Inquilab Logo

چیلسی اور لیورپول کا مقابلہ ڈرا، سادیو اور صلاح کا ایک ایک گول

Updated: January 04, 2022, 2:24 PM IST | Agency | London

انگلش پریمیر لیگ میں چیلسی اور لیورپول نے ۲۔۲؍گول کئے۔ دونوں فٹبال کلبوں کو ۲۔۲؍پوائنٹس کا نقصان ۔چیلسی نمبر۲؍ پر برقرار

Congratulations to Liverpool player Sadio Mane (center).Picture:INN
لیورپول کے کھلاڑی سادیو مانے (درمیان میں) کو مبارکباد دیتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل) کے ہائی پروفائل میچ میں چیلسی اور لیورپول کے درمیان مقابلہ ۲۔۲؍گول سے ڈرا ہوگیا۔ اس میچ کے ڈرا ہونے سے دونوں فٹبال کلبوں کو ۲۔۲؍پوائنٹس کا نقصان ہواہے۔ حالانکہ اس مقابلے میں بیرون شہر لیورپول نے ۲؍شاندار گول کئے تھے اور چیلسی پر صفر۔۲؍ کی برتری حاصل کرلی تھی اس کے باوجود یہ میچ ۲۔۲؍گول سے ڈرا ہوگیا۔  اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں لیورپول اورچیلسی کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔میچ کے ۲۶؍ویں منٹ تک لیورپول کی ٹیم نے صفر۔۲؍ کی برتری حاصل کرلی تھی  ۔ میچ کے ۹؍ویں منٹ میں مہمان فٹبال کلب کے اسٹار سادیو مانے نے پہلا گول کیا اور اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ اس کے بعد ۲۶؍ ویں منٹ میں ایک اور اسٹار کھلاڑی محمد صلاح نے دوسرا گول کرکے ٹیم کی برتری کو دُگنا کردیا۔ اس کے بعد چیلسی نے اپنے گھریلو  میدان اسٹیمفورڈ بریج میں جوابی حملے شروع کردئیے اورلیورپول کو بیک فُٹ پر دھکیل دیا۔ میچ کے ۴۲؍ویں منٹ میں چیلسی کے ماتیو کووا سچ نے میچ کا تیسرا گول کیا اورمیزبان فٹبال کلب پرسے دباؤ کم کردیا۔ پہلے ہاف کے انجری ٹائم کے پہلے منٹ میںچیلسی کے کھلاڑی کرسچین پولیسچ نے برابری کا گول کرکے لیورپول کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ میچ کے دوسرے ہا ف میں کوئی گول نہیں ہوسکا اوریہ میچ ۲۔۲؍گول کے اسکورپر ختم ہوا۔  اس میچ میں ایک گول کرنے کے ساتھ محمد صلاح کے اس سیزن میں ای پی ایل میں ۱۶؍گول ہوگئے ہیں اور وہ ٹاپ اسکورر ہیں۔ دوسری طرف وہ معاونت کے معاملے میں بھی ٹاپ پوزیشن پر ہیں اور انہو ںنے اب تک ۹؍گول کرنے میں معاونت کی ہے۔ ان کے بعد لیورپول کے ہی کھلاڑی ٹرینٹ الیگزینڈرآرنالڈ ہیں جنہو ںنے اتنی ہی مرتبہ معاونت کے فرائض انجام دیئے ہیں۔   اس ڈرا کے بعد لیورپول کی ٹیم ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر قائم ہے اور اس کے ۲۰؍ میچوں میں ۴۲؍پوائنٹس ہیں۔ دوسری طرف میزبان فٹبال کلب چیلسی کے ۲۱؍میچوںمیں ۴۳؍پوائنٹس ہیں۔ لیورپول کے پاس  ایک میچ کا فائدہ ہے۔ مانچسٹر سٹی کی ٹیم ٹاپ پوزیشن پر ہے جس نے گزشتہ میچ میں آرسنل فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دی تھی۔ اس کے ۲۱؍میچوں میں ۵۳؍ پوائنٹس ہیں جبکہ آرسنل کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہے اور اس کے ۲۰؍میچوں میں ۳۵؍پوائنٹس ہیں۔ ویسٹ ہیم فٹبال کلب ۵؍ویں نمبرپرہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK