Inquilab Logo

دہلی کیپٹلس آئی پی ایل ۱۳؍میں فتح کی ہیٹ ٹرک کی متمنی

Updated: September 29, 2020, 12:28 PM IST | Agency | Abu Dhabi

آئی پی ایل میں آج دہلی کیپٹلس اور سن رائزرس حیدرآباد کے درمیان مقابلہ ۔ حیدرآبادکی ٹیم کو جیت کی تلاش

Shreyas Iyer,. Picture:INN
شریس ایّر۔ تصویر: آئی این این

کپتان شریس ایّر کی اہل قیادت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی دہلی کیپٹلس کی ٹیم  منگل کو سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل میچ میں جیت کی ہیٹ ٹرک کے ارادے سے میدان میں اترے گی جبکہ ابتدائی ۲؍ میچ ہار نے والی وارنر کی زیر قیادت سن رائزرس حیدرآباد کی اپنی غلطیوں کو درست کرکے دوبارہ  لوٹنے پر نظر ہوگی ۔ دہلی آئی پی ایل۱۳؍ میں اپنے دونوں میچ جیتنے کے بعد ۴؍ پوائنٹس کے ساتھ   ٹیبل میں سرفہرست ہے جبکہ حیدرآباد کی ٹیم اپنے دونوں میچ ہارنے کے بعد۸؍ویں نمبر پر ہے۔ دہلی نے پہلے میچ میں کنگز الیون پنجاب کو ایک سپر اوور میں شکست دی تھی اور آخری میچ میں چنئی سپر کنگز کو ہرایا تھا۔ اس سے قبل حیدرآباد کو پہلے رائل چیلنجرز بنگلور نے ۱۰؍ رن سے اور آخری میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے ۷؍ وکٹ سے شکست دی تھی۔ دہلی کیلئے آخری میچ میں ان کے دونوں اوپنرز شکھر دھون اور پرتھوی شا نے مضبوط آغاز دیا۔ دھون نے۳۵؍ اور پرتھوی نے ۶۴؍ رن بنائے۔ دہلی کے لئے بلے بازوں اورگیندبازوں  نے اس میچ میں اپنا کردار بخوبی ادا کیا اور ٹیم بہت متوازن نظر آ رہی ہے۔ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے بھی عمدہ بیٹنگ کی۔ دہلی کی ٹیم نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اسے ٹورنامنٹ میں اپنے دعوے کو برقرار رکھنے کے لئے اپنے فارم کو برقرار رکھنا ہوگا۔ اگر دہلی اپنے اگلے چیلنج کو عبور کرتی ہے تو وہ جیت کی ہیٹ ٹرک کو مکمل کرلے گی۔ دہلی نے مہندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت چنئی کی ٹیم کو مکمل طور پر پست کردیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK