Inquilab Logo

ہندوستان کی تھائی لینڈ پر فتح، خواتین ٹیم ایشیاکپ کے فائنل میں

Updated: October 14, 2022, 11:10 AM IST | Agency | Sylhet

سیمی فائنل میں ہندوستان کی خواتین ٹیم نے تھائی لینڈ کو ۷۴؍رن سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی۔ دپتی شرما نے ۳؍ وکٹ لئے۔ شیفالی نے ۴۲؍رن بنائے

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

شیفالی ورما (۴۲؍رن) کی دھماکہ خیز اننگز اور دپتی شرما (۷/۳) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کو سیمی فائنل میں تھائی لینڈ کو۷۴؍ رن سے شکست دے کر خواتین ایشیا کپ ۲۰۲۲ء کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ ہندوستان نے تھائی لینڈ کو ۲۰؍ اوورس میں ۱۴۹؍ رن کا ہدف دیا جس کے جواب میں تھائی لینڈ کی ٹیم ۹؍ وکٹوں کے نقصان پر صرف۷۴؍ رن ہی  بنا سکی۔ اوپنر شیفالی نے۲۸؍ گیندوں پر۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۲؍ رن بنائے۔ ان کی اننگز کی بدولت ہندوستان آخری اوورس میں رن ریٹ رک جانے کے باوجود تھائی لینڈ کو۱۴۸؍ رن کا ہدف دے سکا۔ فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل کے فاتح سے ہوگا۔ تھائی لینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو بلے بازی کیلئے مدعو کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۳۸؍ رن کی شراکت کے بعد اسمرتی مندھانا (۱۳) کا وکٹ بھی حاصل کیا۔ دوسرے کنارے سے تاہم  شیفالی نے رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور پاور پلے میں ہندوستان نے۴۷؍ رن جوڑے۔شیفالی کے وکٹ کے بعد کریز پر آنے والی کپتان ہرمن پریت کورنے جمائمہ راڈریگیز کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے۲۸؍ گیندوں پر۴۲؍ رن جوڑے۔ ہرمن پریت نے۳۰؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۳۶؍رن جبکہ جمائمہ نے ۲۶؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں کی مدد سے۲۷؍ رن بنائے۔ تاہم اس شراکت  کے ٹوٹنے کے بعد ہندوستانی اننگز کی رفتار کم ہوگئی۔ پوجا وستراکر کے ۱۳؍ گیندوں پر ۱۷؍رن کی مدد سے ہندوستان نے آخری ۵؍ اوورس میں ۳۱؍ رن جوڑ کر۲۰؍  اوورس میں۶؍ وکٹ پر ۱۴۸؍ رن بنائے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے ۱۴۸؍ رن کا دفاع کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو کبھی تیز رن بنانے کی اجازت نہیں دی اور وقفے وقفے سے وکٹ بھی حاصل کئے۔ دپتی شرما نے ناناپٹ کونچاروینکائی (۵)، نتھاکن چنتھم (۵) اور سورنارین ٹیپوچ (۵) کو آوٹ کیا جبکہ رینوکا سنگھ نے چنیڈا ستھیروانگ کو ایک رن پر آؤٹ کیا۔۲۱؍ رن پر تھائی لینڈ کے ۴؍ وکٹ گرنے کے بعد کپتان نیومول چائی وائی اور نتایا بوچتھم نے۴۲؍  رن کی شراکت قائم کر کے ٹیم  کو ۶۳؍ رن تک پہنچادیا حالانکہ اس وقت تک۱۷؍ اوور گزر چکے تھے۔ تھائی لینڈ کی ٹیم آخری ۳؍ اوورس میں صرف۱۱؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوائیں اور ۲۰؍ اوورس میں اسکور۷۴؍رن پر ۹؍وکٹ  تک پہنچا سکی۔ ہندوستان کی جانب سے شیفالی ورما اور اسنیہ رانا نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کیا جبکہ راجیشوری گائیکواڑ نے ۲؍ وکٹ  لئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK