Inquilab Logo

یوروکپ میں آج یورپ کے ۲؍روایتی حریف انگلینڈ اور جرمنی کا آمنا سامنا

Updated: June 29, 2021, 12:59 PM IST | Agency

یوروکپ کے راؤنڈ ۱۶؍ میں انگلینڈ اور جرمنی کا ویمبلی میں مقابلہ۔ دونوں ٹیموں میں زبردست ٹکر متوقع۔ جرمنی اور انگلینڈ میں روایتی حریفائی ہے

England  Players seem to be busy preparing for the match.Picture:INN
انگلینڈ کے کھلاڑی میچ کی تیاری میں مصروف نظر آرہے ہیں۔تصویر :آئی این این

انگلینڈ اور جرمنی یورپ کے ۲؍ایسے حریف ہیں جن کا مقابلہ دیکھنے کیلئے سبھی بے قرار رہتے ہیں اور منگل کی دیر رات یہ ٹیمیں یوروکپ کے راؤنڈ ۱۶؍ کے میچ میں ایک دوسرے کے مقابل ہوں گی۔  ۱۹۶۶ء کے ورلڈ کپ کے فائنل میں  انگلینڈ کے ہاتھوں جرمنی کو وہ شکست اب بھی یاد ہوگی جو آج بھی متنازع قرار دی جاتی ہے۔ اس وقت یہ میچ ویمبلی میں کھیلا گیا تھا اور منگل کی رات بھی یہ دونوں ٹیمیں ویمبلی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ اس کے علاوہ ۱۹۹۶ء کے یورو کپ میں بھی یہ دونوں ٹیمیں ویمبلی میں آمنے سامنے تھیں اور پنالٹی شوٹ آؤٹ میںجرمنی نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس وقت گیریتھ ساؤتھ گیٹ نے ایک پنالٹی کک ضائع کردی تھی ۔ اس بار وہ انگلینڈ کی ٹیم کے کوچ ہیں اور وہ چاہیں گے کہ اس ہار کی تلافی کریں ۔ راؤنڈ ۱۶؍ کے اہم مقابلوں میں سے یہ بھی ایک اہم مقابلہ ہوگا جس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کومات دینے کیلئے زور لگائیں گی۔ انگلینڈ نے لیگ راؤنڈ میں آسانی سے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا تھا جبکہ جرمنی کو ہنگری کیساتھ آخری مقابلے تک انتظار کرنا پڑا تھا۔ ۲۰۱۰ء کے بعد یہ دونوں ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور شائقین کو تجسس ہوگا کہ کون سی ٹیم کوارٹر فائنل میں قدم  رکھے گی۔ 
 چند مبصرین کا کہنا ہے کہ انگلینڈ آسانی سے کوارٹر فائنل میں داخل ہوجائے گا کیونکہ اس نے ٹورنامنٹ کے آغاز میں کروشیا جیسی مضبوط ٹیم  اور چیک جمہوریہ کو شکست دی تھی۔ساؤتھ گیٹ کی ٹیم کو یوروکپ ۲۰۲۰ء کی  ٹیموں کی اچھی ٹیموں میں سے ایک قراردیا جارہا ہے جس میں حملے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے۔ لیکن پچھلے میچوں کا جائزہ لینے کے  بعد کہا جارہا ہے کہ اس کا دفاع بھی مضبوط ہے کیونکہ ٹورنامنٹ میں اس نے ایک بھی گول نہیں کھایا ہے۔ نومبر میں بلجیم سے ہار نے کے بعد انگلینڈ نے ۹؍میچ میں کھیلے ہیں اور وہ ان میں ناقابل شکست رہا ہے۔ اس میں کوئی شکست نہیں ہے کہ جرمنی کی ٹیم کے سامنے اس کی سخت آزمائش ہوگی۔ 
 جرمنی کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے اور اسے اوپننگ میچ میں ورلڈ چمپئن فرانس کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ حالانکہ اگلے میچ میں اس نے  پرتگال کو ۲۔۴؍ سے ہرا دیا لیکن اس میں ۲؍گول حریف ٹیم نے کئے تھے۔ لیگ کے آخری میچ میں اس نے ہنگری کے ساتھ ڈرا کھیلا تھا۔ اس لئے انگلینڈکے سامنے جرمنی کے کھلاڑیوں کو اچھا مقابلہ کرنا ہوگا۔ دونوں کی تاریخ زبردست رہی ہے اور دونوں نے بڑے ٹورنامنٹ میں ایک دوسرےپر سبقت لےجانےکی کوشش کی ہے۔ جرمنی کے کوچ جواخم لیو اپنی ٹیم سے بہتر کارکردگی کی توقع کررہے ہیں کیونکہ وہ جلد ہی اس عہدے سے علاحدہ ہو جائیں گے اوریہ ٹورنامنٹ ان کیلئے بہت اہم ہے۔ ٹیم ان کیلئے اچھا کھیلنا چاہے گی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK