Inquilab Logo

لارڈس میں انگلینڈ کی نیوزی لینڈ پر فتح 

Updated: June 06, 2022, 1:54 PM IST | Agency | London

انگلینڈ نے پہلا ٹیسٹ۵؍وکٹ سے جیت لیا۔ روٹ کی ناٹ آؤٹ سنچری 

Former England captain Joe Root has completed 10,000 runs in Test cricket.Picture:INN
انگلینڈ کے سابق کپتان جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ۱۰؍ہزار رن مکمل کئے ۔ تصویر: آئی این این

سابق کپتان جو روٹ کی قابل قدر اننگز کی بدولت انگلینڈ نے لارڈس میں کھیلا جانے والاپہلا ٹیسٹ ۵؍وکٹ سے جیت لیا۔  نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں ۱۳۲؍ رن بنائے تھے جبکہ انگلینڈ کی  پہلی اننگز ۱۴۱؍رن پر ختم ہوئی تھی۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ نے اچھی بلےبازی کرتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف ۲۸۵؍رن بناکر ۲۷۷؍رن کا ہدف دیا۔ میچ کے چوتھے روز اتوار کو انگلینڈ نے یہ ہدف۵؍وکٹ کے نقصان پر۷۸ء۵؍اوور میں ۲۷۹؍رن بناکر حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کے تیز گیند باز اسٹورٹ براڈ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں تیسرے دن سنیچر کوصبح کےسیشن میں۲۸۵؍ رن پر ڈھیر ہوگئی اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے۲۷۷؍ رن کا ہدف ملا تھا۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز میں ۹؍ رن کی برتری حاصل تھی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سنیچر کو اسٹمپ تک ۵؍ وکٹوں پر۲۱۶؍ رن بنالئے  تھے  اور اسے میچ جیتنے کیلئے۶۱؍ رن کی ضرورت تھی جبکہ اس کے ۵؍ وکٹ باقی  تھے۔ اسٹمپ کے وقت  روٹ۱۳۱؍ گیندوں پر۷؍ چوکوں کی مدد سے ۷۷؍رن  اور بین فاکس۴۸؍ گیندوں پر ۹؍ رن بناکرکریز پر موجود تھے۔ روٹ اور بین فاکس نے کیوی ٹیم کو کوئی موقع نہیں دیا اور انگلینڈ نے ۵؍ وکٹوں پر۲۷۹؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ روٹ۷۷؍ رن  سے آگے کھیلتےہوئے۱۲؍ چوکوں کی مدد سے۱۷۰؍گیندوں پر۱۱۵؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ پویلین لوٹ گئے۔ ۹؍ رن سے آگے کھیلتے ہوئے بین فاکس۹۲؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں کی مدد سے۳۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔  روٹ نے ٹم ساؤدی کی گیند پر فاتحانہ باؤنڈری لگائی۔ چوتھے دن نیوزی لینڈ کا کوئی بھی گیند باز انگلینڈ کی کوئی وکٹ نہ گرا سکا۔ انگلینڈ نے اپنا پانچواں وکٹ۱۵۹؍رن  کے اسکور پر گنوایا تھا لیکن اس کے بعد روٹ اور فاکس نے چھٹے وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں۵۷؍ رن جوڑدیئے ۔  انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ۵؍چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۴؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور روٹ کے ساتھ ۵؍ویں وکٹ کیلئے ۹۰؍ رن کی شراکت کی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈکی ٹیم  جب تیسرے دن بلے بازی کیلئےاتری تو وہ ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۳۶؍ رن بناکرمضبوط پوزیشن میں تھی لیکن انگلینڈ کے تیز گیند بازوں نے نئی گیند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۴۹؍ رن کے اندر۶؍ وکٹ لئے اورکیویز کو۲۸۵؍رن پرروک دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK