Inquilab Logo

سلیکٹرس کو دبلے پتلے کھلاڑی چاہئیں توفیشن شو میں جائیں

Updated: January 21, 2023, 10:41 AM IST | Mumbai

سرفراز خان کو بہترین کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم میں نہ لینے پر سابق کپتان سنیل گاوسکر کی قومی سلیکٹرس پر شدید تنقید

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز سنیل گاوسکر  نوجوان کرکٹر سرفراز خان کی حمایت میں سامنے آئے ہیں ۔ سرفراز خان کے ذریعے گھریلو کرکٹ میں مسلسل شاندار بلے بازی کرنے  کے باوجود سلیکٹرس کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہونے کے بعد سنیل گاوسکرنے قومی ٹیم کے سلیکٹرس پر شدید تنقید کی ۔ انہوں نے  چیتن شرما کی قیادت والے قومی سلیکٹرس  کے گروپ سے کہا کہ سرفراز نے اب تک بہترین مظاہرہ کیا ہے۔وہ جس فارم میں ہے اور جس انداز میں رن بنارہا ہے اسے نظر انداز بالکل نہیں کیا جاسکتا۔ سنیل گاوسکر  نے اس کے بعد سلیکٹرس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اگر آپ ٹیم میں شامل کرنے کے لئے  دبلے پتلے لڑکوں کو ڈھونڈ رہے ہیں تو آپ کو فیشن شو میں جانا چا ہئے۔ وہاں ماڈلز کو ڈھونڈ کر انہیں بیٹ اور بال تھما ئیں اور  انہیں کرکٹ کھیلنا سکھائیں۔
 سنیل گاوسکر  نے مزید کہا کہ  اس طرح کرکٹ نہیں چل سکتا۔ ماضی میں بھی کئی فربہی مائل کھلاڑی  رہے ہیں اور انہوں نے بہترین سے بہترین مظاہرہ کیا ہے۔گاوسکر کے مطابق آپ  ڈیل ڈول یا جسامت نہیں کھلاڑیوں کے رن اور اسکور کو دیکھیں۔ ان کے فارم کو جانچیں اور اگر وہ ان پیمانوں پر کھرے اترتے ہیں تو انہیں منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی گراؤنڈسے باہر سنچری نہیں بناتا۔ وہ گرائونڈ پر ہی اپنا بہتر کھیل دکھاتا ہے۔ اس کی کارکردگی بتاتی ہے کہ وہ فٹ ہے اور سرفراز کے معاملے میں میں یہ کہنا چاہوں گا کہ وہ اس وقت بہترین فارم میں ہے۔ اس کے فارم کا بہتر استعمال ٹیم انڈیا میں کیا جا سکتا ہے۔ یہ کوئی بہانہ نہیں ہے کہ اس وقت ٹیم انڈیا میں جگہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ہندوستان کے سابق تیز گیندباز اور بالنگ کوچ رہے وینکٹیش پرساد نے بھی۲۵؍سالہ سرفراز خان کی حمایت میں بیان جاری کیا تھا اور کہا کہ اگر اسے ’صحت مند‘ ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیا جارہا ہے تو  اس وقت ٹیم میں ایسے کئی کھلاڑی ہیں جو اسی ذیل میں آتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK