Inquilab Logo

آج انگلش پریمیر لیگ کے ۲؍فٹبال پاور ہاؤس چیلسی اور مانچسٹر سٹی کا مقابلہ

Updated: September 25, 2021, 1:45 PM IST | Agency | London

چیلسی کے میدان پر دونوں ٹیموں کا میچ۔ چیلسی کلب ناقابل شکست مہم کو جاری رکھنا چاہے گا جبکہ سٹی کی ٹیم ٹیبل میں پوزیشن بہتر کرنا چاہے گی

Kevin De Bruyne. Picture:INN
سٹی کے کھلاڑی کیون ڈی برائن ۔ تصویر: آئی این این

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں ۲؍ مضبوط فٹبال کلبوںکا آمنا سامنا ہوگا۔ چیلسی کی ٹیم مانچسٹر سٹی کی میزبانی کرے گی اور کوشش کرے گی کہ وہ اس میچ میں بھی ناقابل شکست رہے۔ چیلسی کی ٹیم اس وقت پوائنٹ ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس کے ۵؍میچوں میں ۱۳؍پوائنٹس ہیں۔  سنیچر کی شام  ای پی ایل میں ایک دلچسپ میچ چیلسی اور سٹی کے درمیان متوقع ہے۔ دونوں کے پاس اسٹار کھلاڑیوں کی ایک فوج ہے اور یہ دونوں کلب ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زو ر لگادیں گے۔  ای پی ایل میں چیلسی نے اس سیزن میں اچھی شروعات کی ہے اور یویئفا چمپئن لیگ کا خطاب جیتنے کے بعد اس کے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں۔ تھامس ٹیوکیل کے نیا کوچ بننے کے بعد لندن کے فٹبال کلب میں زبردست بہتری آئی ہے اور وہ اپنے مضبوط حریف کو مات دینے کیلئے تیار ہے۔ ای پی ایل میں اب تک ہونے والے ۵؍میچو ں میں چیلسی کو ۴؍میں کامیابی ملی ہے اور اس کا ایک میچ ڈرا ہواہے اور وہ ٹیبل میں ٹاپ پر ہے۔  دوسری طرف مانچسٹر سٹی کی شروعات اچھی نہیں ہوئی تھی اور اسے پہلے میچ میں ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس نے اب تک لیگ کے ۵؍میچوں میں شرکت کی ہے اور اسے ۳؍ میں کامیابی ملی ہے۔ اس کا ایک میچ ڈرا ہواہے اور ایک میں اسے ہار ہوئی ہے۔ اس وقت سٹی کی ٹیم ٹیبل میں ۵؍ویں نمبرپر ہے اوراس کے ۱۰؍پوائنٹس ہیں۔ مانچسٹر سٹی کی ٹیم چیلسی کو اس کے ہی میدان پر شکست دے کر ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کرنا چاہے گی۔  جب سے ٹیوکیل نے چیلسی کی رہنمائی شروع کی ہے تب سے اسے سیزن میں ای پی ایل کا مضبوط دعویدار قرار دیا جارہا ہے۔ اس سیزن میں ناقابل شکست رہنے والے ۳؍ٹیموں میں سے ایک چیلسی کی ٹیم ہے ۔ دوسری طرف مانچسٹر سٹی نے اپنے نام کے مطابق آغاز نہیں کیاہے۔ بہرحال اس کے پاس بھی اچھے کھلاڑی ہیں اور وہ سیزن ختم ہونے سے قبل اپنی ٹیم کو فاتح بناسکتے ہیں۔ ا ن دونوں کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے۔  گزشتہ ۳؍میچوں میں چیلسی نے مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کو زبردست ٹکردی ہے۔ یہ تینوں میچ چیلسی نے جیتے ہیں اور سنیچر کو ہونے والا میچ چیلسی کے میدان اسٹیمفورڈ بریج پر ہوگا۔ دونوں کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو چیلسی نے ۷۱؍مرتبہ مانچسٹر کے کلب کو شکست دی ہے اور سٹی کی ٹیم نے ۵۹؍مرتبہ لندن کے کلب کو ہرا دیا ہے۔ اس سیزن میں دونوں کا دفاع مضبوط ہے اور سنیچر کے میچ میں شائقین کو دفاعی کھیل دیکھنے کو مل سکتاہے۔ یہ دونوں ٹیمیں اپنے اپنے اسٹار کھلاڑیوں کے ساتھ میدان پر ایک دوسرے کو مات دینے کی خاطر اتریں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK