Inquilab Logo

ہاردک پانڈیا کی آل راؤنڈ کارکردگی، ہندوستان نے پہلا ٹی ۲۰؍ آسانی سے جیت لیا

Updated: July 09, 2022, 12:56 PM IST | Agency | Southampton

پہلے ٹی ۲۰؍ میں ہندوستان کی ۵۰؍رن سے شاندار فتح۔ ہاردک نے گیند سے ۴؍انگلش کھلاڑیوں کا شکار کیا اور بلے سے نصف سنچری بنائی۔ ٹیم انڈیا کے آل راؤنڈر کو مین آف دی میچ منتخب کیا گیا

 Hardik Pandya.Picture:INN
ہاردک پانڈیا ۔ تصویر: آئی این این

 ہاردک پانڈیا (۵۱؍رن اور۴؍ وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹی ۲۰؍ میں انگلینڈ کو۵۰؍ رن  سے شکست دے دی۔  جمعرات کی دیر رات ساؤتھمپٹن ​​میں کھیلے جانےوالے میچ میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کے سامنے۱۹۹؍ رن کا  ہدف رکھاتھا جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم صرف۱۴۸؍ رن پرہی آل آؤٹ ہو گئی۔۱۹۹؍رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے  انگلینڈ نے اپنے پہلے ۴؍ وکٹ صرف ۳۳؍رن پر گنوا  دیئے۔ اوپنر جوس بٹلر کو پہلی ہی گیند پر بھونیشور کمار نے بولڈ کر دیا جس کے کچھ دیر بعد ہی پانڈیا نے ڈیوڈ ملان (۲۱؍رن ) اور لیام لیونگ اسٹون (صفر) کو پویلین لوٹادیا۔ ہاردک نے جیسن رائے کا وکٹ بھی لیا جو۱۶؍ گیندوں پر صرف ۴؍ رن بنا سکے۔ اس کے بعد ہیری بروک اور معین علی نے انگلینڈ کو میچ میں واپس لانے کی کوشش میں ۵؍ویں وکٹ کے لئے ۶۱؍رن جوڑے۔ یزویندر چہل کی گیند پر آؤٹ ہونے سے پہلے بروک نے۲۳؍گیندوں  پر۲؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۲۸؍رن بنائے جبکہ معین علی نے۲۰؍ گیندوں پر ۴؍چوکوں اورایک چھکے کی مدد سے ۳۶؍ رن کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کرس جارڈن نے۲۶؍ کی اننگز میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کوئی بھی بلے باز نمایاں کردار ادا نہ کرسکا اور انگلینڈ کی ٹیم وقفے وقفے سے وکٹ گنواتے ہوئے۱۴۸؍  رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے ہندوستان کے لئے ۳۳؍ رن دے کر۴؍ وکٹ لئے جبکہ ٹی ۲۰؍ میں ڈیبیو کرتے ہوئے ارشدیپ سنگھ   نے ۲؍وکٹ لئے ۔ اسپن گیندباز یزویندر چہل ۲؍وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ 
 اس سے قبل آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا (۵۱؍رن) کی عمدہ نصف سنچری اور سوریہ کمار یادو (۳۹؍رن)، دیپک ہڈا (۳۳؍ رن ) اور کپتان روہت شرما (۲۴؍رن) کی تیز اننگز سے ہندوستان نے۸؍ وکٹ  کے نقصان پر۱۹۸؍رن کا مضبوط اسکور بنایاتھا۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی  کا فیصلہ کیا۔ پاور پلے میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے  ہندوستان نے۶۶؍ رن بناڈالے۔ کورونا سے صحت یاب ہو کر ٹیم میں واپس آنے والے کپتان روہت شرما نے۱۴؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے۲۴؍ رن بنائے۔ ایشان کشن ۸؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دونوں بلے بازوں کو آف اسپنر معین علی نے آؤٹ کیا۔ دیپک ہڈا ۱۷؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۳۳؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ سوریہ نے۱۹؍ گیندوں پر۳۹؍ رن میں ۴؍چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ ہندوستانی اننگز کو ہاردک نے سنبھالا جنہوں نے۳۳؍ گیندوں پر۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۱؍ رن بنائے۔ اکشر پٹیل نے۱۲؍گیندوں پر۱۷؍ اور دنیش کارتک نے۷؍گیندوں پر۹؍رن بنائے۔ آخری اوورس میں ہندوستان قدرے سست تھا اور آخری ۳؍ اوورس میں صرف۲۰؍ رن  ہی بنا سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس جارڈن نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ ہندوستان نے مسلسل وکٹ گرتے رہنے کے باوجود تیز آغازکیاتھا اور مسلسل رن ریٹ برقرار رکھا۔ دیپک ہڈا، سوریہ کمار یادو اور ہاردک پانڈیا نے درمیان میں شاندار اننگز کھیلی اور ایک موقع پر ایسا محسوس ہوا کہ ہندوستان ۲۰۰؍رن سے اوپر کا بڑا اسکور بنا لے گا  لیکن آخری ۵؍ اوورس میں انگلش گیند بازوں نے کمال کی واپسی کی اور صرف ۴۱؍رن دے کر ہندوستان کے ۴؍ اہم وکٹ لئے اور ہندوستان کو۲۰۰؍رن  کے اندر ہی روک دیا۔آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK