Inquilab Logo

یورو کپ:۵۵؍سال کا انتظار ختم،انگلینڈ فائنل میں داخل

Updated: July 09, 2021, 1:06 PM IST | Agency | London

اضافی وقت میں انگلینڈ نے ڈنمارک کو شکست دے کر مقابلہ ایک کے مقابلے ۲؍گول سے جیت لیا،فیصلہ کن گول ہیری کین نے پنالٹی پر کیا،فائنل میں اٹلی سے مقابلہ

 England captain Harry Kane scores the decisive goal against Denmark.Picture:INN
انگلینڈ کے کپتان ہیری کین ڈنمارک کے خلاف فیصلہ کن گول کرتے ہوئے۔۔تصویر :پی ٹی آئی

گزشتہ ۵۵؍سال میں پہلی بار کسی بڑے خطاب کا انتظار کر رہے انگلینڈ نے بدھ کی دیر رات کھیلے جانے والے یورو کپ مقابلے کے سیمی فائنل میں ڈنمارک کو ہراکر فائنل میں قدم رکھا۔اتوار کو فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ اٹلی سے ہوگا۔ ایک گول سے پچھڑنے  کےبعد شاندار واپسی کرتے ہوئے انگلینڈ نے ڈنمارک کے خلاف ایک کے مقابلے ۲؍گول سے کامیابی حاصل کر لی۔ اس جیت کے ہیرو کپتان ہیری کین رہے جنہوں نے کھیل کے ۱۰۴؍ویں منٹ میں پنالٹی بچا لئے جانے کے بعد ری باؤنڈ شاٹ پر گول کر دیا۔ انگلینڈ کو یہ اسپاٹ کک رہیم اسٹرلنگ کو پنالٹی ایریا میں گرائے جانے کی وجہ سے ملی تھی۔انگلینڈ کو فائنل تک پہنچنے کےلئے طویل سفر طے کرنا پڑا ہے اور اس ٹورنامنٹ کو جیت کر وہ اپنے مداحوں کو جشن منانے کا موقع فراہم کرسکتا ہے۔۱۹۶۶ء کے عالمی کپ کے بعد انگلینڈ کا یہ پہلا فائنل ہے۔گزشتہ ۵۵؍سال میں انگلینڈ نے ورلڈ کپ یا یورو کپ چمپئن شپ میں ۴؍بار سیمی فائنل میں قدم رکھا لیکن اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار کو اٹلی کے خلاف میچ جیت کر انگلینڈ تاریخ رقم کرسکتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ ۴؍ مرتبہ جب انگلینڈ نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی تو اسے ۱۹۹۰ء،۱۹۹۶ء اور ۲۰۱۸ء میں پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
 دوسری جانب ٹورنامنٹ کے پہلے ہی میچ میں کرسٹین ایرکسن کے میدان پر گرنے کے بعد ڈنمارک کے کھلاڑیوں نے ان کے لئے خطاب جیتنے کا نشانہ مقرر کیا تھا لیکن ان کی کوشش سیمی فائنل میں آکر رک گئی۔ڈنمارک کےلئےپہلے ہاف کی شروعات اچھی رہی ۔مہمان ٹیم کو فری کک ملی جس پر کھیل کے ۳۰؍ویں منٹ میں مکیل ڈینسگارڈ نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ایک صفر سے آگے کردیا۔کھیل کے ۳۹؍ویں منٹ میں ڈنمارک کے کپتان سمون کجیر کی غلطی کی وجہ سے انگلینڈ نے میچ میں واپسی کر لی۔انگلینڈ کے مڈ فیلڈر نے گیند ڈنمارک کے گول پوسٹ کے پاس رہیم اسٹرلنگ کی طرف بھیجی  لیکن کپتان سمون کیجر سے گیند لگ کر گول پوسٹ میں چلی گئی اور اس طرح سے انگلینڈ نے ایک ایک کی برابری حاصل کر لی۔اس کے بعد  ہیری کین نے کھیل کے ۱۰۴؍ویں منٹ میں ملنے والی پنالٹی پر گول کرکے میچ جیت لیا  حالانکہ ان کی پہلی کوشش کو ڈنمارک کے گول کیپر نے روک لیا تھا لیکن ہیری کین نے ری باؤنڈ پر گیند کو گول پوسٹ میں ڈال کر ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کردیا۔اب انگلینڈ کے مقابلہ فائنل میں اٹلی سے ہوگا۔
ڈنمار کے کوچ متنازع پنالٹی سے ناراض
  ڈنمارک کے کوچ کاسپر زلمنڈ نے کہاکہ انہیں سمجھ میں نہیں آیا کہ یورو فٹبال چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو آخری لمحات میں ان کی ٹیم کے خلاف کس بنیاد پر پنالٹی دی گئی۔اضافی وقت کے پہلے ہاف میں رحیم اسٹرلنگ ڈنمارک کے ڈیفینڈر مائلے سے گیند چھینتے وقت اپنا توازن کھو بیٹھے اور متھیاس یان سین کے چیلنج کا سامنا کرتےہوئے میدان پر گر پڑے۔اس کے بعد انگلینڈ کو پنالٹی دی گئی۔ ویڈو ریوو میں فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔ ہیری کین کی اسپاٹ کک بچا لی گئی، لیکن انہو ںنے ریباؤنڈ پر جیت کا گول داغ دیا۔ کوچ نے کہاکہ وہ پنالٹی نہیں تھی۔ میں اس فیصلے سے کافی ناراض ہوں۔  دریں اثناءانگلینڈ کے کوچ گیریتھ ساؤتھ گیٹ نے کہاکہ اس پر ویڈیو ریفرل لیاگیا تھا اور ظاہر ہے کہ جانچنے کے بعد ہی فیصلہ لیاگیا۔
اٹلی کے ایک ہزار مداحوں کو فائنل دیکھنے کی اجازت
 اطالوی فٹبال فیڈریشن نے اپنے ملک کے فٹبال مداحوں کےلئے خوشی خبر دی ہے۔فیڈریشن نے کہا ہے کہ اتوار کو ہونے والے یورو کپ کا فائنل میچ دیکھنے کےلئے ایک ہزار شائقین کو بھیجے گا اوربرطانیہ میں انہیں کوارینٹائن بھی نہیں کیا جائے گا۔فیڈریشن نے کہا ہے کہ شائقین میلان یا روم سے پرائیویٹ فلائٹ سے میچ دیکھنے کےلئے برطانیہ جا سکتے ہیں جہاں انہیں ۱۲؍گھنٹے کے بعد اٹلی لوٹنا ہوگا۔فیڈریشن نے کہا ہے کہ لندن جانے والے شائقین کو کووڈ ضابطوں پر عمل کرنا ہوگا۔اٹلی سے لندن جانے سے قبل انہیں کووڈ ٹیسٹ کرانا ہوگا اور لندن میں میچ دیکھنے کے بعد وطن لوٹنے سے قبل بھی انہیں کووڈ ٹیسٹ کرانا ہوگا اور اس کے ساتھ ہی انہیں اٹلی میں ۵؍دنوں کے کوارینٹائن سے بھی گزرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ فی الحال برطانیہ اور آئر لینڈ میں مقیم اطالوی شہری ہی میچ دیکھ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK