Inquilab Logo

یوروکپ : بلجیم کی ٹیم کو رو س کے سامنے اسٹار کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی

Updated: June 12, 2021, 12:35 PM IST | Agency | Belgium

کیون ڈی برائن اور ایڈین ہیزارڈ کے کھیلنے کے تعلق سے تشویش۔ڈی برائن کی ناک فریکچر ہے۔ روس بھی فتح کے ساتھ آغاز کرنا چاہے گا

Belgian players are seen in practice preparing for the match against RussiaPicture:INN
بلجیم کے کھلاڑی پریکٹس کے دوران نظر آرہے ہیں جو روس کےخلاف مقابلے کی تیاری کررہے ہیں۔تصویر :آئی این این

بلجیم جیسی مضبوط ٹیم کو یوروکپ ۲۰۲۰ء کے اپنے افتتاحی میچ میں اسٹار کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی۔ بلجیم کی ٹیم اپنی مہم کاآغاز روس کے خلاف کرے گی اور یہ میچ سنیچر اوراتوار کی درمیانی شب ساڑھے ۱۲؍بج  کھیلا  جائے گا۔اس وقت بلجیم کے سبھی کھلاڑیوں نے یورپ کی لیگز میں اچھا مظاہرہ کیا تھا۔  بلجیم کے اسٹار کیون ڈی برائن اور ایڈین ہیزارڈ روس کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ اس وقت یہ دونوں زخمی ہیں ۔ ۲۰۱۸ء کے ورلڈ کپ میں ان دونوں کھلاڑیوں نے زبردست مظاہرہ کیا تھا اور اس کی وجہ سے بلجیم کی خطاب کی امید زندہ تھی لیکن فرانس نے اس کی امیدوں پر پھیر دیا تھا جوبعد میں چمپئن بناتھا۔
 آج سے ۳؍سال قبل دنیا کی ٹاپ رینک ٹیم نے ورلڈ کپ میں سینٹ پیٹرسبرگ کے مقام  پرزبردست کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا لیکن اس وقت اس کے ۲؍ اٹیکنگ مڈ فیلڈرس انجرڈ ہیں اور بلجیم کے کوچ رابرٹو مارٹینیز کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔مانچسٹر سٹی کیلئے کھیلنے والے کیون  ڈی برائن  چمپئن لیگ کے فائنل میں چیلسی کے خلاف زخمی ہوگئے تھے اور ان کی ناک فریکچر ہوگئی تھی۔ ان کی ناک کا معمولی آپریشن ہونا ہے اور اس کے بعد وہ بلجیم کے دوسرے میچ میں شامل ہوجائیں گے جوکہ ۱۷؍جون کو کوپین  ہیگن میں ڈنمارک کے خلاف ہونےوالا ہے۔ ممکن ہے کہ وہ فیس ماسک پہن کر میدان پر کھیلتے ہوئے نظرآئیں۔ دوسری طرف ایڈین ہیزارڈ کیلئے کلب فٹبال کا یہ سیزن اچھا نہیں تھا اور وہ اکثر وقت بینچ پر  ہی رہے۔ میدان پر انہیں مسلسل متبادل کھلاڑی کی حیثیت  سے موقع ملا۔ ایسے امکانات ہیں کہ وہ روس کے خلاف بھی بینچ پر ہی رہیں گے۔ دوسری طرف یوروکپ ۲۰۲۰ء کے وارم اپ میچ میں بھی وہ متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے شامل تھے۔  ان دونوں کی غیرموجودگی میں بلجیم کیلئے اچھا کھیلنے کی ذمہ داری رومیلو لوکاکو کی رہے گی جنہوں نے اس بار سیزن میں اچھا فٹبال کھیلا ہے اور اپنی ٹیم انٹر میلان کو چمپئن بنایاہے۔ ان کے علاوہ تھیبوٹ کورٹیئس بھی ٹیم کے اچھے گول کیپر ہیں اور وہ بھی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ دوسری طرف روس کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہے گی اور بلجیم کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فتح حاصل کرنا چاہے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK