Inquilab Logo

آج ای پی ایل میں گنرس کا مانچسٹر کی سرخ فوج سے مقابلہ

Updated: April 23, 2022, 12:02 PM IST | Agency | London

چیلسی کو مات دینے کے بعدگنرس ، یونائٹیڈ سے لوہالینے کیلئے تیار

Cristiano Ronaldo and other athletes running during practice.Picture:INN
کرسٹیانورونالڈو اور دیگر کھلاڑی پریکٹس کے دوران دوڑ لگاتے ہوئے ۔ تصویر: آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل)میں سنیچر کو ایک اورزبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ آرسنل فٹبال کلب اور مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلبز آمنے سامنے ہو ںگے۔ ای پی ایل کے پچھلے میچ میں آرسنل فٹبال کلب (گنرس ) نے چیلسی کو شکست دی تھی جبکہ مانچسٹریونائٹیڈ کو لیورپول کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرناپڑا تھا۔  آرسنل کے ایمریٹس اسٹیڈیم میں ہونےوالے میچ میں یونائٹیڈ کو بہت زور لگانا ہوگا کیونکہ یہ آرسنل کا قلعہ ہے۔ یونائٹیڈ کیلئے اچھی بات یہ ہے کہ اس کے اسٹار کرسٹیانو رونالڈو ٹیم میں لوٹ آئے ہیں۔ انہوں نے ٹیم کےساتھ پریکٹس بھی کی تھی۔ اس سے قبل لیورپول کے خلاف  ہونے والے میچ میں وہ شامل نہیں تھے کیونکہ ان کے یہاں پیدا ہونے والے جڑواں بچوں میں سے ایک  کا انتقال ہوگیا تھا۔ وہ اچھے فارم میں ہیں ۔  مانچسٹر یونائٹیڈ اس وقت پوائنٹ ٹیبل پر چھٹے نمبرپر ہے اور وہ ٹاپ ۴؍ میں جگہ بنانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔یونائٹیڈ کے کھلاڑی پوری کوشش کررہے ہیں کہ وہ ٹاپ ۴؍ میں جگہ بناکر اگلے سیزن میں چمپئن لیگ کیلئے براہ راست کوالیفائی ہو جائیں۔حالانکہ گزشتہ میچ میں یونائٹیڈ کو لیورپول سے صفر۔۴؍ سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ٹیم اس شکست کو بھول کر لندن کے میدان پر کھیلنے اترے گی۔  دوسری طرف آرسنل فٹبال کلب پوائنٹ ٹیبل پر ۵؍ویں نمبرپر ہے اور اس کے حوصلے اس وقت بلندہیں۔ گزشتہ چند میچوں میں ناکامی کے بعد اس نے ای پی ایل کے مضبوط فٹبال کلب چیلسی کو ۲۔۴؍ گول سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ اس نتیجہ سے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ اس کے کوچ مائیکل آرٹیٹا کو حوصلہ ملا ہے۔  دونوں کے درمیان موازنہ کیا جائے تو یونائٹیڈ کا پلڑا بھاری نظرآتاہے۔ ان دونوں کے درمیان کے ۲۳۵؍ میچ ہوئے ہیں اور یونائٹیڈ نے ۱۰۰؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ گنرس نے ۸۵؍میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یونائٹیڈ کے خلاف ہونےوالے گزشتہ ۳؍گھریلو میچوں میں آرسنل کی ٹیم ناقابل شکست رہی ہے۔ اس میچ میں اس نے ایک بھی گول نہیں کھایا تھا۔یونائٹیڈ کے خلاف گزشتہ ۱۵؍میچوں میں سے آرسنل نے صرف ۳؍میں کامیابی حاصل کی تھی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK