Inquilab Logo

کرکٹرس کو کسی لیگ کے بجائے قومی ڈیوٹی کو ترجیح دینا ہوگی: ای سی بی

Updated: May 12, 2021, 2:17 PM IST | Agency | London

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر نے کہا: انگلش کھلاڑی آئی پی ایل کیلئے بین الاقوامی کرکٹ مس نہیں کریں گے

England players prefer national team instead of IPL. Picture:INN
انگلینڈ کے کھلاڑی آئی پی ایل کی جگہ قومی ٹیم کو ترجیح دیں گے۔تصویر :آئی این این

ہندوستان کے خلاف فروری اور مارچ۲۰۲۱ء میں ٹیسٹ سیریز میں اپنے کچھ کھلاڑیوں کو آرام دینے اور انہیں بعد میں آئی پی ایل ۲۰۲۱ء میں کھیلنے کی اجازت دینے کے فیصلے کی نکتہ چینی کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ نے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ای سی بی کے مرد کرکٹ کے ڈائریکٹر ایشلے جائلس نے کہا کہ انگلینڈ کے کھلاڑی مقررہ آئی پی ایل میں کھیلنے کے لئے بین الاقوامی کرکٹ مس نہیں کریں گے۔ لندن میں برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی دورۂ پاکستان اور بنگلہ دیش کے لئے دستیاب ہوں گے، انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے کرکٹرس کو پیغام دے دیا ہے کہ کسی لیگ کے بجائے قومی ڈیوٹی کو ترجیح دینا ہوگی۔  ای سی بی کے اس فیصلے کی تنقید اس لئے بھی ہوئی تھی کیونکہ انگلینڈ نے ہندوستان کے خلاف ۳؍  سیریز (ٹیسٹ ، ون ڈے  اور ٹی ۲۰) گنوا دی تھی۔سیریز میں اس کے کئی اہم کھلاڑی شامل نہیں تھے جبکہ بعد میں وہ آئی پی ایل میں کھیلے تھے۔ ایسے میں اب یہ مانا جارہا ہے کہ آئی پی ایل کے بعد کے مرحلوں میں شامل یہ کھلاڑی جون میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں کی گھریلو ٹیسٹ سیریز میں نہیں کھیل سکیں گے۔ انگلینڈ کے کم از کم چار بڑے کھلاڑیوں کا اس سیریز سے باہر رہنے کا امکان ہے۔ 
 جائلس نے سری لنکا اور ہندوستان کے ۳؍ مہینے کے دورے کے دوران انگلینڈ کے ملٹی فارمیٹ کھلاڑیوں کو آرام دینے کے بارے میں کہا کہ اس کا آئی پی ایل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ہم نے اپنے مستقبل کے دورے کے پروگرام کی معلومات کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو آرام دیا اور انہیں روٹیٹ کیا، نہ کہ آئی پی ایل کی وجہ سے۔ہم نہیں مانتے کہ ہمارے کسی بھی ملٹی فارمیٹ کھلاڑی کا ۳؍ مہینے تک بایو ببل میں رہنا صحیح تھا۔ ہمیں کسی بھی لحاظ سے یہ مناسب نہیں لگا ، خاص طور پر ان کی بھلائی کے لئے بالکل صحیح نہیں لگا۔انہوں نے کہا کہ میں نے کئی مرتبہ کھلاڑیوں کا ذکر کیا ہے ۔ ہم ان کے مفاد اور حفاظت کے سلسلے میں سخت فیصلہ کریں گے۔ انگلینڈ کے میچوں میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی حصہ داری پر منصوبہ بنارہے ہیں۔ اگر بنگلہ دیش اور پاکستان کے دورے آگے بڑھتے ہیں تو میں ان سے وہاں رہنے کی امید کروں گا ۔
  ٹیم ڈائریکٹر ایشلے جائلز نے انگلینڈ کےکنٹریکٹ یافتہ کرکٹرس کو قومی ڈیوٹی کو ترجیح دینے کا پیغام دیا ہے۔ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ ٹیم کو پاکستان اور بنگلہ دیش میں وائٹ بال سیریز کھیلنا ہے۔ دوسری جانب برطانوی میڈیا کاکہنا ہے کہ ملتوی ہونے والیہندوستانی ٹی۲۰؍ لیگ کے انعقاد کی ستمبر اکتوبر میں منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ انگلینڈ ٹیم کو ۱۶؍ برس بعد پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس میں ٹی ۲۰؍میچوں کا انعقاد ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK