Inquilab Logo

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ فائنل میں’تھری لائنز‘ کے ہاتھوں ’شاہینوں‘ کا شکار

Updated: November 14, 2022, 1:35 PM IST | Agency | Melbourne

انگلینڈ کی ٹیم نے فائنل میں پاکستان کو ۵؍وکٹ سے شکست دے دی۔ بین اسٹوکس نے نصف سنچری بنائی۔ سیم کیورن نے پاکستان کے ۳؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 شاندار آل راؤنڈر بین اسٹوکس (ناٹ آؤٹ۵۲؍رن ) کی نصف سنچری کی بدولت تھری لائنز کے نام سے مشہور انگلینڈ نے اتوار کو ٹی۲۰؍  ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے فائنل میں پاکستان (شاہین)کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دے کر ٹی۲۰؍ورلڈ کپ کا خطاب دوسری بار جیت لیا۔  خطابی میچمیں پہلے باؤلنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے سیم کیورن (۱۲/۳) کی شاندار باؤلنگ کی مدد سے پاکستان کو۱۳۷؍ رن  پر روک دیا تھا۔ جوس بٹلر کی ٹیم کو ٹی ۲۰؍چمپئن بننے کیلئے ۱۳۸؍ رن کا ہدف ملا تھا جو اس نے ایک اوور باقی رہتے حاصل کر لیا۔ون ڈے ورلڈ کپ۲۰۱۹ء  کے فائنل میں انگلینڈ کی جیت کے ہیرو رہنے والے اسٹوکس نے۴۹؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۵۲؍ رن بنا کر انگلینڈ کو یادگار فتح دلائی۔  ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی۴۵؍  رن پر ۳؍ وکٹ گر چکی تھیں اور اس وقت تک میچ پاکستان کی گرفت میں تھا۔ اسٹوکس نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالتے ہوئے ہیری بروک (۲۰؍رن) کے ساتھ۳۹؍ رن کی شراکت قائم کی جبکہ معین علی (۱۹) کے ساتھ۴۸؍ رن جوڑے۔  ۱۹؍ ویں اوور میں محمد وسیم جونیئر کی گیند پر فاتحانہ رن بنا کر انگلینڈ کو دوسری بار ٹی ۲۰؍ کا عالمی چمپئن بنا دیا۔ انگلینڈ نے اپنا پہلا ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۱۰ء میں آسٹریلیا کو شکست دے کر جیتا تھا۔   بابر اعظم کی ٹیم حارث رؤف (۲۳/۲) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے باوجود فتح کی دہلیز کو عبور نہ کر سکی۔قبل  ازیں، انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت  دی اور مخالف کھلاڑیوں کو کبھی تیزرفتاری سے اسکور بنانے کا  موقع نہیں دیا۔ سیم کیورن نے ۵؍ویں اوور میں محمد رضوان (۱۵) کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو پہلی کامیابی دلائی جبکہ رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں محمد حارث۱۲؍ گیندوں پر ۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم نے۳۲؍ رن بنائے لیکن اس کیلئے انہوں نے۲۸؍ گیندیں کھیلیں۔ پاکستان کے ۶؍ بلے باز ڈبل فیگر کو بھی نہ چھو سکے اور وکٹوں کے مسلسل نقصان کے باعث ٹیم آخری ۵؍ اوورز میں صرف۳۱؍ رن کا اضافہ کر سکی۔ کیورن  نے انگلینڈ کیلئے کفایتی گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۴؍ اوورس میں صرف۱۲؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے ، جس میں پاکستان کے سب سے زیادہ رن بنانے والے شان مسعود (۳۸) کا وکٹ بھی شامل تھا۔ عادل رشید نے ۴؍ اوور میں۲۲؍ رن دے کر دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK