Inquilab Logo

فیفا ورلڈ کپ: انگلینڈ ،ویلز کو روند کرراؤنڈ ۱۶؍ میں داخل

Updated: December 01, 2022, 12:11 PM IST | Al Rayyan

انگلینڈ نے گروپ مرحلے میں ویلز کو صفر۔۳؍گول سے شکست دی۔ رشفورڈ اور فل فوڈین نے ٹیم کیلئے گول کیا۔امریکہ نے ایران کو شکست دے دی

England`s Marcus Rashford (kicking in white jersey) scores against Wales photo:INN
انگلینڈ کےمارکس رشفورڈ(سفید جرسی میں کک لگاتے ہوئے)ویلزکےخلاف گول کرتے ہوئے; تصویر: آئی این این

  انگلینڈ نے اپنے گروپ بی کے میچ میں اپنے پڑوسی ملک ویلز صفر۔۳؍کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کے سپر۱۶؍ مرحلے میں جگہ بنا لی ہے۔منگل کو احمد بن علی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے  میچ میں انگلینڈ کی جانب سے مارکس رشفورڈ (۵۰؍ویں، ۶۸؍ویں منٹ) نے ۲؍ گول کئے جبکہ فل فوڈین (۵۱؍ویں منٹ) نے ایک گول کیا۔ انگلینڈ نے  ٹورنامنٹ میں ۹؍ گول کرتے ہوئے  ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے میں ۸؍گول کا اپنا سابقہ ​​ریکارڈ بھی توڑ دیا جو ا س نے۲۰۱۸ء میں قائم کیا تھا۔
انگلینڈ جس نے اپنے پچھلے میچ میں امریکہ کے ساتھ ڈرا کیا، یہاں بھی سست آغاز کیا اور ویلز کے دفاع کے سامنے پہلے ہاف میں کمزور نظر آئی۔
 دوسرے ہاف کے آغاز میں رشفورڈ نے فری کک سے انگلینڈ کا کھاتہ کھول دیا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ کے اسٹرائیکر نے ۳؍ منٹ بعد ہیری کین کو پاس دیا اور فوڈین نے کین سے گیند لے کر انگلینڈ کی برتری کو دگنا کردیا۔ ویلز نے ۲؍ گول سے پیچھے رہنے کے بعد حملہ کرنا شروع کیا۔ ڈین جیمس اور کیفر مور نے انگلینڈ  کے گول پر نشانہ لگایا اور اس دوران پوری  انگلش ٹیم  دباؤ میں نظر آئی۔ تاہم  اس سے رشفورڈ کو کوئی فرق نہیں پڑا جنہوں  نے۶۸؍ویں منٹ میں  اپنا دوسرا گول کر کے انگلینڈ کوصفر۔۳؍گول  سے جیت دلادی۔
 دوسری طرف  امریکہ نے کرسچین پلسِچ کے فیصلہ کن گول کی مدد سے گروپ بی کے اپنے میچ میں ایران کوصفر۔ایک سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے سپر۱۶؍ مرحلے میں جگہ بنالی۔ پلسِچ نے ۳۸؍ویں منٹ میں واحد گول کر کے امریکہ کو ۳؍ قیمتی پوائنٹس دلائے۔ایران نے پہلے ہاف میں سست آغاز کرتے ہوئے گول پر ایک بھی نشانہ نہیں لگایا، جبکہ پُلسچ کے گول نے امریکہ کو ابتدائی برتری دلائی۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے ٹھیک پہلے   ٹموتھی وی نے ایک بار پھر گیند کو جال میں پہنچایا لیکن اسے آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK