Inquilab Logo

سابق عالمی نمبروَن رافیل ندال کواٹالین اوپن میں شکست

Updated: September 21, 2020, 1:12 PM IST | Agency | Rome

عالمی نمبر۱۵؍ شوارٹزمین نے اسپینش کھلاڑی کو شکست دی ۔ ارجنٹائنی کھلاڑی نے ۲۔۶، ۵۔۷؍سے کامیابی حاصل کی۔جوکووچ سیمی فائنل میں داخل

Rafael Nadal. Picture:INN
رافیل ندال۔ تصویر: آئی این این

سات؍ ماہ بعد پہلا ٹورنامنٹ کھیلتے ہوئے سابق عالمی نمبر وَن ٹینس کھلاڑی رافیل ندال کو اطالوی اوپن کے کوارٹر فائنل میں ڈیاگو شوارٹزمین کے خلاف اسٹریٹ سیٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔روم میں ۹؍ بار کے چمپئن اسپین کے ندال نے پچھلے ۹؍ میچوں میں عالمی نمبر۱۵؍ شوارٹزمین کو شکست دی تھی لیکن ارجنٹائنی کھلاڑی نے سنیچر کو ۲۔۶، ۵۔۷؍سے کامیابی حاصل کی۔ کوارٹر فائنل میں شوارٹزمین نے بیس لائن ریلی اور ڈراپ شاٹس کے ساتھ غلبہ حاصل کیا جبکہ ندال نے متعدد غلطیاں کیں اور ان کی پہلی سروس بھی توقع کے مطابق نہیں تھی۔ اسپینش اسٹارندال نے بتایا کہ انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران دو ماہ تک ٹینس ریکیٹ کو ہاتھ بھی نہیں لگایا تھا۔ انہوں نے شوارٹزمین کے ۱۷؍ کے مقابلے۳۰؍ غلطیاں کیں جبکہ انہوں نے اپنی سروس پر۶۳؍میں سے صرف۲۹؍ پوائنٹس اسکور کئے اور۵؍ بار اپنی سروس بریک کروائی۔یہی غلطیاں انہیں بھاری پڑیں۔ اس سے قبل عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے ایک بار پھر اشتعال کا مظاہرہ کیا تاہم انہوں نے جرمنی کے کوالیفائر ڈومینک کوفر کے خلاف ۶۔۷،۶۔۴ ، ۳۔۶؍ سے کامیابی حاصل کی ۔ اسی وجہ سے وہ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے قبل یو ایس اوپن سے باہر ہوگئے تھے۔دوسرے سیٹ میں جب انہوں نے ۳۔۳؍ کے اسکور پر اپنی سروس گنوائی تو انہوں نے ناراضگی کے ساتھ اپنا ریکیٹ سرخ بجری پر پٹخ  دیا۔ ان کا ریکیٹ ٹوٹ گیا اور انہیں  ایک نئے ریکیٹ سے کھیلنا پڑا۔ اس کے لئے چیئر امپائر نے انہیں انتباہ بھی دیا۔
 جوکووچ ، جو روم میں پانچواں اعزاز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ، کا مقابلہ سیمی فائنل میں ناروے کے کیسپر روڈ سے ہوگا ، جنہوں نے مقامی مدمقابل مٹیٹو بیریٹینی کو۶۔۴،۳۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دی۔ فائنل ۴؍ میں شوارٹزمین کا مقابلہ ڈینس شاپوالوو سے ہوگا جنہوں نے گرگور دیمتروف کو۲۔۶،۶۔۳ ،۲۔۶؍سےشکست دی۔ ٹورنامنٹ اب تک خالی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے ، لیکن اٹلی کے وزیر کھیل نے جمعہ کو کہا کہ سیمی فائنل اور فائنل میں۱۰۰۰؍تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ہوگی۔ خواتین کے زمرے میں ٹاپ سیڈیڈ سیمونا ہالیپ نے قزاخستان کی یولیا پیوتینسیفا کی کمر کی انجری کی وجہ سے میچ سے دستبرداری کے بعد سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ہالیپ۲۔۶، صفر۔۲؍ کی برتری حاصل کرچکی تھیں جب یولیا میچ سے دستبردار ہوئیں ۔سیمی فائنل میں ہالیپ کا مقابلہ دو بار کی گرینڈ سلیم فاتح گاربائن مگوروزا سے ہوگا ، جنہون  نے یو ایس اوپن کی  رنر اپ وکٹوریہ ازارینکا کو۶۔۳، ۳۔۶، ۴۔۶؍سے شکست دی۔دوسرا سیمی فائنل پچھلے سال فرانسیسی اوپن کی رنر اپ مارکاٹا وانڈروسووا اور ان کی ساتھی چیک جمہوریہ  اور دفاعی چمپئن کیرولن پلسکووا کے مابین ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK