Inquilab Logo

بنگلور اور چنئی کے درمیان دلچسپ مقابلہ کی امید

Updated: September 24, 2021, 1:57 PM IST | Agency | Sharja

کوہلی کی ٹیم جیت کی پٹری پر لوٹنے کی کوشش کرےگی ۔گزشتہ میچ میں فتح کے بعد بلند حوصلہ دھونی کے جانبازرائل چیلنجرز سے ٹکرانے کیلئے تیار

 Royal Challengers Bangalore captain Virat Kohli (right) Chennai Super Kings captain Dhoni.Picture:INN
رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی(دائیں)چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی سے دو دو ہاتھ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تصویر: آئی این این

اسٹار کھلاڑیوں سے مزین رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی) کی ٹیم گزشتہ مقابلے میں ملنے والی شکست کو بھلاکر آئی پی ایل میں جمعہ کو یہاں مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی والی چنئی سپر کنگز کے خلاف کامیابی کی پٹری پر لوٹنے کی کوشش کرےگی۔آر سی بی جہاں نئے سرے سے شروعات کرنا چاہے گی وہیں چنئی کے حوصلے اتوار کو ممبئی انڈینس کے خلاف ملنے والی جیت سے کافی بلند ہوںگے۔آر سی بی کو اگر ٹاپ۔۴؍میں جگہ بنانی ہے تو بلے بازوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ٹیم کو دیودت پلیکل اور کپتان وراٹ کوہلی کی افتتاحی جوڑی سے شاندار شروعات کی امید ہوگی۔اس کے علاوہ مڈل آرڈر میں بھی بنگلور کو بلے بازوں سے تعاون کی ضرورت ہوگی کیونکہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف آر سی بی کی بلے بازی تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی تھی۔ گلین میکسویل اور اے بی ڈیولیرس جیسے اسٹار بلے باز اپنے معیار کے مطابق بلے بازی کا مظاہرہ کرنے میں اب تک ناکام رہے ہیں اور ٹیم کو ان سے بہتر بلے بازی کی امید رہےگی۔آر سی بی کے گیندبازوں کو بھی کے کے آر کے خلاف ناقص کارکردگی کو بھلاکر چنئی کے خلاف شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ٹیم میں محمد سراج، ہرشل پٹیل،کائل جیمیسن،لیگ اسپنر یجویندر چہل جیسے گیندباز ہیں ۔ان کی ذمہ داری نہ صرف مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو آؤٹ کرنا ہوگی بلکہ انہیں رن بنانے سےبھی روکنا ہوگا۔چنئی کی ٹیم میں کئی ایسے بلے باز موجود ہیں جو کسی بھی گیندبازی کی دھجیاں اڑانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ایسے میں آر سی بی کے گیندبازوں کو بہتر لائن اور لینتھ سے گیندبازی کرنی ہوگی۔ دوسری جانب چنئی سپر کنگز نے ممبئی انڈینس کے خلاف نوجوان بلے باز رتوراج گائیکواڑ کی ۵۵؍گیندوں پر ۸۸؍رنوں کی شاندار اننگز کی بدولت کامیابی حاصل کی تھی۔ٹیم کے اہم بلے باز فاف ڈو پلیسس اور معین علی اس میچ میں کھاتہ بھی نہیں کھول سکے تھے جبکہ امباتی رائیڈو ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تھے۔تجربہ کار بلے باز سریش رائنا اور کپتان دھونی بھی ممبئی کے سامنے نہیں چل سکے تھے۔ان سب کے فلاپ ہونے کے باوجود گائیکواڑ نے رویندر جڈیجا اور ڈوین براوو کے ساتھ مل کر ٹیم کو ۱۵۶؍رنوں تک پہنچایا تھا۔اس کے بعد ڈوین براوو اور دیپک چاہر نے کمال کی گیندبازی کرتے ہوئے ٹیم کو اس سیزن میں چھٹی جیت دلوائی تھی۔چنئی کے پاس سیم کرن کی شکل میں ایک آل راؤنڈر کو شامل کرنے کا اچھا متبادل موجود ہے۔چنئی کے بلے بازوں کو بھی آر سی بی کے گیندبازوں سے محتاط رہنا ہوگا۔گزشتہ میچ میں اسٹار کھلاڑی ناکام ثابت ہوئے تھے لیکن انہیں کامیابی حاصل کرنے کےلئے آر سی بی کے خلاف اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔اس میچ میں اپنے جارح انداز کیلئے مشہور وراٹ کوہلی اور میدان پر ہمیشہ پُرسکون رہنے والے دھونی کے درمیان بھی مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملےگی۔ کُل ملاکر کہا جا سکتا ہے کہ شائقین کرکٹ کو رائل چیلنجرز بنگلور اور چنئی سپر کنگز کے درمیان ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے جہاں دونوں ہی ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کریںگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK