Inquilab Logo

انگلینڈ فیفاورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کیلئےکوالیفائی، اٹلی کا میچ ڈرا، اب پلےآف سےگزرناہوگا

Updated: November 17, 2021, 12:56 PM IST | Agency | Belfast

انگلینڈ نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے میچ میں سین میرینو کو صفر۔۱۰؍ سے روند دیا۔ ہیری کین کے ۴؍گول۔ اٹلی اور شمالی آئر لینڈ کے درمیان مقابلہ بغیر گول کے ڈرا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

انگلینڈ نے اگلے سال ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے جبکہ  یورو چمپئن اٹلی کو اب عالمی کپ کھیلنے کیلئے پلے آف میں کھیلنا ہوگا۔ انگلینڈ نے پیر کی دیر رات ہونےوالے کوالیفائنگ میچ میں سین میرینو کو صفر۔۱۰؍گول سے روند دیا تھا۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان ہیری کین نے ۳؍گول کئے۔ دوسری طرف اٹلی کا مقابلہ شمالی آئرلینڈ سے بغیر گول کے ڈراہوا۔ 
 انگلینڈ کی ٹیم نے سین میرینوکے ساتھ کوالیفائنگ میچ میں صلہ رحمی کامظاہر ہ نہیں کیا اور اس کے خلاف مسلسل گول کرتے رہے۔ انگلینڈ کیلئے پہلاگول  ایچ ماگیرے نے کیا۔ اس کے بعد سین میرینو کے کھلاڑی ایف فیبری نے ایک اون گول کیا۔ اس کے بعد انگلش کپتان ہیری کین نے یکے بعد  دیگرے ۴؍گول کردئیے۔ انہوںنے پہلے ہاف میں ۲؍گول پنالٹی پر کئے ۔میچ کے دوسرے ہاف میںای اسمتھ روو، ٹی منگس، ٹی ابراہم اور بوکایو ساکا نے ایک ایک گول کیا۔ جے بیلنگھم کا گول ریفری نے مسترد کردیا ۔ یہ گول ریفری نے وی اے آر کی مدد سے رد کردیا۔  انگلینڈ نے اس کامیابی کے ساتھ ہی ۱۰؍میچو ںمیں ۲۶؍پوائنٹس حاصل کرلئے اور گروپ آئی کے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر رہتے ہوئے اگلے سال قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ اس گروپ میں دوسرے نمبرپر پولینڈ کی ٹیم ہے جس کے ۱۰؍میچوں میں ۲۰؍ پوائنٹس ہیں اور اسے بھی کوالیفائی کرنے کیلئے پلے آف کے دور سے گزرنا ہوگا۔  میچ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم کے منیجر گیریتھ ساؤتھ گیٹ نے کہاکہ ہیری کین اس وقت بہت اچھا کھیل رہے ہیں اور اس میچ سے قبل ہونےوالے میچ میں بھی انہوںنے ہیٹ ٹرک کی تھی۔ وہ ہمیشہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار کئے جاتے ہیں اور اس وقت تو وہ زبردست فارم میں ہیں اور حریف ٹیموں کے خلاف زبردست مقابلہ کررہے ہیں۔ خیال رہے کہ ہیر ی کین نے انگلینڈ کی جانب سے ۴۸؍ گول کئے ہیں۔ انہوںنے ۲۰۲۱ء میں انگلینڈ کیلئے ۱۶؍ گول کردئیے ہیں اور ایک سال میں زیادہ گول کرنے کا نیشنل ریکارڈ قائم کردیاہے۔ انگلینڈ نے ۱۸۸۲ء میں آئر لینڈ کو صفر۔۱۳؍ گول سے ہرا دیا تھا اور یہ اس کی سب سے بڑی فتح تھی۔ سین میرینو کے خلاف اس کا یہ پرانا ریکارڈ ٹو سکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔    پیر کی رات ہونے والے میچ میں اٹلی اور شمالی آئر لینڈکا مقابلہ بے مزہ رہا اور دونوں جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے اٹلی کو پلے آف کے دور سے گزرنا پڑے گا۔ ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے گروپ سی کے ٹیبل میں سوئزر لینڈ نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی اور وہ اگلے سال ہونے والے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی ہوگیا۔ پیر کی رات ہونے والے میچ میں اس نے بلغاریہ کو صفر۔۴؍ سے ہرا دیا۔اس میچ میں ۲؍گول کرنے میں شیردان شاکری نے تعاون کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK