Inquilab Logo

ہندوستان اور آسٹریلیا کی نگاہیں سیریز جیتنے پر مرکوز

Updated: January 15, 2021, 12:53 PM IST | Agency | Brisbane

برسبین ٹیسٹ جیت کر ٹیم انڈیا بارڈر گاوسکر ٹرافی اپنے پاس برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی جبکہ کنگارو ٹیم کے پاس سیریز جیت کر آئی سی سی کی نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بننے کا موقع رہےگا

Captain Ajinkya Rahane (right) Australian captain Tim Penn.Picture :INN
کپتان اجنکیا رہانے(دائیں)آسٹریلیائی کپتان ٹم پین ۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ۴؍  ٹیسٹ میچوں کی بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے لئے فیصلہ کن مقابلہ جمعہ سے برسبین کے میدان پر شروع ہونے جارہا ہے جس میں سیریز پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی کی نمبر ون ٹیسٹ  رینکنگ بھی داؤ پر رہے گی۔ہندوستان اور آسٹریلیا  ایک ایک کی برابری کے ساتھ چوتھے  ٹیسٹ میں داخل ہونے جارہے ہیں۔ آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں پہلا  ٹیسٹ ۸؍ وکٹوں سے جیتا تھا جبکہ ہندوستان نے  ملبورن  میں دوسرا  ٹیسٹ ۸؍ وکٹوں سے جیت کر سیریز میں برابری حاصل کی تھی۔ سڈنی میں تیسرا  ٹیسٹ ڈرا پر ختم ہوا اور اب سیریز کا فیصلہ برسبین میں چوتھے اور فیصلہ کن  ٹیسٹ سے ہوگا۔ اگر ہندوستان برسبین  ٹیسٹ  میں جیت جاتا ہے یا ڈرا کھیلتا ہے تو وہ بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی اپنے پاس برقرار رکھے گا کیونکہ ہندوستان نے ۱۹-۲۰۱۸ءمیں آسٹریلیا سے گزشتہ سیریز دو۔ایک سے جیتی تھی۔ اگر آسٹریلیا سیریز جیتنے میں کامیاب رہا تو وہ آئی سی سی  ٹیسٹ  رینکنگ میں پھر سے نمبر ایک کی پوزیشن پر پہنچ جائے گا۔ اگر ہندوستان نے چوتھا  ٹیسٹ جیتا یا سیریز ایک۔ایک سے برابر رہی تو نیوزی لینڈ نمبر ایک پر برقرار رہے گا۔ موجودہ رینکنگ میں نیوزی لینڈ ۱۱۸؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا ۱۱۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ہندوستان ۱۱۴؍پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے ۔
ٹیم انڈیا زخمی کھلاڑیوں سے پریشان
 ہندوستان اس ٹیسٹ سے پہلے اپنے زخمی کھلاڑیوں کی چوٹ سے پریشان ہے اور اس نے برسبین  ٹیسٹ  کے لئے اپنی آخری الیون کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ آسٹریلیا نے اپنی آخری الیون کا اعلان کردیا ہے اور ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔  مارکس ہیرس کو زخمی ول پکووسکی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ پکووسکی کندھے کی چوٹ کی وجہ سے اس  ٹیسٹ  سے باہر ہوگئے ہیں۔
 اگر ہندوستان آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنا چاہتا ہے تو  اسے برسبین گراؤنڈ پر اپنی تاریخ بدلنی ہوگی۔ہندوستان  نے اس  میدان  میں کبھی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا۔ برسبین  کا میدان  آسٹریلیا کی ٹیم  کا ناقابل تسخیر قلعہ سمجھا جاتا ہے جہاں اس نے گزشتہ ۳۳؍ برسوں  میں کبھی شکست کا سامنا نہیں کیا  اور نہ ہی  وہ ہندوستان سے کبھی ہارا ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم نے گزشتہ  ۷؍ ٹیسٹ مسلسل برسبین میں جیتے ہیں۔آسٹریلیائی ٹیم آخری بار برسبین میں نومبر۱۹۸۸ء  میں اُس وقت ہار گئی تھی جب اسے ویسٹ انڈیز نے ۹؍وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہندوستان  نے برسبین میں ۶؍ ٹیسٹ کھیلے ہیں ، ان میں سے ۵؍ میں شکست اور۲۰۰۳ء میں کھیلا گیا  ٹیسٹ ڈرا  رہا تھا۔
میچ سے قبل ٹیم کا اعلان ہوگا
 ہندوستان اس سیریز کے پہلے ۳؍ ٹیسٹ  میں میچ سے قبل  اپنی آخری الیون کا اعلان کرتا آیا تھا لیکن  چوتھے ٹیسٹ  سے قبل ابھی تک اس نے اپنی آخری الیون کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ہندوستان میچ کی صبح تک اپنے کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق حتمی رپورٹ کا انتظار کرے گا اور اس کے بعد وہ اپنی ٹیم کا اعلان کرے گا۔ہندوستان کو ٹیم میں رویندر جڈیجہ اور ہنوما وہاری کا متبادل تلاش کرنا  ہوگا۔ چوٹ کی وجہ سے دونوں  اس میچ سے باہر  ہیں ۔ جڈیجہ کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا ٹوٹ گیا ہے جبکہ ہنوما کو ہیمسٹرنگ انجری ہے۔ ٹیم کے ٹاپ تیزگیندباز جسپریت بمراہ کی فٹنس کے بارے میں بھی صورتحال واضح نہیں ہے۔ ان کے پیٹ میں کھنچاؤ ہے۔اگر بمراہ فٹ نہ ہوئے  تو ، شاردل ٹھاکر یا ٹی نٹراجن میں سے کسی ایک کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ ٹھاکر نے ہندوستان کیلئے ۲۰۱۸ء میں واحد ٹیسٹ کھیلا تھا جبکہ بائیں ہاتھ کے تیز گیندباز نٹراجن کے کرئیر کاپہلا  ٹیسٹ میچ ہوگا۔  اگر اسپن کا شعبہ دیکھا جائے تو جڈیجہ باہر ہوچکے ہیں ۔ اشون کی پسلیوں میں چوٹ ہے اور ٹیم کے پاس کلدیپ یادو  رہ گئے ہیں۔ کلدیپ نے اس دورے میں اب تک کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا۔ اگر اشون فٹ ہیں تو ہندوستان اشون اور کلدیپ دونوں کے ساتھ کھیل سکتا ہے۔ہنوما وہاری کےباہر ہونے کے بعد ، ہندوستان اپنے دونوں وکٹ کیپر رشبھ پنت اور ردھیمان ساہا کو اس مقابلے میں  اتار سکتا ہے جس میں پنت ایک ماہر بلے باز کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں اور ساہا وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔ اگر ہندوستان  پنت کو وکٹ کیپر کے طور پراتارتا ہے تو وہ مینک اگروال کو ہنوما کی جگہ موقع دے سکتا ہے۔
 ہندوستان بلے بازی کوچ وکرم راٹھور نے میچ  سے قبل کہا کہ  ٹیم برسبین کی  تیزی اور اچھال کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے یہاں بہت پریکٹس کی ہے۔ ہندوستانی کھلاڑی مستقل طور پر بہتر کھیل رہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ وہ برسبین کی رفتار اور اچھال میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور ہندوستان سیریز جیتنے میں کامیاب ہوگا۔
 سڈنی کے تیسرے ٹیسٹ میں اپنے  رویہ کے سبب تنقید کا سامنا کرنے والے آسٹریلیائی کپتان ٹم پین نے برسبین کے  ناظرین سے ہندوستانی کھلاڑیوں  کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ اب وہ کسی کو بھی تنقید کا موقع نہیں دیں گے۔ ٹیم اس میچ اور سیریز کو  جیت کر پھر سے نمبر ون بننے کے لئے تیار ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیائی آف اسپنر ناتھن لیون کے کریئر کا یہ سب سے بڑا میچ ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ اپنے ۱۰۰؍ٹیسٹ میچ مکمل کریں گے۔ لیون کو ۴۰۰؍ ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کے لئے ۴؍ وکٹیں درکار ہیں اور وہ یہ ریکارڈ بھی حاصل کرنا چاہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK