Inquilab Logo

یوروکپ : وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور بلجیم نے جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کرلی

Updated: June 08, 2021, 1:44 PM IST | Agency | London

انگلینڈ نے رومانیا کو صفر۔ ایک سے شکست دی۔ انگلینڈ کی ٹیم میں آرنالڈ کی جگہ وہائٹ شامل ۔بلجیم نے کروشیا کو صفر۔ایک سے مات دی

Picture of the match between England and Romania. Picture:INN
انگلینڈ اور رومانیا کے درمیان ہونے والے میچ کی تصویر ۔تصویر :آئی این این

 انگلینڈ کی ٹیم نے یوروپ کپ سے پہلے ہونے والے وارم اپ میچ میں رومانیا کو صفر۔ ایک سے شکست دے دی۔ اسی دوران زخمی ہونےوالے الیگزینڈر آرنالڈ کی جگہ ٹیم میں بین وہائٹ کو شا مل کیا گیاہے۔ دیگر ایک میچ میں بلجیم نے بھی کروشیا کو صفر۔ ایک سے شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی۔  اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیا لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی اورمیچ میں جو ایک گول ہواوہ بھی پنالٹی پر ہوا۔ مانچسٹر یونائٹیڈفٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے مارکس رشفورڈ نے میچ کے دوسرے ہاف میں پنالٹی کو گول میں تبدیل کردیا۔ ۶۸؍ویں منٹ میں ہونے والے گول کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم کو کامیابی ملی ۔ حالانکہ  اس کے بعد ایک اور پنالٹی ملی تھی لیکن ہینڈرسن نے اسے ضائع کردیا جس کی وجہ سے اسکور صفر۔ ایک رہا اور انگلینڈ نے یہ میچ جیت لیا۔  اس میچ کیلئے انگلینڈ کے منیجر گیریتھ ساؤتھ گیٹ نے تجربہ کے طورپر نوجوان کھلاڑیوں کو  بھی موقع دیا تھا۔ دوسری طرف پیر کو انگلینڈ نے اپنے اسکواڈ میں بین وہائٹ کوشامل کرلیا۔ وہ لیورپول فٹبال کلب کی جانب سے کھیلنے والے الیگزینڈر آرنالڈ کی جگہ لیں گے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ کو یوروکپ کے گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے۔ ۱۳؍ جون ۲۰۲۱ء کو اس کا پہلا مقابلہ کروشیا سے ہوگا۔ اس کے بعد ۱۸؍جون کو اسکاٹ لینڈسے مقابلہ ہوگا۔ ۲۲؍جون کو چیک جمہوریہ کی ٹیم سے انگلینڈ مقابلہ کرے گی۔ 
 اتوار کی دیر رات ہونےوالے ایک اور میچ میں بلجیم نے کروشیا جیسی مضبوط ٹیم کو شکست دی۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے زبردست مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملی لیکن کامیابی بلجیم کے حصہ میں آئی۔ یورپ کی دونوں مضبوط ٹیموں کا حملہ اور دفاع دونوں مضبوط تھا۔ بلجیم کی جانب سے انٹر میلان فٹبال کلب کیلئے کھیلنے والے رومیلو لوکاکو نے ایک گول کیا۔ انہوں نے ۳۸؍ویں منٹ میں ایک گول کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا۔ اس میچ میں ریئل میڈرڈ کیلئے کھیلنے والے ایڈین ہیزارڈ بھی میدان پر نظرآئے۔حالانکہ وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔یوروکپ کے گروپ ڈی میں کروشیا ہے۔ بلجیم کی ٹیم کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے اوراس کے ساتھ ڈنمارک ، روس اور فن لینڈ دیگر ٹیمیں ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK