Inquilab Logo

آج ممبئی انڈینس اور حیدرآباد میں معرکہ آرائی

Updated: May 17, 2022, 1:07 PM IST | Agency | Mumbai

سن رائزرس شکست کے سلسلے کو توڑنے اورپلے آف میں جگہ بنانے کیلئے کھیلے گی۔ ممبئی انڈینس کے پاس گنوانے کیلئے کچھ نہیں

Rohit Sharma And Kane Williamson .Picture:INN
حیدرآباد کے کپتان کین ولیمسن اور ممبئی کے کپتان روہت شرما۔ تصویر: آئی این این

 سن رائزرس حیدرآباد کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) پلے آف میں جگہ بنانے کی اپنی تاریک امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے ممبئی انڈینس کے خلاف میچ میں اپنی۵؍شکستوں کے سلسلے کو توڑنے کی ضرورت ہوگی۔سن رائزرس نے لگاتار ۵؍ میچ جیتنے  کے بعد مسلسل ۵؍ میچ ہارے ہیں۔ اگر وہ اپنے باقی دونوں میچ جیت لیتا ہے تو اس کے۱۴؍ پوائنٹس ہو جائیں گے لیکن پلے آف میں پہنچنے کیلئے اسے دوسری ٹیم کے میچوں میں بھی سازگار نتائج کی دعا کرنی ہو گی  لیکن اگر وہ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں ہار جاتا ہے تو وہ یقینی طور پر باہر ہو جائے گا کیونکہ ۷؍ ٹیموں کے۱۲؍ یا اس سے زیادہ پوائنٹس ہیں۔
 حیدرآباد کو بلے بازی میں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ کپتان کین ولیمسن کو اس سیزن میں رن  بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے ۱۲؍میچوں میں صرف۲۰۸؍ رن بنائے ہیں۔ انہیں اپنے اصلی رنگ میں لوٹنے کی ضرورت ہے۔ ہیڈ کوچ ٹام موڈی نے ان فارم کین ولیمسن کے  اوپننگ کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے اورنیوزی لینڈ کے کھلاڑی کو اپنے کوچ کو درست ثابت کرنا ہوگا۔ان کے اوپننگ پارٹنر اور پچھلے میچ میں۴۳؍ رن  بنانے والے ابھیشیک شرما کو اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنا ہوگا  تاہم انہیں تیز گیند بازوں کے لئے موزوں پچ پر ممبئی کے مضبوط حملے سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ سن رائزرس کے پاس راہل ترپاٹھی، ایڈن مارکرم اور نکولس پورن کی شکل میں مڈل آرڈر میں اچھے بلے باز ہیں لیکن انہیں اپنے کھیل میں تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔ ان کا مڈل آرڈر گزشتہ میچ میں بھی ناکام رہا جس میں انہیں کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے۵۴؍ رن سے شکست دی تھی۔ واشنگٹن سندر اور ششانک سنگھ کا بطور `فنیشرکردار بھی نمایاں ہوگا۔ تاہم  عمران ملک، بھونیشور کمار، مارکو یانسن اور یارکر کے ماہر ٹی نٹراجن کے ساتھ سن رائزرس کی بولنگ مضبوط ہے۔ ممبئی کے بلے بازوں کو خاص طور پر ملک کے ساتھ محتاط رہنے کی ضرورت ہے جنہوں نے اب تک ۱۸؍وکٹ لئے ہیں۔پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے والی ممبئی نے گزشتہ میچ میں چنئی سپرکنگز کو۵؍ وکٹ  سے شکست دی تھی جس سے ان کے حوصلے بلند ہونے چاہئے تھے۔ ممبئی کے لئے سب سے زیادہ قیمت پر خریدے گئے کپتان روہت شرما اور ایشان کشن کی فارم تشویشناک ہے۔ سوریہ کمار یادو کی غیر موجودگی میں ان دونوں کو زیادہ ذمہ داری لینا ہوگی اور ٹیم کو جارحانہ آغاز دینا ہوگا۔
 تلک ورما نے کم تجربہ کار مڈل آرڈر کی ذمہ داری اچھی طرح نبھائی۔ ڈینیل سیمس، ٹم ڈیوڈ، ٹرسٹن اسٹبس اور رمندیپ سنگھ جیسے مضبوط بلے بازوں کے لئے سن رائزرس کے گیند بازوں کا سامنا کرنا آسان نہیں ہوگا۔ گیندبازی میں تیز گیندباز سیمس ابتدائی طور پر وکٹ لینے میں ماہر ہیں۔ جسپریت بمراہ اور ریلی میریڈیتھ بھی اپنا اپنا کردار نبھا رہے ہیں۔ اسپنر کمار کارتیکیا سنگھ درمیانی اوورس میں اچھی گیند بازی کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK