Inquilab Logo

فرینچ اوپن:سیمی فائنل میں ندال اور جوکووچ آمنے سامنے

Updated: June 11, 2021, 12:47 PM IST | Agency | New Delhi

کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل ندال اور دنیا کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک کے درمیان دلچسپ مقابلہ کی امید،ہسپانوی کھلاڑی ۱۳؍مرتبہ خطاب جیت چکے ہیں

 Novak Djokovic and Rafael Nadal.Picture:INN
نوواک جوکووچ اور رافیل ندال ۔تصویر :آئی این این

دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ   اٹلی کے ماتیو بیریٹی کے چیلنج پر بدھ کی رات ۳۔۶،۶۔۲،۶۔۷،۵۔۷؍سے قابو پاتے ہوئے سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرینچ اوپن کے مردوں کےسنگلز کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا جہاں ان کا مقابلہ ۱۳؍ مرتبہ کے  چمپئن اسپین کے رافیل ندال سے ہوگا۔  نوواک جوکووچ نے بیریٹی کے خلاف ۳؍ بریک پوائنٹس کو بچایا جن کا انہوں کورٹ فلپ چیتریئر پر سامنا کیا ۔ پیرس میں رات  میں کرفیو  کے سبب  چوتھے سیٹ کے وسط میں ہی ناظرین کو اسٹیڈیم سے باہر کیا  گیا لیکن جوکووچ  نے اپنے تسلسل کو جاری رکھا اور ٹاپ سیڈ  کھلاڑی نے ۳؍ گھنٹے ۲۸؍منٹ میں میچ جیتنے کا جشن زبردست طریقہ سے منایا۔   جوکووچ اور ندال کے مابین سیمی فائنل میچ پچھلے سال کے فائنل اور ۲۰۱۴ءاور ۲۰۱۲ءکے چمپئن شپ میچوں کی طرح ہوگا۔ یہ دونوں کے مابین   ۵۸؍واں میچ ہوگا۔ جوکووچ نے ۲۰۱۶ءمیں ٹرافی جیتی تھی ۔ جوکووچ نے ندال کے خلاف کریئر میچوں میں ۲۸۔۲۹؍کی برتری بنا رکھی ہے  ۔جوکووچ کی  بیریٹی کے خلاف جیت سے اپنے ۴۰؍ویں گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا ہے اور سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس مرتبہ ٹورنامنٹ سے ہٹ گئے فیڈرر ۴۶؍مرتبہ گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں پہنچے ہیں ۔ 
 پہلے ۲؍ سیٹ جیتنے کے بعد جوکووچ ٹائی بریکر میں تیسرا سیٹ ہار گئے۔  بیریٹی نے اس سیٹ کا ٹائی بریکر ۵۔۷؍ سے جیتا۔بیریٹی   نے اس سیٹ میں جووکوچ کے ۱۴؍کے مقابلے  ۲۳؍ ونرس لگائے جو اس سیٹ میں ان کی جیت کی وجہ بنی۔ چوتھے سیٹ میں۲۔۳؍ تک دونوں کھلاڑیوں نے  اپنی سروس برقرار رکھی لیکن گھڑی میں رات کے ۱۱؍ بجتے ہی ناظرین کو اسٹیڈیم سے باہر نکالنے کا کام شروع کیا گیا جس کی وجہ سے کھیل ۲۵؍ منٹ تک روک دیا گیا۔ دونوں کھلاڑی پھر خالی اسٹیڈیم میں واپس لوٹے جہاں بیریٹی  نے اپنی سروس برقرار رکھی جبکہ جوکووچ نے۵۔۶؍ کے اسکور پر ۳؍ پوائنٹ حاصل کئے اور شاندار انداز میں میچ جیتنے کا جشن منایا۔ جوکووچ کے سامنے اب ندال کا چیلنج ہوگا جنہوں نے ارجنٹائنا کے ڈیگو شرواٹزمین کے چیلنج پر ۲؍ گھنٹے ۴۵؍ منٹ میں قابو پایا  اور ۱۴؍ ویں مرتبہ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ 
 فرینچ اوپن کے ہائی وولٹیج سمی فائنل میں جوکووچ کو ندال کا مقابلہ کرنا ہے ۔واضح رہے کہ ندال کا کلے کورٹ پر شاندار ریکارڈ ہے اور انہوںنے اس ٹورنامنٹ میں ۱۰۷؍مقابلوں میں سے ۱۰۵؍میں فتح حاصل کی ہے جبکہ صرف ۲؍بار انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جوکووچ کے خلاف ہونے والے سیمی فائنل کے تعلق سے رافیل ندال نے کہا کہ ’’ ہم ایک دوسرے کے کھیل کو اچھی طرح جانتے ہیں۔سب جانتے ہیں کہ اس سیمی فائنل کا نتیجہ کسی کے بھی حق میں جا سکتا ہے۔میری کوشش ہوگی کہ میں کامیابی حاصل کروں۔‘‘ واضح رہے کہ رافیل ندال ۱۴؍ویں مرتبہ جبکہ جوکووچ ۱۱؍بار فرینچ اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔جہاں تک کسی گرینڈ سلیم مقابلے کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی بات ہے تو جوکووچ نے ۴۰؍بار اور رافیل ندال نے ۳۵؍ویں مرتبہ آخری ۴؍میں جگہ بنائی ہے۔ فرینچ اوپن کے گزشتہ فائنل میں رافیل ندال اور نوواک جوکووچ آمنے سامنے تھے۔ اس مقابلے میں ندال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یکطرفہ انداز میں خطاب اپنے نام کیا تھا۔جمعہ کو کھیلے جانے والے فرینچ اوپن کے سیمی فائنل مقابلے سے قبل رافیل ندال اور نوواک جوکووچ ۵۷؍مرتبہ ایک دوسرے کے مقابل آچکے ہیں ۔ ان میں سے جوکووچ نے ۲۹؍جبکہ ندال نے ۲۸؍ میں کامیابی حاصل کی ہے۔فرینچ اوپن میں یہ دونوں کھلاڑی ۹؍ویں بار آمنے سامنے ہوں گے۔فرینچ اوپن میں ندال نے بادشاہت برقرار رکھتے ہوئے اب تک جوکووچ کے خلاف صرف ایک میچ ہارا ہے۔۵ ؍ سال قبل نوواک جوکووچ نے  رافیل ندال کو فرینچ اوپن کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی۔شائقین ایک سنسنی خیز سیمی  فائنل کی امید کر سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK