Inquilab Logo

فرگیوسن کی شاندار گیندبازی ، نیوزی لینڈ نے ونڈیز کو ۵؍ وکٹ سے شکست دی

Updated: November 28, 2020, 3:18 AM IST | Auckland

سیریز کے پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں فرگیوسن نے ونڈیز کے ۵؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کیرون پولارڈ کی نصف سنچری رائیگاں ۔ بارش سے کھیل متاثر۔

Kiwi team. Photo: INN
کیوی ٹیم۔ تصویر: آئی این این

تیزگیندباز لوکی فرگیوسن (۴؍ اوور میں ۲۱؍رن پر۵؍ وکٹ) کی خطرناک گیندبازی اور جیمس نیشام (ناٹ آؤٹ ۴۸؍ رن) کی بہترین اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو بارش سے متاثرہ پہلے ٹی ۲۰؍ مقابلے میں جمعہ کو ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت ۵؍ وکٹ سے شکست دے کر ۳؍ میچوں کی سیریز میں صفر۔ایک کی سبقت حاصل کرلی۔ میچ میں بارش کے سبب شروعات کے اوور متاثر ہوئے اور دونوں ٹیموں کے لئے محدود اوورس کی تعداد۱۶۱۔۶؍ کردی گئی۔ ویسٹ انڈیز نے۱۶؍ اوورس میں ۷؍ وکٹوں پر۱۸۰؍ رن کا مضبوط اسکور بنایا۔ لیکن نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت ۱۷۶؍ رن کا نظرثانی ہدف ملا اور نیوزی لینڈ نے ۱۵ء۲؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر۱۷۹؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ فرگیوسن کو شاندار گیندبازی کے لئے مین آف دی میچ منتخب کیا گیا۔
 اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی رہی اور دونوں سلامی بلے بازوں نے پہلے وکٹ کے لئے۵۸؍رن کی شراکت قائم کی تاہم ویسٹ انڈیز کا مڈل آرڈر پوری طرح لڑکھڑا گیا اور اس کے ۴؍ وکٹ صرف ایک رن پر گر گئے۔
 اس کے بعد کیرون پولارڈ نے ٹیم کی بلے بازی کو ایک سرے سے سنبھالا اور ٹیم کو ایک مضبوط ہدف تک پہنچایا ۔ پولارڈ نے۳۷؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور۸؍ چھکوں کی مدد سے۷۵؍ رن کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو مضبوط اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ویسٹ انڈیز کی اننگز میں ، آندرے فلیچر نے ۳۴؍رن، فیبین ایلن نے۳۰؍رن اور برینڈن کنگ نے۱۳؍ رن کا تعاون دیا ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگیوسن کی ۵؍ وکٹوں کے علاوہ ، ٹم ساؤدی نے ۳؍ اوورس میں ۲۲؍ رن پر ۲؍ وکٹ لینےمیں کامیابی حاصل کی۔
 ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے نیشام نے ۲۴؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ۴۸؍ رن اور کانوے نے۲۹؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۱؍رن بنائے جبکہ اسپنر مشیل سینٹنر نے۱۸؍ گیندوں میں ۳؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۱؍ رن بنائے۔نیوزی لینڈ کی اننگز میں گلین فلپس نے۲۲ ؍رن ، وکٹ کیپر بلے باز ٹم سیفرٹ نے۱۷؍رن اور مارٹن گپٹل نے ۵؍ رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے اوشانے تھامس نے ۳؍ اوورس میں ۲۳؍رن دے کر۲؍ وکٹ ، شیلڈن کوٹریل نے ۴؍ اوورس میں ۳۰؍ رن دے کر ایک وکٹ اور کیرون پولارڈ نے۳ء۱؍ اوورس میں ۱۶؍ رن پر ایک وکٹ لیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK