Inquilab Logo

فیفا ورلڈ کپ :دفاعی چمپئن فرانس کوارٹر فائنل میں داخل

Updated: December 06, 2022, 12:25 PM IST | Doha

فرنچ ٹیم نے پولینڈ کو۱۔۳؍ گول سے روند کر آخری ۸؍ میں جگہ بنائی۔ کائلیان ایمباپے کے ۲؍ اور جیرو کا ایک گول

FIFA WORLD CUP
فیفا ورلڈ کپ

  دفاعی چمپئن فرانس نے کائلیان ایمباپے کے ۲؍ اور اولیورجیرو کے ایک گول کی بدولت فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے کیونکہ اس نے اتوار کی رات کو یہاں اپنے راؤنڈ آف۱۶؍ کے میچ میں پولینڈ کو۱۔۳؍ گول سے شکست دی۔ جیرو نے۴۴؍ویں اور ایمباپے نے۷۴؍ویں اور ۹۰+۱؍ منٹ میں گول کیا۔ پولینڈکیلئے تسلی کا گول اس کے کرشماتی اسٹرائیکر رابرٹ لیوانڈوسکی (۹۰+۹؍ ویں منٹ) نے پنالٹی پر کیا۔
 پہلے ہاف کے فوراً بعد اسٹار فارورڈ اولیور جیرو فرانس کیلئے سب سے زیادہ گول اسکورر بن گئے جب انہوں نے۴۴؍ویں منٹ میں گول کرکے تھیری ہنری (۱۲۳؍ میچوں میں ۵۱؍گول) کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ۳۶؍سالہ جیرو نے۱۱۷؍ میچوں میں۵۲؍ گول کئے ہیں۔ انہوں  نے ہینری کو اپنے گروپ ڈی کے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کیخلاف۱۔۴؍گول سے جیت کر اسکوربرابرکر دیا۔ ایمباپے نے گیند کو باکس کے اندر جیرو کو دے دیا، جنہوں  نے شاندار بائیں پیر سے کک مار کر فرانس کو۰۔۱؍گول سے آگے کر دیا۔ کوچ ڈیڈائر ڈیس چیمپس کو جشن مناتے ہوئے  دیکھا گیا۔ پولینڈنے میچ کے دوران کئی مواقع بنائے اس کے باوجود ٹیم کی بدقسمتی تھی کہ یہ نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے۔
 گروپ ڈی میں سرفہرست رہنے والی فرانس نے میچ کے پہلے۱۵؍منٹ میں گول کرنے کی ۳؍ اچھی کوششیں کیں، ان میں سے  ایک۱۳؍ویں منٹ آریلین چومینی نے  گول کی جانب  شاٹ لگایا تھا  جسے پولینڈکے گول کیپرووزشیاک شیزینی  نے بچایا اور اچھا دفاع کیا۔پولینڈکے تجربہ کاراور بہترین اسٹرائیکرس میں سے ایک لیوانڈوسکی  نےفرانس کے ہاف میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ فرانس کو۲۷؍ ویں منٹ میں ایک بہترین موقع ملا جب بارسلونا کے ونگر عثمان دیمبیلے نے جیرو کو کراس پہنچادیا لیکن وہ جال نہ تلاش کر سکے۔ پولینڈ کے کھلاڑی ایمباپے کو روکنے کی ہر ممکن کوشش میں مصروف تھے۔ چومینی کو اس دوران فرینکوسکی کو فاؤل کرنے پر پیلا کارڈ بھی دکھایا گیا اور پولینڈ کو فری کک ملی جو بے سود گئی۔
 فرانس کے گول کیپر ہیوگو لوریس نے ٹیم کیلئے ریکارڈ۱۴۲؍ ویں میچ میں شرکت کرکے  لیلین تھورام کی سب سے زیادہ میچ  کھیلنے کے ریکارڈ کی  برابری کرلی۔ انہوں نے۳۸؍ویں منٹ میں پولینڈ کے پیوٹرزیلینسکی کے شاٹس کو روک دیا۔ دوسرے ہاف میں پولینڈکے باتوس بیریزنسکی کو عثمان  دیمبیلے کو فاؤل کرنے پر پیلا کارڈ دکھایا گیا اور فرانس کو فری کک دی گئی۔ پولش گول کیپر نے فری کک سے انٹوئن گریزمین کے طاقتور شاٹ کوچھلانگ لگاتے ہوئے بچالیا۔ اس دوران ایمباپے کو موقع ملا لیکن ان کا شاٹ وسیع ہو گیا۔جیروڈ کو۶۶؍ویں منٹ میں برتری کو دُگنا کرنے کا موقع ملا جب انہوں نے پوسٹ کے قریب کونڈے کے کراس پاس  کوجال کے اندر پہنچا دیا۔ پولش کھلاڑی فرانسیسی ہاف میں تھے اور پھر جوابی حملے میں فرانسیسی کھلاڑیوں نے گیند کا رخ بدل دیا۔
  جیرو نے دیمبیلے کو پاس دیا اور انہوں نے  اسے ایمباپے کو بڑھا دیا۔ ایمباپے نے پولش باکس میں ایک طاقتور دائیں پیروالی کک چلائی اور پولش گول کیپر کچھ نہ کر سکے۔ اس طرح ایمباپے  ورلڈ کپ میں ۸؍گول کرنے والے۲۴؍ سال سے کم عمر کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ اس طرح انہوں نے۲۴؍ سال مکمل ہونے سے پہلے ہی پیلے کے ۷؍گول کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے بعدایمباپے نے ایک اور جادو دکھایا اور میچ میں اپنا دوسرا گول کیا۔ تھرم کے پاس نے ورلڈ کپ میں ان کے گول کی تعداد ۹؍ کر دی۔ پولینڈ ۳۶؍ برسوں میں پہلی بار ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچا۔ ۹۹؍ ویں منٹ میں `ہینڈ بال  ہینڈ بال پولینڈ کو پنالٹی ملی  اور اس نے گول کردیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK