Inquilab Logo

ای پی ایل میں آج چیلسی اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے درمیان زبردست حریفائی

Updated: November 28, 2021, 6:59 AM IST | London

چیلسی کی ٹیم اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھنا چاہے گی۔ یونائٹیڈ کی ٹیم ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کرنے کیلئے کوشاں۔ رونالڈو سے اچھے کھیل کی امید

Cristiano Ronaldo.Picture:INN
کرسٹیانو رونالڈو تصویر آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل )میں اتوارکو ۲؍مضبوط فٹبال کلب چیلسی اور مانچسٹر  یونائٹیڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا اور دونوں ایک دوسرے پر سبقت لےجانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادیں گے۔ اس وقت لیگ میں یونائٹیڈ کی ٹیم جدوجہد کر رہی ہے اور اس کی وجہ سے ہی اولے گنرسولشائر کو منیجر کے عہدے سے برخاست کردیا گیا ہے۔ اس وقت یونائٹیڈ کے عبوری منیجر مائیکل کیریک ہیں جن کی نگرانی میں یونائٹیڈ نے چمپئن لیگ کا میچ جیت لیا تھا۔ 
 مانچسٹر یونائٹیڈ اس وقت ٹیبل میں  ۸؍ویں نمبر پر ہے اور اس کے منیجر سولشائر کو پچھلے میچ میں ویٹفورڈ فٹبال کلب  کے ہاتھوں شکست کے بعد باہر کا راستہ دکھا دیا گیا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے ٹیم بہت ہی کمزور کارکردگی کامظاہرہ کررہی تھی۔ 
 دوسری طرف منیجر تھامس ٹیوکیل کی رہنمائی میں  چیلسی کی ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور چند ہفتوں سے ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ ٹیوکیل نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی ہے اور وہ مسلسل اچھا کھیل رہی ہے۔ اس وہ وقت ا ی پی ایل کے ٹیبل میں سرفہرست ہے اور اس نے گزشتہ ہفتے چمپئن لیگ کے میچ میں اٹلی کے فٹبال کلب یووینٹس کو شکست دی ہے۔لیگ کی تاریخ پر نظرڈالیں تو چیلسی کے مقابلے یونائٹیڈ کا ریکارڈ اچھا ہے۔ ان دونوں کے درمیان ۱۸۹؍میچ ہوئے ہیں اور ان میں سے یونائٹیڈ نے ۸۱؍میچ جیتے ہیں۔ دوسری طرف چیلسی فٹبال کلب نے ۵۵؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ چیلسی کی ٹیم نے یونائٹیڈ کیخلاف گزشتہ ۷؍میچوں میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے اوریہ میچ میں وہ اپنے اس ریکارڈ کو توڑنے کیلئے تیار ہوگی۔   
 پریمیر لیگ کے گزشتہ ۴؍میچوںمیں یونائٹیڈ نے چیلسی کے خلاف کوئی گول نہیں کھایا ہے۔  چیلسی اور یونائٹیڈ کا یہ میچ اسٹیمفورڈ بریج میں ہورہا ہے اور اس میدان پر اس نے گزشتہ ۴؍میچوں میں سے ۳؍  میں فتح پائی ہے اور ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔ مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب لندن میں کھیلنے والے۱۱؍اوے میچو ںمیں ناقابل شکست رہا ہے۔ 
 چیلسی کی ٹیم نے تھامس ٹیوکیل کی نگرانی میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے اور گزشتہ سیزن میں اس نے یوئیفا چمپئن لیگ کا خطاب بھی جیتا تھا۔ چیلسی کی کوشش ہوگی کہ وہ اس سیزن میں لیگ کا خطاب جیت کر ٹیوکیل کی تعریف میں چار چاند لگا دے۔ دوسری طرف مانچسٹر یونائٹیڈمیں کرسٹیانو رونالڈو جیسا اسٹار ہے اس کے باوجود یہ ٹیم لیگ میں جدوجہد کرتی ہوئی نظرآرہی ہے۔ چیلسی کے خلاف ٹیم کو رونالڈو سے بہتر کارکردگی کی امید ہوگی۔ اس سیزن میں چیلسی کی ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش کی ہے اور امید ہے کہ دونوں کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔ 

football Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK