Inquilab Logo

فیفاورلڈکپ کوالیفائر: یورپ کی بڑی ٹیموں نےاپنے اپنے میچ جیت لئے

Updated: March 30, 2021, 11:53 AM IST | Paris

فرانس نے قزاخستان کو شکست دی۔ انگلینڈ نے البانیہ کو مات دی ۔ اسپین نے جدوجہد کے بعد جارجیا کو ہرادیا۔ اٹلی نے بلغاریہ کو زیر کردیا۔ جرمنی کو رومانیہ کو ہرانے کیلئے پسینہ بہانا پڑا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 اتوار کی دیر رات ہونے والے فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۲ء کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں یورپ کی سبھی بڑی اور چمپئن ٹیمو ںنے اپنے اپنے حریف کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی اور ۳۔۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے۔  ورلڈ چمپئن فرانس نے قزاخستان کو صفر۔۲؍ سے شکست دی۔ انگلینڈ نے البانیہ کو صفر۔۲؍ سےہرا دیا۔ اسپین نے جارجیا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے دی۔ اٹلی نے بلغاریہ کو صفر۔۲؍ سے شکست دےکر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ ۴؍مرتبہ کے چمپئن جرمنی نے رومانیہ کو صفر۔ ایک سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس جیتے۔  فرانس کا پہلا میچ ڈرا ہوا تھا لیکن اس نے دوسرے میچ میں اپنی غلطیوں کو سدھارتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ آستانہ میں ہونے والے میچ میں فرانس کی جانب سے پہلا گول عثمان دیمبیلے نے کیا ، اس کے بعدقزاخستان کے کھلاڑی سرگئی مالیئی  نے اپنے ہی گول میں گیندڈال کر حریف ٹیم کو فائدہ پہنچا دیا۔ فرانس نے  یہ میچ صفر۔۲؍ سے جیت لیا۔ 
 انگلینڈ نے اپنے گروپ کے دوسرے میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انگلینڈ نے البانیہ کو صفر۔۲؍ سے شکست دےدی۔انگلینڈ کی جانب سے اس کے اسٹار ہیری کین نے پہلا گول کیا اور اس کے بعد ماؤنٹ میسن نے ایک اور گول کرکے حریف ٹیم کی شکست یقینی کردی۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے سین مرینو کے خلاف صفر۔۵؍  سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ۶؍پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد انگلینڈ کے حوصلے بلند ہیں۔ اس نے اپنی مہم کا آغاز بہتر انداز میں کیاہے۔  ۲۰۱۰ء کے عالمی چمپئن اسپین کواپنے کوالیفائنگ کے دوسرے میچ میں بھی جدوجہد کرنی پڑی ۔ اس سے قبل اس کا مقابلہ ایک ایک سے ڈرا ہوا تھا لیکن اس بار اس کے کھلاڑیوں نے جارجیا کے خلاف اچھا فٹبال کھیلا۔ جارجیا کی جانب سے پہلا گول ہوا تھا ۔ اس کے کھلاڑی کویچا کوارتسکا شیلا نے گول کرکے اسکور صفر۔ ایک کردیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں اسپین کی جانب سے پہلا گول فیران ٹوریس نے جورڈی  البا کی مدد سے کیا۔ میچ کے انجری ٹائم میں ڈینیل اولمو نے جورڈی البا کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ میچ کے آخری وقت میں جارجیا کے کھلاڑی لیوان شینگیلیا کو ریڈ کارڈ ملا تھا۔ ۴؍مرتبہ کے چمپئن اٹلی کے کھلاڑیوں نے کوالیفائنگ میں بلغاریہ کو شکست دے کر ۲۴؍ویں میچ میں ناقابل شکست رہنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ اٹلی کی جانب سے پہلا گول اینڈریا بیلوٹی  نے کیا۔ فرسٹ ہاف میں اٹلی کا اسکور صفر۔ ایک رہا۔ اس کے بعد مینوئل لوکاٹیلی نے ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی کردی۔ اس فتح کے بعد گروپ سی میں اٹلی نے ۶؍پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں۔ اس کے بعد اس گروپ میں دوسرے نمبرپر سوئزر لینڈ ہے جس نے ایک اور میچ میں لیتھوینیا کو صفر۔ ایک سے ہرا دیا۔  ۴؍مرتبہ کے چمپئن جرمنی کو اپنے دوسرے کوالیفائنگ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کرنی پڑی۔ اس کے کھلاڑیوں نے ۱۷؍ منٹ کے بعد گول کرنے کے کئی مواقع بنائے لیکن رومانیہ کے دفاعی کھلاڑیوں نے اسے ناکام بنا دیا۔ جرمنی نے یہ میچ صفر۔ ایک سے جیت لیا۔ جرمنی کی جانب سے میچ کا واحدگول سرگی گنابری نے کیا۔ انہوںنے کائی ہیورٹز کی مددسے ٹیم کیلئے فاتحانہ گول کیا اور ٹیبل میں جرمنی کے ۶؍پوائنٹس کردئیے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK