Inquilab Logo

انگلینڈ کی فتح، آسٹریلیا ورلڈ کپ سے باہر

Updated: November 06, 2022, 10:21 AM IST | sydney

گروپ وَن سے انگلینڈسیمی فائنل میں داخل۔ سری لنکا کو ۴؍وکٹ سے ہرادیا

Player of the match Adil Rashid
پلیئر آف دی میچ عادل رشید

 بین اسٹوکس کے ۴۴؍ رن کی بدولت انگلینڈ نے سنیچر کو ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکے سپر۱۲؍کے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو ۴؍ وکٹ سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔سری لنکا نے گروپ وَن  کے میچ میں پتھم نسانکا (۶۷؍رن)کی نصف سنچری اننگز کی مدد سے انگلینڈ کے سامنے ۱۴۲؍ رن کا ہدف رکھا، جسے انگلینڈ نے ۲؍ گیندیں باقی رہتے ۶؍وکٹ پر ۱۴۴؍رن بناکر حاصل کر لیا۔
 نسانکا نے۴۵؍ گیندوں میں ۲؍ چوکوں اور  ۵؍ چھکوں کی مدد سے۶۷؍ رن بنا کر سری لنکا کو باعزت اسکور تک پہنچادیا جبکہ بھانوکا راجا پاکسے نے۲۲؍ گیندوں پر اتنے ہی رن بنائے۔انگلینڈ نے کرو یا مرو کے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۷۵؍ رن بنائے لیکن یہاں سری لنکا کے اسپنرس نے ان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔ وینندو ہسرنگا اور دھننجے ڈی سلوا نے رن کی رفتار کو کم کرتے ہوئے ۴؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ لاہیرو کمارا نے بھی ۲؍ بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ درمیانی اوورس میں سری لنکا کی شاندار باؤلنگ کی بدولت انگلینڈ کا اسکور ۹؍ اوورس میںبغیر وکٹ ۷۵؍سے۱۸؍ اوورس میں ۶؍وکٹ پر ۱۲۹؍ رن تک پہنچادیا۔
 جہاں ایک کنارے سے وکٹ گرتے رہے، اسٹوکس نے دوسرے کنارے کو تھام لیا اور کم اسکور والے میچ میں انگلینڈ کی فتح  کو یقینی بنایا۔ اسٹوکس نے ۳۶؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۴۴؍ رن بنائے جبکہ ۸؍ ویں نمبر کے بلے باز کرس ووکس (  ناٹ آؤٹ ۵؍رن) نے انگلینڈ کو چوکے کی مدد سے ہدف تک پہنچا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ گروپ وَن  سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے جبکہ اس کے نتیجے میں میزبان آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیاہے۔ نیوزی لینڈ اس گروپ سے پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے۔سری لنکا کی طرح انگلینڈ نے بھی اچھی شروعات کی کیونکہ اوپنرس نے پہلے وکٹ کیلئے۷۵؍ رن بنائے۔
  کپتان جوس بٹلر نے۲۳؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۸؍ جبکہ  الیکس ہیلز نے۳۰؍ گیندوں پر ۷؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۴۷؍ رن بنائے۔ انگلینڈ اس شراکت کی مدد سے فتح کے راستے پر گامزن تھا لیکن سری لنکن اسپنرس نے میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ وینندو ہسرنگا نے دونوں اوپنرس کو آؤٹ کیا جبکہ دھننجے ڈی سلوا نے ہیری بروک اور معین علی کو آؤٹ کیا۔ لیام لیونگ اسٹون اور سیم کیورن وکٹ گرنے کے دباؤ میں لاہیرو کمارا کا شکار بنے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK