Inquilab Logo

ہاکی ورلڈ کپ میں آج ہندوستان کا ویلز سےاہم مقابلہ

Updated: January 19, 2023, 12:38 PM IST | Bhubaneswar

ہندوستانی ٹیم کا بڑے فرق کے ساتھ فتح حاصل کرنا مقصد۔ انگلینڈ اور میزبان کے پول ڈی میں ۴۔۴؍پوائنٹس

Indian hockey team players practicing.(PTI)
ہندوستان کی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی پریکٹس کرتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی )

:پچھلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف ڈرا کھیلنے کے بعدہندوستانی ٹیم اب جمعرات کو ایف آئی  ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ کے آخری پول میچ میں ویلز سے مقابلہ کرے گی۔ اس میچ میں ہندوستان کا ہدف بڑے  فرق سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں براہ راست جگہ بنانا ہوگا۔ بتادیں کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے ۲؍ میچوں میں ایک جیت اور ایک ڈرا کے ساتھ ۴۔۴؍پوائنٹس ہیں لیکن انگلینڈ گول اوسط سے آگے ہے۔ انگلینڈ کا گول اوسط + ۵؍ ہے جبکہ انڈیا کا +۲؍ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ویلز کی ٹیم مسلسل دوسری شکست کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
 ہاکی ورلڈ کپ میں ہندوستان نے اسپین کو ۰۔۲؍گول سے شکست دینے کے بعد انگلینڈ کے ساتھ بغیر گول کے ڈرا کھیلا۔ راؤرکیلا کے برسا منڈا اسٹیڈیم میں ۲؍ میچ کھیلنے کے بعد ٹیم اب اس ورلڈ کپ کا پہلا میچ کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ پول ڈی میں انگلینڈ اور ہندوستان کی ٹیمیں ۲؍ میچوں کے بعد بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ چاروں پولز سے ٹاپ ٹیم براہ راست کوارٹر فائنل میں جائے گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں کراس اوور میچ کھیلیں گی۔ ایک پول کی دوسری پوزیشن والی ٹیم دوسرے پول کی تیسری پوزیشن والی ٹیم سے اور جیتنے والی ٹیم کوارٹر فائنل میں پول کی ٹاپ ٹیم سے کھیلے گی۔
 ہندوستان کو فائدہ یہ ہوگا کہ میچ سے پہلے ہی پتہ چلے گا کہ اسے کتنے گول سے جیتنا ہے کیونکہ اس سے پہلے انگلینڈ اور اسپین کا میچ ہے۔ اگر انگلینڈ ہارتا ہے یا ڈرا کرتا ہے تو ہندوستان کا کام جیت کر ہو جائے گا اور وہ پول ڈی میں سرفہرست رہے گا۔ اس کے ساتھ وہ `گروپ آف ڈیتھ سے براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ جائیں گے۔ اگر انگلینڈ اسپین کو شکست دیتا ہے تو ہندوستان کو کم از کم ۵؍ گول کے فرق سے جیتنا ہو گا۔ یہ تعداد انگلینڈ کی جیت کے فرق کے حساب سے بڑھے گی۔ اگر دونوں ٹیموں کے برابر گول اور جیت کی تعداد برابر ہے تو پول مرحلے میں درجہ بندی کا فیصلہ گول اوسط کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ہاکی ٹیم:گول کیپر: پی آر سریجیش اور کرشنا بہادر پاٹھک۔ ڈیفینڈرس: ہرمن پریت سنگھ (کپتان)، امیت روہیداس (نائب کپتان)، نیلم سنجیو کھیس، جرمن پریت سنگھ، سریندر کمار، ورون کمار۔مڈ فیلڈرس: منپریت سنگھ، ہاردک سنگھ، نیل کانت شرما، شمشیر سنگھ، وویک ساگر پرساد، آکاش دیپ سنگھ۔فارورڈس: مندیپ سنگھ، للت کمار اپادھیائے، ابھیشیک، سکھجیت سنگھ۔اختیاری: راجکمار پال، جوگراج سنگھ۔ہیڈ کوچ: گراہم ریڈ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK