Inquilab Logo

یوروکپ: رونالڈو گول کرنے میں ناکام، پرتگال کا سفر ختم

Updated: June 29, 2021, 11:47 AM IST | Agency | Sevilla

راؤنڈ ۱۶؍ میں بلجیم کے ہاتھوں صفر۔ایک سے شکست۔ ہیزارڈ نے فاتحانہ گول کیا۔ بلجیم کا کوارٹر فائنل میں اٹلی سے مقابلہ

Belgian player Thorgen Hazard expresses his happiness after scoring a goal.Picture:INN
بلجیم کے کھلاڑی تھورگن ہیزارڈ (سرخ جرسی میں سب سے آگے)گول کرنے کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔تصویر :آئی این این

: بلجیم  نے سپر اسٹار اسٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو کو ایک سرے سے گھیر لیا اور دوسرے سرے پر جارحانہ انداز اختیار کیا  اور یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں داخل ہوگیا۔  بلجیم نے دفاعی چمپئن پرتگال کو صفر۔ ایک سے شکست دے کر کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ اس شکست کے بعد رونالڈو کی ٹیم کا یوروکپ میں سفرختم ہوگیا۔ اس کے ساتھ ہی رونالڈو کو عالمی ٹاپ اسکورر بننے کیلئے اب مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ خیال رہے کہ  یوروکپ کے کوارٹر فائنل میں بلجیم کا مقابلہ اٹلی سے ہوگا۔  اتوارکی دیررات  کھیلے جانےوالے میچ میں عالمی نمبر ایک کی درجہ بندی  والی ٹیم بلجیم نے کرسٹیانو رونالڈو کو گول کرنےکا موقع نہیں دیا  جس پر پرتگال کی جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا۔ آخری  سیٹی بجائے جانے پر   رونالڈو کی مایوسی واضح ہوگئی۔ انہوں نے کپتان کا آرم بینڈ نیچے پھینک دیا۔۳۶؍ سالہ رونالڈو کے ساتھ ۳۸؍ سالہ دفاعی کھلاڑی پے پے بھی بہت مایوس تھے۔ یہ ان دونوں کے لئے آخری یورو کپ ہوسکتا ہے۔ دونوں کھلاڑی۲۰۲۴ء  میں اگلے ٹورنامنٹ تک انٹرنیشنل فٹبال سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ میچ کے بعدبلجیم کے رومیلو لوکاکو اور کیون ڈی برائن  رونالڈو سے ملنے آئے اور لوکاکو نے رونالڈو کو گلے لگایا اور ان سے دیر تک بات کی۔
 پرتگال کی ٹیم کو پورے میچ میں کوئی موقع  نہیں ملا اور ٹیم گول کرنے کے معاملے میں رونالڈو پر منحصر ہے اور رونالڈو کے خلاف اسے گول کرنے سے روکنے کی حکمت عملی بلجیم  کے لئے کارآمد ثابت ہوئی۔ اسی دوران بلجیم کے فرنٹ لائن کھلاڑی کیون ڈی برائن  ، ایڈین ہیزارڈ اور رومیلو لوکاکو بھی کشمکش  میں رہے لیکن تھورگن ہیزارڈ۴۲؍ ویں منٹ میں گول کرنے میں کامیاب رہے جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔ بلجیم کو دوسرے ہاف کا بیشتر حصہ ڈی برائن  کے بغیر کھیلنا پڑا۔مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے ڈی برائن  کے ٹخنوں  میں چوٹ لگ گئی تھی ۔فرسٹ ہاف میں بلجیم صفر۔ ایک  سے آگے تھا۔  دوسرے ہاف میں پرتگال  نے واپسی کی کوشش کی  اور کئی مواقع بنائے لیکن گول اسکور نہ ہوسکا۔ روبین ڈیاس کے ہیڈر کو بلجیم  کے گول کیپر تھیبوٹ کورٹیئس نے روک دیا۔ اسی دوران ، رافیل گریرو کی طرف سے ایک شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا گیا۔ یہ وہ دو مواقع تھے جہاں پرتگال گول کر سکتا تھا لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ جمعہ کو بلجیم کا اگلا مقابلہ میونخ میں اٹلی سے ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK