Inquilab Logo

غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کی جائےگی

Updated: November 01, 2022, 1:32 PM IST | Agency | Bhubaneswar

ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ کو ٹیم سے بہتر کارکردگی کی امید

Harmanpreet Singh  .Picture:INN
ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ ۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمپریت سنگھ نے پیر کو کہا کہ بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) ہاکی پرو لیگ میں اسپین کے ہاتھوں ملنے والی شکست کے بعد ٹیم آئندہ میچوں سے قبل اپنی غلطیوں کو سدھارنے پر کام کرے گی۔ واضح رہے کہ اسپین نے اتوار کو یہاں ایک سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کو ۲؍کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دی تھی۔ ہرمن پریت نے اعتراف کیا کہ ہندوستان کو میچ ختم کرنے کی صلاحیتوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ہرمن پریت نے کہا ’’ہم نے بہت سے مواقع بنائے تھے۔ ہمیں پنالٹی کارنر بھی ملے، لیکن بعض اوقات ہم ان مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ ہمیں  اگلے ہفتے مزید ۲؍ میچ کھیلنے ہیں، اس لئے امید ہے کہ ہم اپنے امکانات کو جیت میں بدل سکیں گے۔‘‘ ہندوستان کو اپنا اگلا میچ ۴؍ نومبر کو نیوزی لینڈ  کے خلاف کھیلنا ہے۔ اس سے قبل ہرمن پریت کی ٹیم پرو لیگ کے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو۳؍کے  مقابلے ۴؍گول سے شکست دے چکی ہے۔ہرمن پریت نے کہا ’’ہم پورے دباؤ کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ لہٰذا، ہم حملے کے مواقع بنا  سکتے ہیں۔ ہم کئی پاس  روکنے اور دائرے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے، لیکن ہم اپنی فنشنگ کو بہتر بنا سکتے ہیں۔‘‘ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ انہوں نے بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں مسلسل حوصلہ بڑھانے پر ہندوستانی شائقین کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے ٹیم کو تقویت ملتی ہے۔انہوں نے کہا’’کلنگا اسٹیڈیم میں ایک بار پھر کھیلنا بہت اچھا تھا۔ یہ ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہمیں ہمیشہ یہاں  کے شائقین کی جانب سے زبردست حمایت ملتی ہے۔‘‘مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی خامیوں اور کمزوریوں پر قابو پاتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کر لے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK