Inquilab Logo

دلچسپ مقابلے میں پنجاب کو ہراکر ہماچل نے فائنل میں قدم رکھا

Updated: November 04, 2022, 12:54 PM IST | Agency | Kolkata

سید مشتاق علی ٹرافی کے سیمی فائنل میں ہماچل نے ۱۳؍رنوں سے کامیابی حاصل کی،شبھمن گل اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے

Shubman Gill`s aggressive batting also failed to give Punjab success.Picture:INN
شبھمن گل کی جارحانہ بلے بازی بھی پنجاب کو کامیابی دلانے میں ناکام رہی ۔ تصویر:آئی این این

ہماچل پردیش نے جمعرات کو سید مشتاق علی ٹرافی کے سیمی فائنل میں سمیت ورما (۵۱) کی دھماکہ خیز نصف سنچری اور رشی دھون (۲۵؍رن پر ۳؍وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی مدد سے پنجاب کو ۱۳؍ رنوں سے شکست  دےدی۔ہماچل نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰؍اوور میں ۱۷۶؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں پنجاب کی ٹیم ۱۶۳؍رن  بنا سکی۔ ہماچل کیلئے ابتدائی جھٹکوں کے بعد سمیت نے جارحانہ بلے بازی کی اور ۲۵؍گیندوں میں ۳؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے ۵۱؍رن بنائے۔ آکاش وششٹ نے ان کا ساتھ دیا او ر ۲۵؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد  سے ۴۳؍ رنوں کی اننگز کھیل کر ہماچل کو مضبوط اسکور تک پہنچا دیا۔ ہماچل پردیش کے گیند بازوں نے دھون کی قیادت میں ۱۷۶؍رنوں کا شاندار طریقہ سے دفاع کیا۔ دھون اور ابھینے سنگھ نے رن ریٹ پر لگام  لگائے رکھی جبکہ مینک ڈگر (۷؍پر ۲) نے شبمن گل کا قیمتی وکٹ حاصل کیا۔ آخر میں رمندیپ سنگھ نے پنجاب کو ہدف تک پہنچانے کیلئے ۲۹؍رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی لیکن دھون نے انھیں آؤٹ کر کے ہماچل کی جیت کو یقینی بنا دیا۔ پنجاب نے ٹاس جیت کر ہماچل کو بلے بازی کی دعوت دی اور کفایتی بولنگ کرتے ہوئے ۵۱؍رن پر ۳؍ وکٹ گرا دیئے۔ ہماچل کو مشکلات سے نکالنے کیلئے سمیت نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے آکاش کے ساتھ ۲۳؍ گیندوں پر ۴۵؍ رنوں کی شراکت کرکے ہماچل کو   مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اس کے بعد پنکج جیسوال نے ۱۶؍گیندوں میں ۲۷؍رن بنائے اور ہماچل کو ۲۰؍اوور کے اختتام پر ۷؍وکٹ پر ۱۷۶؍ کے اسکور تک لے گئے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پنجاب کی شروعات سست رہی اور اس نے چھٹے اوور میں ۳۲؍ رن پر ۲؍ وکٹ گنوا دئیے تھے۔ شبھمن گل نے  ۳۲؍گیندوں میں ۷؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۳؍رن بنائے لیکن ۱۰؍ویں اوور میں آؤٹ ہوتے ہی پنجاب کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ پنجاب کو مطلوبہ رن ریٹ نہ ملنے کو یقینی بنانے کیلئے ہماچل نے وکٹ لینا جاری رکھا۔ مندیپ سنگھ اور رمندیپ سنگھ نے آخر میں پنجاب کیلئے۳۸؍ رنوں کی شراکت قائم کی۔ پنجاب کو آخری ۲؍ اووروں میں ۳۹؍ رن درکار تھے۔ دھون نے ۱۹؍ویں اوور میں رمندیپ کو صرف ۱۰؍ رن پر آؤٹ کر دیا اور پنجاب ہدف سے ۱۳؍ رن پیچھے رہ گیا اور اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فائنل میں ہماچل کا مقابلہ ممبئی یا ودربھ سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK