Inquilab Logo

انگلینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا

Updated: September 03, 2022, 12:49 PM IST | Agency | London

جیسن رائے کو انٹرنیشنل کرکٹ میں مایوس کن کارکردگی اور `دی ہنڈریڈ کے بعد ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے

Moeen Ali.Picture:INN
معین علی ۔ تصویر:آئی این این

 انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جمعہ کو آسٹریلیا میں۱۶؍ اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی مردوں کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کیلئے۱۵؍ رکنی اسکواڈ کا اعلان کیاہے۔ جیسن رائے کو انٹرنیشنل کرکٹ میں مایوس کن کارکردگی اور `دی ہنڈریڈ کے بعد ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے رائے پر فل سالٹ کو ترجیح دی ہے، جنہوں نے اس سال اپنا ٹی ۲۰؍ ڈیبیو کیا تھا۔ رائے نے متحدہ عرب امارات میں ۲۰۲۱ء کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد سے۱۱؍ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے ۱۸ء۷۸؍ کے اوسط سے صرف ۲۰۶؍ رن بنائے۔ ان کیخلاف سالٹ نے فرنچائزی  ٹورنامنٹ `دی ہنڈریڈ میں کھیلے گئے۸؍ میچوں میں۴۴ء۷۱؍ کے اوسط سے۳۱۳؍ رن بنائے ہیں۔ جوس بٹلر بطور کپتان اپنا پہلا عالمی ٹورنامنٹ کھیلیں گے۔ وہ ایون مورگن کے بعد عہدہ سنبھالیں گے، جو اس سال کے شروع میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔ بٹلر اس وقت انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہیں، جس کا مطلب ہے کہ معین علی انگلینڈ کے دورۂ پاکستان پر ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انگلینڈ یہاں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹیم کے خلاف ۷؍ ٹی ۲۰؍ کھیلے گا، حالانکہ ای سی بی کو امید ہے کہ بٹلر سیریز کے اگلے حصے تک مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔ ڈیوڈ ملان نے بھی جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی حالیہ سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیم میں واپسی کی ہے۔ اس سال ٹی ۲۰؍ میں۱۴۸ء۲۷؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنانے والے بائیں ہاتھ کے کھلاڑی مورگن کی ٹیم میں جگہ پُر کر سکتے ہیں۔ ملان اس وقت دی ہنڈریڈ میں۵۹ء۶۶؍ کے اوسط سے۳۵۸؍ رن کے ساتھ سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ای سی بی نے تصدیق کی ہے کہ مارک ووڈ اور کرس ووکس اپنی اپنی انجری سے صحت یاب ہو چکے ہیں اور قیادت سنبھالنے کیلئے تیار ہیں۔ انگلینڈ نے گزشتہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی اور اس بار وہ۲۲؍ اکتوبر سے اپنی مہم کا آغاز کر کے اپنی کارکردگی میں بہتری لانا چاہے گا۔
 ادھر انگلینڈ نے بھی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل دورۂ پاکستان کیلئے ۱۹؍ رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے جس میں جارڈن کاکس، ٹام ہیلم، ول جیکس، اولی اسٹون اور لیوک ووڈ کی شکل میں ۵؍ نئے کھلاڑی شامل کئے  گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انگلینڈ ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ۳؍ ٹی ۲۰؍ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گا۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ اور آسٹریلیا ٹی۲۰؍ سیریز کے لئے انگلینڈ کا اسکواڈ: جوس بٹلر (کپتان)، معین علی، جونی بیریسٹو، ہیری بروک، سیم کیورن، کرس جارڈن، لیام لیونگ اسٹون، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ریس ٹوپلی ، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس، مارک ووڈ۔ اضافی کھلاڑی: ٹائیمل ملز، لیام ڈاسن اور رچرڈ گلیسن۔
 پاکستان سےٹی ۲۰؍ سیریز کیلئے ٹیم: جوس بٹلر (کپتان)، معین علی، ہیری بروک، جارڈن کاکس، سیم کیورن، بین ڈکٹ، لیام ڈاسن، رچرڈ گلیسن، ٹام ہیلم، ول جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹوپلی، ڈیوڈ ولی ، کرس ووکس، لیوک ووڈ اور مارک ووڈ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK