط بلے باز ہیں۔ بولنگ شعبے  میں دہلی کے تینوں فاسٹ بولر کگیسو ربادا ، اینریک نورٹجے اور اویس خان اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ راجستھان رائلز کے بلے بازوں کو ان تینوں کے سامنے سخت امتحان کا سامنا کرنا پڑے گا۔  جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز اینریک نورٹجے    کا کہنا ہے کہ وہ دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت کی میچ کے حالات کا اندازہ لگانے کی صلاحیت سے متاثر ہوئے ہیں۔ نورٹجے جو اس وقت دنیا کے تیز ترین بولر سمجھے جاتے ہیں انہوںنے دہلی کی جانب سے پہلا میچ کھیلا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK