• Sat, 07 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹیم انڈیا فائنل میں داخل

Updated: November 20, 2024, 1:20 PM IST | Agency | Rajgir

سیمی فائنل میں ہندوستان کی خواتین ٹیم نے جاپان کو ۰۔۲؍گول سے مات دی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم ایشین چمپئن  ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ ٹیم انڈیا نے اپنی ناقابل شکست مہم جاری رکھتے ہوئے منگل کو سیمی فائنل میں جاپان کو۰۔۲؍گول  سے شکست دی۔
 میچ کے  پہلے ۴۵؍ منٹ میں نہ تو ہندوستان اور نہ ہی جاپان کی ٹیم کوئی گول کر سکی۔ دونوں ٹیمیں  جدوجہد کرتی ہوئی نظر آئیں۔ ہندوستان کو مسلسل پنالٹی کارنر ملے اس کے باوجود اسے گول میں کامیابی نہ مل سکی۔ اس دوران ہندوستان کو۱۱؍ جبکہ جاپان کو ایک بھی پنالٹی کارنر نہیں ملا۔ دوسرے ہاف سے پہلے ہی ہندوستان نے سویتا پونیا کو ہٹا کر بیچو دیوی کو گول کیپنگ کی ذمہ داری دے دی تھی۔
 پہلے تین کوارٹرس میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ ہندوستان کے لئے نونیت نے پنالٹی اسٹروک پر گول کیا جبکہ دوسرا گول  لالریمسیامی نے کیا۔ اب بدھ کو فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ چین سے ہوگا۔ خیال رہے کہ ایشین  چمپئن  ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں چین نے ملائیشیا کی ٹیم کو۱۔۳؍گول  سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا تھا۔ 
 ایشین چمپئن ٹرافی کے گروپ راؤنڈ میں ہندوستان کا مقابلہ چین سے ہوچکا ہے۔ تب ہندوستان نےپڑوسی ملک پر ۰۔۳؍گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔ چین اولمپکس کی چاندی کا تمغہ جیتنے والی ٹیم ہے اور ہندوستان  اس ٹورنامنٹ کا موجودہ چمپئن  ہے۔
 ہندستان نے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہ کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی تھی۔ ہندوستان نے گروپ راؤنڈ میں اپنے تمام میچ جیتے تھے۔ آخری گروپ راؤنڈ میچ میں اس کا مقابلہ صرف جاپان سے تھا۔ تب ہندوستان نے  ۰۔۳؍گول سے کامیابی  حاصل کی تھی۔ 

چین نے ملائیشیا کوہرا کر فائنل میں قدم رکھا
ایشین خواتین ہاکی چمپئن  ٹرافی میں منگل کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں چین نے ملائیشیا کو۱۔۳؍گول سے  شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ منگل کو  یہاں بہار کے راجگیر میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں چین نے پہلا گول پہلے کوارٹر کے دسویں منٹ میں دینگ کیوچان نے کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ دوسرے کوارٹر میں بھی چین نے اپنا دبدبہ برقرار رکھتے ہوئے یکے بعد دیگرے ۲؍ گول کئے اورملائیشیا  پر۰۔۳؍گول کی بڑی برتری حاصل کر لی۔ دوسرا گول چین کی فان یونشیا نے۱۷؍ویں منٹ میں کیا جب کہ تیسرا گول ٹین جن ژانگ نے۲۳؍ویں منٹ میں کیا۔ تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا کی خیر النساء نے ٹیم کی جانب سے پہلا گول کر کے اس برتری کو کم کیا  تاہم اس کے بعد کوئی ٹیم گول نہ کر سکی اور چین نے یہ میچ ایک کے مقابلے ۳؍ گول سے جیت لیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔ اس سے قبل پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لئے منگل کو کوریا اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں کوریا نے تھائی لینڈ کو صفر۔۳؍گول سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی  جبکہ تھائی لینڈ ٹورنامنٹ میں آخری نمبر پر رہا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK