Inquilab Logo

آئندہ سال ورلڈکپ کی میزبانی حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز

Updated: August 08, 2020, 3:12 AM IST | Dubai

آئی سی سی میٹنگ میں ہندوستانی اور آسٹریلوی کرکٹ بورڈس کے درمیان بات چیت کا امکان۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

  آئندہ سال ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ کی میزبانی کیلئے جوڑتوڑ جاری ہے۔ جمعہ کوآئی سی سی بورڈ میٹنگ میں ہندوستانی اور آسٹریلوی بورڈ حکام بات چیت کریں گے۔بی سی سی آئی میگا ایونٹ ۲۰۲۱ءمیں کروانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گا۔امید ہے کہ اس میٹنگ میں ورلڈکپ کی میزبانی کا فیصلہ ہوجائے گا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال میں رواں سال اکتوبر۔نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والا ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ ملتوی کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب ہندوستان کو آئندہ سال ہونے والے مختصر فارمیٹ کے میگا ایونٹ کی میزبانی کرنا تھی۔ ملتوی ہونے والا ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ اب آئندہ سال اکتوبر میں ہوگا تاہم اس کی میزبانی کا فیصلہ موخر کردیا گیا تھا۔
  بی سی سی آئی کی خواہش ہے کہ وہ ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ۲۰۲۱ء میں کروائے جبکہ آسٹریلیا اپنے میگا ایونٹ کی۲۰۲۲ءمیں میزبانی کرے۔ جمعہ کوآئی سی سی بورڈ میٹنگ میں اس حوالے سے کوئی فیصلہ متوقع ہے۔بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی اور سیکریٹری جے شاہ جبکہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اور چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے ویڈیو کال پر ہونے والی بات چیت میں اپنا کیس لڑیں گے۔ایک آئی سی سی بورڈ ممبر کے مطابق کینگروز آئندہ سال میگا ایونٹ کروانے کیلئے پر تول رہے ہیں ۔ ان کی پوری کوشش ہے کہ۲۰۲۲ءتک انتظار کی کوفت سے نہ گزریں ۔
 دوسری جانب بی سی سی آئی کا موقف بھی کمزور نہیں کہا جا سکتا۔ حکام کا بجا طور پر خیال ہے کہ اگر آئندہ سال کا میگا ایونٹ آسٹریلیا کروائے توہندوستان پہلے ٹی ۲۰؍ ورلڈکپ ۲۰۲۲ء اور اس کے بعد۵۰؍اوورس کے ورلڈکپ۲۰۲۳ءکا میزبان ہوگا۔ یہ بات معقول نہیں لگتی،بی سی سی آئی اپنا کیس لڑنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گا۔امکان یہی ہے کہ آسٹریلیا کو۲؍ سال تک انتظار کرنا ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK