Inquilab Logo

ممبئی کے سامنے حیدرآباد کو بہتر حکمت عملی کی ضرورت

Updated: April 17, 2021, 1:47 PM IST | Agency | Chennai

آج آئی پی ایل میں سن رائزرس حیدرآباد کا مقابلہ ممبئی انڈینس سے۔ ممبئی کو اپنے بلےبازوں سے بہتر کارکردگی کی امید

David Warner.Picture:INN
ڈیوڈ وارنر۔تصویر :آئی این این

سن رائزرس حیدرآباد سنیچر کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)میں ممبئی انڈینس کی مضبوط ٹیم کے خلاف صحیح اور بہتر حکمت عملی  کے ساتھ میدان پر اترنے کی کوشش کرے گی تاکہ وہ  مسلسل ۲؍شکست کے بعد جیت کر پوائنٹ ٹیبل میں اپنا کھاتہ کھول سکے۔  
 ڈیوڈ وارنر کی سربراہی میں سن رائزرس کی ٹیم  کوچنئی کی پچ  راس نہیں آرہی ہے  اور ٹیم  ۱۵۰؍ رن  سے بھی کم کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔  پہلے ۲؍ میچوں میں ٹیم کوہدف کا تعاقب کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھاجس کی  وجہ سے پلیئنگ الیون میں گہرائی کی کمی اور مضبوط متبادل ہندوستانی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی جیسی کمزوریوں کا انکشاف ہوا۔ کپتان وارنر کے پلیئنگ الیون کے انتخاب پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ حتمی  ۱۱؍کھلاڑیوں میں ۲؍ وکٹ کیپر جانی بیریسٹواورردھیمان ساہا کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے ہیں۔ ساہا اوپنر کی حیثیت سے ناکام نظرآرہے ہیں۔ ساہا۲۰۰۸ء میں پہلے ٹورنامنٹ کے بعد سے آئی پی ایل کا حصہ ہیں ، لیکن ان کے ریکارڈ کو قریب سے دیکھنے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مسلسل رن بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ڈگ آؤٹ میں  موجودکیدار جادھو جیسے تجربہ کار کھلاڑی  اور پریم گرگ اور ابھیشیک شرما کی شکل میں دو باصلاحیت کھلاڑیوں کی موجودگی کے بعد ساہا کو زیاد مواقع ملنے کی امیدکم نظرآرہی ہے۔ اگر ٹیم کیدار اور ابھیشک کے ساتھ آغاز کرے تو اسے اسپن بولنگ کا متبادل بھی مل جائے گا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے صرف وارنر اور راشد خان کا انتخاب پلیئنگ الیون میں کیا گیا ہے اور سن رائزرس کو مکمل طور پر فٹ نہیں کین ولیمسن کی ضرورت ہے کیونکہ وہ اسپن بولنگ کے خلاف اچھے  بلے باز ہیں۔ منیش پانڈے اور عبد الصمد نے رائل چیلنجرز بنگلور کے بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز احمد کے خلاف اچھی بلےبازی  نہیں کی تھی اور سن رائزرس کے کپتان  وارنر اس سے مایوس ہوں گے۔ 
 جمعرات کو پانڈے کو بی سی سی آئی نے مرکزی معاہدہ شدہ کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر کردیا تھا اور فنیشرکا کردار ٹھیک طرح سے ادا نہ کرنے کی وجہ سے انہیں جلد ہی ٹیم انڈیا کی نمائندگی کا موقع بھی نہیں مل سکتا ہے۔ پانڈے کے پاس آئی پی ایل کے ذریعے اپنے دعوے کو مستحکم کرنے کا موقع ہے۔ وہ ان ۵؍ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے سب سے کم اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ۳۰۰۰؍ آئی پی ایل رن مکمل کئے  ہیں۔ ٹیم کی بولنگ بھی باعث تشویش ہے۔ ٹی نٹراجن گزشتہ سیزن کی طرح اچھے فارم  میںنہیں ہیں جبکہ بھو نیشور کمار بھی مہنگے ثابت ہو رہے ہیں اور فارم میں نہیں ہیں۔  ممبئی انڈینس کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں جیسے روہت شرما ، کوئنٹن  ڈی کاک  ، سوریا کمار یادو اور ایشان کشن کو دیکھتے ہوئے  حیدرآباد کے متبادل تیز گیندباز جیسے سندیپ شرما اور سدھارتھ کول بھی زیادہ کارگر ثابت نہیں ہوسکتے ہیں۔ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ ممبئی کی ٹیم اپنے پلیئنگ  الیون میں تبدیلی کرے گی، خاص طور پر سنسنی خیز مقابلے میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف  کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم میں تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ ممبئی انڈینس اپنے  بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کی توقع کرے گی جو توقع کے مطابق بلے بازی نہیں کرسکے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK