Inquilab Logo

ای پی ایل ختم،لیورپول چمپئن ،یونائٹیڈ چمپئن لیگ کیلئے کوالیفائی، جیمی ٹاپ اسکورر

Updated: July 28, 2020, 11:51 AM IST | Agency | Mumbai

لیورپول کے ٹیبل میں ۹۹؍پوائنٹس رہے۔ یونائٹیڈ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ناروچ سٹی لیگ سے باہر۔ جیمی نے ۲۳؍گول کئے

Liverpool - Pic : PTI
لیورپول ٹیم ۔ تصویر : پی ٹی آئی

اتوارکی رات انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) کا ۲۰۔۲۰۱۹ء کے سیزن کا اختتام ہوگیا اور لیگ کی سبھی مضبوط اور بڑی ٹیموں نے اپنے  اپنے میچ جیت کر سیزن کا خاتمہ کردیا۔کورونا وائرس  کی وجہ سے یہ لیگ ۳؍ماہ تک معطل رہی تھی اور اس سیزن کو منسوخ کرنے کی آوازیں بھی بلند ہوئیں لیکن  احتیاطی تدابیر کے ساتھ اوراسٹیڈیم میں بغیر شائقین کے اس لیگ کا آغاز ہوا اور اتوار کو ۳۸؍ویں میچ راؤنڈ کے ساتھ ہی یہ لیگ نئے چمپئن کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ 
بڑی ٹیموں نے آخری میچ جیتا
 اتوار کی رات ہونے والے راؤنڈ میں سبھی بڑی ٹیموں نے کامیابی حاصل کی اور ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کی۔ نئے چمپئن لیورپول نے نیوکیسل کو  ایک۔۳؍ سے شکست دی۔ مانچسٹر سٹی نے ناروچ سٹی کو صفر۔۵؍ سے روند دیا۔ اس میچ میں کیون ڈی برائن نے ۲؍گول کئے۔ آرسنل نے جدوجہد کے بعد ویٹفورڈ فٹبال کلب کو ۲۔۳؍ سے شکست دینے میں کامیابی حاصل کی۔ مانچسٹر یونائٹیڈ نے لیسسٹر سٹی کو صفر۔۲؍ سے شکست دے کر ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کی۔ چیلسی نے والووس فٹبال کلب کو صفر۔۲؍ سےہرایا۔  
لیورپول کے ۹۹؍پوائنٹس ہوئے
 ای پی  ایل کے پوائنٹ ٹیبل میں لیورپول کے ۹۹؍پوائنٹس ہوئے اور وہ ٹاپ پر رہا۔ وہ مانچسٹر سٹی کے ۱۰۰؍پوائنٹس کی برابری کرنے سے ایک پوائنٹ پیچھے رہا۔ اس نے لیگ میں اچھی شروعات کی تھی لیکن اختتام میں اس کی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ اس نے ۳۲؍میچ جیتے، ۳؍میچ ڈرا رہے اور ۳؍میچ میں اسے شکست ہوئی۔ اس نے ۱۹۹۰ء کے بعد پہلی بار ای پی ایل کا خطاب اپنے نام کیا۔   
جیمی ورڈی ٹاپ اسکورر رہے 
 لیسسٹر سٹی فٹبال کلب کے اسٹار کھلاڑی جیمی ورڈی ای پی ایل کے اس سیزن میں ٹاپ  اسکورر رہے ۔ انہو ںنے لیگ میں ۲۳؍گول کئے اور ۵؍گول کرنے میں دیگر کھلاڑیوں کی مدد کی۔ انہوں نے آرسنل کلب کے پیئرے ایمرک اوبامیانگ کو پیچھے چھوڑا جنہو ںنے اس لیگ میں ۲۲؍گول کئے اور۳؍گول میں معاونت کی۔ تیسرے نمبرپر ساؤتھمپٹن فٹبال کلب کے ڈینی انگس رہے۔ انہو ںنے بھی ۲۲؍گول کئے اور ۲؍ گول کرنے میں معاونت کی۔  
مانچسٹر یونائٹیڈ چمپئن لیگ کیلئے کوالیفائی
 ای پی ایل سے اس سال بھی ٹاپ ۴؍ٹیمیں چمپئن لیگ کے اگلے سیزن کیلئے کوالیفائی ہوئیں جن میں لیورپول ، مانچسٹر سٹی ، مانچسٹر یونائٹیڈ اور چیلسی کا نام ہے۔ اس سےقبل لیسسٹر سٹی کے چمپئن لیگ میں کوالیفائی ہونے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی کیونکہ یہ ٹیم ٹاپ ۳؍ میں شامل تھی لیکن معطلی کے بعد سے لیگ کے آغاز ہی میں یہ ٹیم ناکام رہی اور اپنا آخری میچ یونائٹیڈ سے ہار جانے کے بعد وہ ۵؍ویں نمبرپر پہنچ گئی۔ لیسسٹر سٹی یوروپا لیگ کے اگلے سیزن کیلئے براہ راست کوالیفائی ہوگئی ہے جبکہ ٹوٹنہم ہاٹسپر فٹبال کلب یوروپا لیگ کا کوالیفکیشن راؤنڈ کھیلے گی۔ آرسنل فٹبال کلب ۸؍ویں نمبرپر رہا۔  
۳؍ٹیمیں لیگ سے باہر 
  ای پی ایل کے اس سیزن سے ٹیبل کے نچلے حصہ کی ۳؍ٹیمیں لیگ سے باہر ہوگئی ہیں۔ ایسٹن ولا کو لیورپول کو شکست دینے کا فائدہ ہوا اور وہ لیگ سے باہر ہونے سے محفوظ رہی۔ اے ایف سی بورن ماؤتھ ۳۴؍پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں ۱۸؍ویں نمبرپر رہی۔ ویٹفورڈ کی ٹیم ۳۴؍پوائنٹس  کے ٹیبل میں ۱۹؍ویں نمبرپررہی۔ ناروچ سٹی کو آخری میچ میں مانچسٹر سٹی سے شکست برداشت کرنی پڑی اور وہ لیگ میں سب سے آخری نمبر ۲۰؍پر رہی۔ اب یہ ٹیمیں انگلینڈ کی دوسرے درجہ کی لیگ میں کھیلیں گی اور ای پی ایل میں کوالیفائی کیلئے جدوجہد کریں گی۔    
کلوپ نے پہلی بار ای پی ایل خطاب جیتا
 لیورپول کلب نے ۳۰؍برس بعد انگلش پریمیرلیگ کی ٹرافی اٹھائی تھی ۔ ۱۹۹۰ء میں اس ٹیم نے ای پی ایل خطاب اپنے نام کیا تھا اور اس کے بعد سے یہ ٹیم جدوجہد کرتی رہی تھی لیکن اس کے منیجر یورگین کلوپ نے ایک اچھی ٹیم بنائی اور وہ جیتنے میں کامیاب رہی۔ کلوپ نے گزشتہ سال لیورپول کی جانب سے چمپئن لیگ کا خطاب جیتا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK