Inquilab Logo

ٹوکیو اولمپک کیلئےہمارے پاس ایک متوازن ٹیم تھی

Updated: September 24, 2021, 1:34 PM IST | Agency | New Delhi

ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی ہاردک سنگھ نے کہا کہ کھلاڑیوں کے درمیان اچھا تال میل تھا جو میڈل حاصل کرنے میں مددگار ثابت ہوا

 Athlete Hardik Singh (right) performed brilliantly at the Tokyo Olympics..Picture:INN
ہندوستانی ہاکی کھلاڑی ہاردک سنگھ(دائیں) نے ٹوکیو اولمپک میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے نوجوان مڈ فیلڈر ہاردک سنگھ نے گزشتہ روز کہا کہ ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی اہم وجہ یہ تھی کہ ہمارے پاس ایک متوازن ٹیم تھی۔یاد رہے کہ اولمپک کھیلوں میں ۴۱؍سال کے طویل عرصہ کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم نے کوئی تمغہ جیتنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ٹوکیو اولمپک میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم نے کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔ ٹیم کے مڈ فیلڈ کھلاڑی ہاردک سنگھ نے کہا کہ ’’ ہماری ٹیم کافی فٹ تھی۔مجھے لگتا ہے کہ ٹوکیو اولمپک میں ہماری سب سے بڑی طاقت یہ تھی کہ تمام کھلاڑیوں کے درمیان اچھا تال میل تھا۔ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کیلئے بے قرار تھے۔تمام کھلاڑی طویل عرصہ سے اولمپک میں میڈل نہ جیت پانے کے سلسلہ کو روکنا چاہتے تھے۔اسی مقصد نے ہمیں تحریک اور ترغیب دی اور ہم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔‘‘ ہاردک سنگھ نے بتایا کہ ’’آسٹریلیا کے خلاف ایک کے مقابلے ۷؍گول سے ملنے والی شرمناک شکست کے بعد ٹیم کے تمام کھلاڑی،کوچ اور معاون اسٹاف نے بیٹھ کر ایک دوسرے سے کھل کر بات چیت کی۔ہم نے ایک دوسرے سے سوال کیا کہ آخر ہم سے کہاں غلطی ہوئی۔ان غلطیوں کو دور کرکے ہم آئندہ مقابلوں میں کس طرح بہتر کارکاردگی کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔آپسی صلاح مشورہ کا فائدہ ہوا اور ہم نے آسٹریلیا کے خلاف ملنے والی شکست کے بعد شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ملک کےلئے میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔‘‘ واضح رہے کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے ۲۲؍ سالہ مڈ فیلڈر ہاردک سنگھ اُن کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوںنے ٹوکیو اولمپک میں ٹیم کے لئے گول کئے تھے۔ہاردک سنگھ نے اولمپک میں ۲؍گول کئے تھے۔ہاردک سنگھ نے کہا کہ ’’۲۰۱۸ء عالمی کپ کے بعد ٹوکیو اولمپک سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ میرا دوسرا بڑا ٹورنامنٹ تھا۔جہاں تک ورلڈ کپ کے بات ہے تو اس میں اپنی کارکردگی سے میں خوش نہیں تھا۔میں خود کو ثابت کرنا چاہتا تھا۔ میں یہ ثابت کرنا چاہتا تھا کہ بڑے ٹورنامنٹ میں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہوں۔ٹوکیو اولمپک میں میرے پاس اپنی افادیت ثابت کرنے کا موقع تھا۔میرے لئے یہ ایک بڑا پلیٹ فارم تھا جہاں میں ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کرسکتا تھا۔مجھے خوشی ہے کہ میں نے ٹوکیو اولمپک میں نہ صرف بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ ٹیم کےلئے گول بھی کئے۔ٹیم کی کامیابی میں اپنا رول ادا کرنے سے مجھے کافی خوشی محسوس ہوئی۔‘‘یاد رہے کہ انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں ہاردک سنگھ نے ایک یادگار فیلڈ گول کیا تھا جس سے ہندوستانی ہاکی ٹیم ۴؍دہائیوں کے بعد اولمپک میڈل کی دوڑ  میں شامل ہوگئی تھی۔ نوجوان ہاکی کھلاڑی ہاردک سنگھ نے پیرس اولمپک کے تعلق سے کہا کہ ٹیم ۲۰۲۴ء میں پیرس میں ہونے والے اولمپک کھیلوں میں گول میڈل حاصل کرنا چاہتی ہے۔انہوںنے کہا کہ ’’ہم پیرس اولمپک میںطلائی تمغہ حاصل کرنے کی پوری کوشش کریںگے۔ہم نے اس کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ہم ۲۰۲۲ء میں ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیت کر پیرس اولمپک کھیلوں کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں۔اس کے بعد۲۰۲۳ء میں ہمارے پاس ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کا موقع ہوگا جو ادیشہ میں کھیلا جائےگا۔ہم ان تمام ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK