Inquilab Logo

سری لنکا کے دورے پر دراوڑ کے پاس مستقبل کے چمپئن بنانےکا موقع

Updated: July 09, 2021, 2:34 PM IST | Agency | Mumbai

لکشمن اور عرفان پٹھان نے سابق کھلاڑی اور لنکا دورے پر ٹیم کےکوچ راہل دراوڑکی صلاحیت کی جم کر تعریف کی

Rahul Dravid.Picture:INN
راہل دراوڑ۔تصویر :آئی این این

ہندوستان کے سابق بلے باز وی   ایس لکشمن کا کہنا ہے کہ سری لنکا دورے پر ہندوستان’ اے‘ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل داروڑ کے پاس ہندوستانی کرکٹ کیلئے مستقبل کے چمپئن بنانے کا موقع ہے۔ جمعرات کو اسٹار اسپورٹس کے پروگرام ’گیم پلان‘ میں ہندوستانی کرکٹ میں راہل دراوڑ کے تعاون  کے بارے میں لکشمن نے کہا ’’مجھے نہیں لگتا کہ یہاں کوئی دباؤ ہے۔راہل دروڑ کیلئے  خود کو کوچ کے طورپرثابت کرنے کا یہ ایک موقع ہے۔ ہم سبھی بطور کھلاڑی یا کسی اور کردار میں ہندوستانی کرکٹ کے تئیں  ان کی شراکت کو جانتے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان ’اے‘ کرکٹ ٹیم کے کوچ اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے ہندوستانی ٹیم کی  بینچ اسٹرینتھ بنانے میں اہم کرداراداکیا ہے۔ میرے خیال میں سری لنکا کے دورے پر راہل دراوڑ کے پاس ہندوستانی کرکٹ کے مستقبل کے چمپئن  بنانے کا موقع ہے۔‘‘
 سابق بلے باز  نے کہا ’’یہ ضروری نہیں ہے کہ  اس دورے پر سبھی کوکھیلنے کا موقع ملے لیکن صرف راہل کے ساتھ وقت گزارنا اور اپنے تجربات شیئرکرنا، جو انہوں نے پہلے ہی ٹیم میں ان کھلاڑیوں کے ساتھ کیا ہے، ہندوستانی کرکٹروں کے طورپر ان کا مستقبل بنائے گااور ان کی ترقی کرے گا۔‘‘
 ہندوستان کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے ’ `گیم پلان‘پروگرام میں  راہل دروڑ کی تعریف کرتے ہوئے ۲۰۰۷ءکے ورلڈ کپ کے قصے شیئر کئے۔ انہوں نے کہا’’ساری بات بہترہونے پر ہے۔ آپ ایک کوچ یا کپتان کے ساتھ بہت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس کے ساتھ آپ کھیلنے میں آرام محسوس کرتے ہیں۔ راہل بھائی کی خاص بات ہے،  کھلاڑیوں سے واضح بات چیت۔ یہاں تک کہ جب وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے لیڈرتھے، تب اگر کسی کو کوئی پریشانی ہوتی تھی تووہ بس ان کے پاس جاتے تھے اور اس بارے میں کھل کر بات کرتے تھے۔ مجھے ایک قصہ یاد ہے،جب ہم ۲۰۰۷ء  ون ڈے ورلڈ کپ ہار گئے تھے۔ ہم ویسٹ انڈیز میں تھے، پھر راہل میرے اور ایم ایس دھونی کے پاس آئے اور کہا، `دیکھو، مجھے معلوم ہے کہ ہم سبھی پریشان ہیں، چلو ایک فلم دیکھنے چلتے ہیں۔ ہم فلم دیکھنے گئے اور پھر ہمارے پاس ان سے باتیں کرنے کیلئے نصف گھنٹہ تھا۔  راہل بہت اچھے انسان ہیں۔ وہ ہمیشہ کسی بھی کرکٹر کو مثبت سوچ میں رکھنا چاہتے ہیں۔ اگر بدقسمتی سے سری لنکا کے دورے پر کوئی بھی آؤٹ آف فارم رہتا ہے تو وہ اس کھلاڑی کی رہنمائی کرنے اور اسے اعتماد دلانے والے پہلے شخص ہوں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK