Inquilab Logo

فرینچ فٹبال لیگ: پی ایس جی نے اینگرز کومات دی

Updated: October 04, 2020, 4:08 AM IST | Agency | Paris

پیرس کے کلب نے اینگرز کو ایک۔۶؍ سے ہرادیا۔ نیمار کے ۲؍گول

German Player
پیرس سینٹ جرمین کے کھلاڑی میچ میں کامیابی کے بعد دیکھے جاسکتے ہیں

فرینچ فٹبال لیگ میں پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی )نے اینگرز کو ایک کے مقابلے میں ۶؍ گول سے شکست دے دی۔ اسٹار کھلاڑی نیمار نے ۲؍ گول کرکے نئے سیزن میں کھاتہ کھول لیا۔
 فرینچ فٹبال لیگ میں پی ایس جی نے اینگرز پر۶؍گول کئے۔ ابتدا ہی سے نیمار کی ٹیم چھائی رہی، فلورینزی نے میچ کے ۷؍ویں  منٹ میں پہلا گول کیا۔ دو میچوں کی پابندی کی سزا کاٹنے کے بعد نیمار نے بھی سیزن میں گول کا کھاتہ کھول لیا۔ انہوں نے۳۶؍ویں منٹ میں سیزن کا پہلا گول کیا۔ نیمار نے ۱۱؍ منٹ بعد ایک اور گول کرکے ٹیم کو صفر۔۳؍کی برتری دلادی۔
 اینگرز کی جانب سے ٹراوورے نے۵۲؍ ویں منٹ میں گول کرکے خسارہ کم تو کیا لیکن پی ایس جی کے ڈریکسلر نے ۵؍ منٹ بعد ہی گول کرکے اسکور  ایک ۔۴؍کردیا۔ نیمار کے پاس پر گوئے نے گول کرکے اسکور  ایک ۔۵؍کردیا ، ۸۴؍ویں منٹ میں کائلیان ایمباپے نے گول کر کے ٹیم کو ۱۔۶؍ سےکامیابی دلادی، اور پی ایس جی پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آگئی۔
 میچ کے بعد پی ایس جی کے اسٹار اسٹرائیکر نیمار نے کہاکہ ٹیم کیلئے ۲؍گول کرکے بہت خوشی ہورہی ہے۔ میں نے نئے سیزن میں گول کا کھاتہ کھول دیا ہے اور امید کرتاہوں کہ آئندہ میچوں میں بھی اپنے فارم کو ایسی ہی جاری رکھوں گا۔ نیمار نے کہاکہ اس سیزن میں کوشش یہی ہے کہ زیادہ  سے زیادہ گول ٹیم کیلئے کروں اور اسے ٹاپ پر پہنچادوں۔ انہوں نے کہا کہ بغیر شائقین کے کھیلنے میں مزہ نہیں آرہا ہے لیکن وقت کی ضرورت یہی ہے کہ شائقین کی صحت کا خیال رکھا جائے۔  جب کورونا کی بیماری کا ویکسین بازار میں آئے گا تو ممکن ہے کہ شائقین کو بھی اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل جائے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK