Inquilab Logo

فیفا ورلڈ کپ میںپہلی بار ۵؍متبادل کھلاڑیوں کی سہولت

Updated: June 17, 2022, 1:36 PM IST | Agency | London

فیفا کے نئے ضابطہ کے مطابق اب فٹبال ٹیم میں ۲۳؍کے بجائے۲۶؍کھلاڑیوں کو شامل کیا جا سکےگا

 Now 5 alternate players can be fielded during the football match.Picture:INN
اب فٹبال میچ کے دوران ۵؍متبادل کھلاڑیوں کو میدان پر اتارا جا سکےگا۔ تصویر: آئی این این

:قطر میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں ۵؍سبسٹی ٹیوٹ (متبادل) کھلاڑی اور  ٹیم میں زیادہ کھلاڑی نظر آئےگے۔ فٹبال کیلئے  ضوابط وضع کرنے والی انٹرنیشنل فٹبال اسوسی ایشن بورڈ نے ورلڈ کپ سے محض۵؍مہینے پہلےضابطوں میں تبدیلی کی ہے۔اب میچ میں ٹیموں کے پاس کئی متبادل ہوںگے۔پہلے کوچ ایک میچ میں زیادہ سے زیادہ ۳؍متبادل کھلاڑیوں کا استعمال کر سکتا تھا لیکن  اب پہلی بار میچ کے دوران ۵؍کھلاڑیوں کو سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر میدان پر اتارا جا سکےگا۔ واضح رہے کہ کورونا کی وباء کے سبب پہلے ہی عارضی طور پر متبادل کھلاڑیوں کی تعداد ۳؍سے بڑھاکر ۵؍کی گئی تھی لیکن اب اسے مستقل کرنے کا  فیصلہ کیا گیا ہے۔اب یہ ضابطہ دنیا بھر کی گھریلو لیگ اور چمپئن لیگ میں نافذ کیا جائےگا۔اس کے علاوہ فیفا نے ٹورنامنٹ کےلئے ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعداد بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے ٹیم میں ۲۳؍کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاتا تھا لیکن اب اس میں مزید ۳؍کھلاڑیوں کی گنجائش بڑھاکر ۲۶؍کر دی گئی ہے۔ یاد رہے کہ یہ لگاتار تیسرا فیفا ورلڈ کپ ہے جس سے پہلے ضابطوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ ۲۰۱۴ء کے برازیل میں منعقدہ عالمی کپ میں گول لائن ٹیکنالوجی کی شروع کی گئی تھی وہیں ۲۰۱۸ء میں منعقدہ ورلڈ کپ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریویو(وار) کو شامل کیا گیا تھا۔
تبدیلی کا استقبال کیا گیا
 انگلش فٹبال کلب چیلسی کے کوچ تھامس ٹوفل نے اس تبدیلی کو شاندار بتایا۔قطر میں جون اور جولائی میں کافی گرمی ہوتی ہے اس لئے اس بار فیفا ورلڈ کپ سردی کے مہینے نومبر اور دسمبر میں ہوگا۔اس کامطلب ہے کہ عالمی کپ فٹبال سیزن کے درمیان ہوگا۔اس سے کھلاڑیوں پر زیادہ دباؤ پڑےگا کیوںکہ کھلاڑی کلب ٹیموں کے علاوہ اپنے اپنے ملک کی ٹیموں کیلئے بھی کھیلتے ہیں۔ان تبدیلیوں سے یہ فائدہ ہوگا کہ اگر ٹیم میں کوئی کھلاڑی کورونا سے متاثر ہوتا ہے تو کوچ کے پاس زیادہ متبادل موجود ہوںگے۔کوچ کھلاڑیوں پر سے بوجھ بھی کم کر سکیںگے۔ٹیم میں زیادہ کھلاڑیوں کو شامل کرنے اور میچ کے دوران ۳؍ کے بجائے ۵؍کھلاڑیوں کو متبادل کے طور پر اتارنے کی اجازت ملنے سے کھلاڑیوں کو روٹیشن کی بنیاد پر استعمال کرکے انہیں آرام دیا جاسکےگا۔ اس سے کھلاڑی تازہ دم بھی رہیںگے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK