Inquilab Logo

ولی اور بلنگز کی عمدہ کارکردگی ، انگلینڈ کی شاندار فتح

Updated: August 01, 2020, 3:16 AM IST | Southampton

انگلینڈ نے آئرلینڈ کو پہلے ون ڈے میچ میں ۶؍وکٹ سے شکست دی۔ ولی نے ۵؍وکٹ لئے اور بلنگز کی نصف سنچری۔

David Willey Photo: INN
ڈیوڈ ولی۔ تصویر: آئی این این

بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی (۳۰؍ رن پر۵؍ وکٹ) اور سیم بلنگز کی ۶۷؍ رن کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت عالمی چمپئن انگلینڈ نے آئرلینڈ کوجمعرات کو پہلے ون ڈے میں ۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر۳؍میچوں کی سیریز میں صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی ہے۔ انگلینڈ نے اس جیت کے ساتھ ہی آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کے تحت۱۰؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ انگلینڈ نے آئرلینڈ کو۴۴ء۴؍اوور میں ۱۷۲؍رن پر آل آؤٹ کرنے کے بعد ۲۷ء۵؍ اوورس میں ۴؍ وکٹوں پر۱۷۴؍رن بنائے۔ ولی کو ان کی بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے مابین اس ون ڈے سے آئی سی سی ورلڈ کپ سپر لیگ کا آغاز ہوگیا جو۲۰۲۳ء میں ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے کوالیفائر ہے۔ انگلینڈ کو میچ جیتنے سے۱۰؍پوائنٹس ملے۔ اس لیگ کے تحت میچ جیتنے والی ٹیم کو۱۰؍پوائنٹس ملنے والے ہیں ۔ اس میچ میں انگلینڈ کے دو ہیرو رہے اور دونوں نے اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ولی نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۳۰؍رن دے کر ۵؍ وکٹ لئے۔ بلنگز نے۵۴؍گیندوں پر۱۱؍چوکوں کی مدد سے ۶۷؍ رن کی اپنی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بلنگز نے کپتان ایون مورگن کے ساتھ ۱۴ء۱؍ اوورس میں ۵؍ویں وکٹ کے لئے۹۶؍رن کی میچ وننگ ناقابل شکست پارٹنرشپ کی۔ مورگن نے ۴۰؍گیندوں میں ناٹ آؤٹ ۳۶؍ رن میں ۴؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔چھوٹے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے ۷۸؍ رن پر۴؍ وکٹ گنوادیئے تھے۔ جانی بیئریسٹو ۲ ، جیسن رائے۲۴ ، جیمس ونس۲۵؍ اور ٹام بینٹن۱۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن بلنگز اور مورگن کی پارٹنرشپ نے اس کے بعد انگلینڈ کو آسان فتح دلادی۔ مورگن نے سیمی سنگھ کی گیند پر وننگ چھکا لگایا۔ انگلینڈ نے ساؤتھمپٹن ​​کے اس گراؤنڈ میں ۲۰۱۶ء کے بعد سے مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل انگلینڈ کے کپتان مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور ولی نے پہلے اسپیل میں ۴؍ وکٹ لے کراپنے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا۔ 
بہترین کھیل کا مظاہرہ باقی ہے:ڈیوڈ ولی
آئرلینڈ کے خلاف ۳؍ ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انگلینڈ کے فاسٹ بالر ڈیوڈ ولی کا خیال ہے کہ ان کا بہترین کھیل ابھی آنا باقی ہے۔ ولی نے آئرلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں ۸ء۴؍ اوور میں ۳۰؍رن دے کر۵؍ وکٹ لئے ۔ اس عمدہ بولنگ کے بعد ولی نے کہا کہ شاید میرے اب تک کا سب سے عمدہ کھیل آنا ابھی باقی ہے۔واضح رہےکہ ولی ایک عرصے سے ٹیم سے باہر تھے۔ ولی آخری بار مئی ۲۰۱۹ء میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ میں کھیلنے میدان میں اترے تھے۔ڈیوڈ ولی کی خطرناک بولنگ کے سامنے آئرلینڈ کی ٹیم ۱۷۲؍رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس اسکور کے جواب میں انگلینڈ نے سیم بلنگز (۶۷؍رن) نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی اور کپتان ایون مورگن کی ۳۶؍رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت ۶؍ وکٹ باقی رہتے ہدف حاصل کرلیا ۔
ولی نے کہا کہ یارکشائر کے میرے کوچ رچرڈ پیرر نے مجھ پر سخت محنت کی اور اب مجھے محسوس ہوتا ہے کہ ہم صحیح سمت میں گامزن ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے لئے ایک بار پھر کھیلنا میرے لئے بہت خاص ہے۔ میں ابھی صرف اپنے کھیل سے لطف اٹھا رہا ہوں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK