Inquilab Logo

کورونا بحران میں ٹیم انڈیا آسٹریلیا کیخلاف آج وَن ڈے کے ’ٹیسٹ ‘کیلئے اتریگی

Updated: November 27, 2020, 1:21 PM IST | Agency | Sydney

ہندوستان اورآسٹریلیا کے درمیان آج سے ۳؍یکروزہ میچوں کی سیریز کا آغاز ،یہ سیریز آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے جس میں ہر میچ جیتنے پر پوائنٹ ملیں گے

Virat Kohli .Picture :INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر:آئی این این

 ہندوستانی کرکٹ ٹیم کورونا کے بحران کے وقت اپنی پہلی باہمی سیریز کھیلے گی اور اس کا پہلا مقابلہ  آسٹریلیا کے خلاف سڈنی گراؤنڈ میں بروز جمعہ یعنی آج  ہوگا۔ ہندوستان نے۱۹۔۲۰۱۸ء میں آسٹریلیائی سرزمین پر تین ون ڈے میچوں کی سیریز دو۔ایک سے جیتی تھی لیکن اس بار حالات بالکل مختلف ہیں اور آسٹریلیائی ٹیم آخری بار کے مقابلے میں زیادہ مضبوط نظرآرہی ہے۔ یہ سیریز آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے جس میں ہر  میچ جیتنے پر پوائنٹ ملیں گے۔اس سپر لیگ کے تحت یہ ہندوستان کی پہلی ون ڈے سیریز ہے۔ ہندوستان کو۲۰۲۳ء  میں۵۰؍ اووروں کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔ ورلڈ کپ کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ اس لیگ کی بنیاد پرہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کے بیشتر کھلاڑی ۱۰؍ نومبر کو متحدہ عرب امارات میں ختم ہوئی  آئی پی ایل کا حصہ تھے  اور ٹیم کے تمام کھلاڑی براہ راست دبئی سے سڈنی پہنچے تھے۔ یہاں ٹیم۱۴؍ دن کی کوارنٹائن  مدت میں رہنے کے بعد کورونا میں اپنے پہلے بین الاقوامی میچ کیلئے تیار  ہوچکی ہے۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم نے آئی پی ایل سے قبل انگلینڈ میں تین تین ٹی ۲۰؍ اور ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔ آسٹریلیا کے سپر لیگ میں تین میچوں میں سے۲۰؍ پوائنٹس ہیں جب کہ ہندوستان کو اپنا کھاتہ کھولنا  ہے۔ وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا کے لئے ون ڈے سیریز کے لئے صحیح  تال میل کا  انتخاب کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔محدود اوورز کے نائب کپتان روہت شرما کو ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز سے آرام دیا گیا ہے۔ ان کی عدم موجودگی میںشکھر دھون کے ساتھی کی حیثیت سے لوکیش راہل اوپننگ کرسکتے ہیں۔ راہل نے آئی پی ایل ۱۳؍ میں کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنائے تھے۔
 راہل رواں سال کے شروع میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی ون ڈے سیریز میں مڈل آرڈر میں اترے تھے اور پانچویں نمبر پر بلے بازی کی تھی لیکن روہت کے باہر ہونے کی وجہ سے انہیں اوپننگ میں موقع دیا جاسکتا ہے جس سے  ہندوستان  سیریز کے پہلے میچ میں اچھی شروعات کرے۔ خود راہل نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی  نمبر پر کھیلنے کو تیار ہیں۔
 ٹیم میں افتتاحی دعویدار کے طور پر مینک اگروال اور سنجو سیمسن بھی شامل ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ راہل اور سیمسن دونوں وکٹ کیپر ہیں لیکن وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم کی پہلی پسند راہل ہیں۔کپتان وراٹ تیسرے نمبر پر کھیلنے اتریں گے ۔وراٹ اس سیریز میں۱۲۰۰۰؍ رن مکمل کرنے کاریکارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ ان کے اکاؤنٹ میں۲۴۸؍میچوں میں۱۱۸۶۷؍ رن ہیں۔ روہت کے باہر ہونے سے محدود اوور میں وراٹ کی ذمہ داری  زیادہ بڑھ جائے گی ۔ اپنی کپتانی  میں دہلی کیپٹلز کو آئی پی ایل کے فائنل تک  لے جانے والے شریس ایر چوتھے نمبر پر رہیں گے۔ منیش پانڈے اور شبھمان گل میں سے کوئی  بلے باز پانچویں نمبر پر کھیلے گا۔ ہاردک پانڈیا چھٹے نمبر پر جبکہ  نئے فنیشر لیفٹ آرم اسپن آل راونڈر رویندر جڈیجہ ساتویں نمبر پر رہیں گے۔ اسپنر کی جگہ کے لئے   لیگ اسپنر یجویندر چہل کو کلدیپ یادو پر ترجیح ملے گی ۔ تیزگیندبازی کا ذمہ جسپریت بمرا، محمد شامی  اور نودیپ سینی پر رہے گا۔ آخری الیون میں جگہ بنانے کے لئے سینی کو شاردل ٹھاکر سے چیلنج مل سکتا ہے۔ دوسری طرف آسٹریلیائی ٹیم گزشتہ بار کے مقابلے میں اس بار مضبوط نظر آ رہی ہے۔ جارح اوپنر ڈیوڈ وارنر اور تجربہ کار بلے باز اسٹیون اسمتھ ٹیم کی بلےبازی کو مضبوطی فراہم کریں گے۔ وارنر اور اسمتھ کے ساتھ کپتان آرون فنچ ،  تیزگیندباز پیٹ کمنز ، جوز ہیزل ووڈ ، گلین میکسویل ، مارکس اسٹونیس اور لیگ اسپنر ایڈم جمپا نے آئی پی ایل میں کھیلا اور یہ تمام کھلاڑی اچھے فارم میں نظر آرہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK