Inquilab Logo

ورلڈکپ ۲۰۱۱ءکا فائنل فکسڈ نہیں تھا: آئی سی سی

Updated: July 05, 2020, 9:56 PM IST | Agencyd | Dubai

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ۲۰۱۱ء کے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے فائنل کو کرپشن فری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے شواہد نہیں ملے جس کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا جا سکے۔

ICC - Pic : INN
آئی سی سی ۔ تصویر : آئی این این

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ۲۰۱۱ء کے ہندوستان   اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے فائنل کو کرپشن فری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے شواہد نہیں ملے جس کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا جا سکے۔
  آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سینئر جنرل منیجر الیکس مارشل نے کہا ہے کہ ورلڈکپ ۲۰۱۱ء کے فائنل میں سری لنکا کے کھلاڑیوں کے میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا لیکن تاحال کوئی ایسے شواہد نہیں ملے جن کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا جا سکے۔ اس لئے  ہندوستان اور سری لنکا کے مابین فائنل میچ پر شکوک کی کوئی وجہ نہیں  ہے۔
 جنرل منیجر الیکس مارشل نے مزید کہا کہ  آئی سی سی کرکٹ میں کرپشن کو بڑی سنجیدگی سے لیتا ہے، یہ ناقابل برداشت ہے۔ اگر کسی کے پاس ورلڈ کپ۲۰۱۱ء کے فائنل یا کسی بھی دوسرے میچ میں بدعنوانی کے شواہد ہوں تو ضرور فراہم کریں، سخت ایکشن لیا جائے گا۔ سری لنکن بورڈ نے بھی اس حوالے سے کوئی تحریری درخواست یا شواہد پیش نہیں  کئے۔
 واضح رہے کہ ۲۰۱۱ءمیں سری لنکا کے وزیر کھیل کے منصب پر فائز رہنے والے مہندا نندا التھ گماگے نے ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں فکسنگ کے الزامات عائد کئے  تھے جس پر ٹیم کے کپتان کمار سنگاکارا، چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا اور اوپننگ بلے باز اوپل تھرنگا سری لنکن بورڈ کی تفتیشی کمیٹی کے سامنے پیش بھی ہوئے تھے، بورڈ نے شواہد نہ ہونے پر تفتیش ختم کردی تھی۔یاد رہے کہ سری لنکا کی پولیس نے کمارا سنگاکارا اور مہیلا جئےوردھنے سے تفتیش کرنے کے بعد اس معاملے کو بند کردیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK