Inquilab Logo

جوکووچ اور ندال کے مابین فرینچ اوپن کے فائنل میں زبردست مقابلہ آرائی

Updated: October 11, 2020, 1:36 PM IST | Agency | Paris

ندال نے ۱۳؍ویں اور جوکووچ نے ۵؍ویں بار فائنل میں قدم رکھا۔ ندال کی نظر فیڈرر کےریکارڈ کی برابری پر ۔جوکووچ بھی میچ کیلئے تیار

nadal - PIC : INN
ندال ۔ تصویر : آئی این این

دنیا کے نمبروَن  کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ اور کلے کورٹ کے بادشاہ اسپین کے رافیل ندال کے مابین کلے کورٹ گرینڈ سلیم فرینچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا بلاک بسٹر خطابی مقابلہ اتوار کوکھیلا جائے گا۔ 
 ٹاپ سیڈ یافتہ جوکووچ نے جمعہ کو سیمی فائنل میں ۵؍ویں سیڈ یافتہ یونان کے استیفانوس سیتسپاس کو ۵؍ سیٹوں کے مقابلے میں۶۔۳، ۲۔۶،۷۔۵، ۶۔۴،ایک۔۶؍ سے شکست دی اور ۵؍ویں مرتبہ فرینچ اوپن کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا جبکہ دنیا کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی ندال نے ۱۲؍ ویں سیڈ یافتہ ارجنٹائنا  کے ڈی ایگو شوارٹزمین کو مسلسل سیٹوں میں ۳۔۶، ۳۔۶، ۶۔۷؍سے شکست دے کر ۱۳؍ویں مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ 
 جوکووچ نے اپنا سیمی فائنل میچ ۳؍ گھنٹے ۵۴؍ منٹ میں جیت لیا۔ جوکووچ نے پہلے ۲؍ سیٹ آسانی سے جیت لئے اور ایسا محسوس ہورہا تھا  کہ جیسے وہ جلد ہی میچ کا خاتمہ کر دیں گے لیکن ستسپاس نے میچ میں لوٹتے ہوئے اگلے ۲؍ سیٹ جیت کر میچ کو ۵؍ویں اور فیصلہ کن سیٹ میں پہنچادیا۔ 
 یونانی کھلاڑی نے ۵؍ویں سیٹ کے پہلے گیم میں اپنی  سروس کسی طرح بچالی لیکن جوکووچ نے لگاتار اگلے ۶؍ گیم جیت کر میچ ختم کیا اور ۵؍ویں بار فرینچ اوپن کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
 جوکووچ اب۱۸؍ ویں گرینڈ سلیم خطاب اور ندال سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے۲۰؍ گرینڈ سلیم خطاب کے عالمی ریکارڈ کی برابری سے صرف ایک قدم دور رہ گئے ہیں۔ جوکووچ اور ندال کے درمیان کریئر کا یہ۵۶؍ واں میچ ہوگا۔ اب تک ۵۵؍میچوں میں جوکووچ نے۲۹؍اور ندال نے ۲۶؍ میچ جیتے ہیں۔
 ندال نے اپنا میچ ۳؍ گھنٹے ۹؍ منٹ میں جیتا۔ ندال نے فرینچ اوپن میں۱۰۱؍ میچوں میں ۹۹؍ ویں کامیابی حاصل کی۔ ندال اب فرینچ اوپن میں۱۳؍ ویں  خطاب  سے ایک قدم دور ہیں۔  ندال اس بار خطاب جیتیں گے تو  فرینچ اوپن میں یہ ان کی ۱۰۰؍ ویں جیت ہوگی۔ ندال نے ڈیاگو شوارٹزمین سے پہلے دو سیٹ آسانی سے جیت لئے۔ ڈیاگوشوارٹزمین نے تیسرے سیٹ میں جدوجہد کی اور سیٹ کو ٹائی بریکر تک پہنچا دیا  لیکن ندال نے ٹائی بریکرمیں مسلسل ۷؍ پوائنٹس کے ساتھ میچ اپنے نام کردیا۔ 
 ندال نے میچ میں۳۸؍ ونر لگائے اور۹؍ بریک پوائنٹس میں سے ۶؍ پر کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے ساتھ ہی ندال مسلسل چوتھی بار فرینچ اوپن کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ کلے کورٹ کے  بادشاہ کے کریئر میں یہ تیسرا موقع ہے جب وہ مسلسل  ۴؍ یا  اس سے زیادہ فرینچ اوپن کے فائنل میں پہنچے ہیں۔ ندال نے پیرس میں۲۰۰۵ء سے ۲۰۰۸ء کے دوران ۴؍ بار اور۲۰۱۰ء سے ۲۰۱۴ء تک لگاتار ۵؍ بار یہ کامیابی حاصل کی تھی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK