Inquilab Logo

سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کی شکست

Updated: March 20, 2022, 7:17 AM IST | Auckland

کپتان میگ لیننگ (۹۷) اور وکٹ کیپر ایلیسا ہیلی (۷۲) کے شاندار اسکور کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے سنیچر کو یہاں آئی سی سی ۲۰۲۲ء خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک سنسنی خیزمقابلے میں ہندوستان کو۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔

Australia beat India by 6 wickets in Women`s World Cup
خواتین ورلڈ کپ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو ۶؍وکٹ سے ہرا دیا

 کپتان میگ لیننگ (۹۷) اور وکٹ کیپر ایلیسا ہیلی (۷۲) کے شاندار اسکور کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے سنیچر کو یہاں آئی سی سی ۲۰۲۲ء خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک سنسنی خیزمقابلے میں ہندوستان کو۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ آسٹریلیا کی مسلسل ۵؍ویں جیت ہے اور وہ سیمی فائنل میں داخل ہوگئی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل ہونے والی وہ پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
 ٹاس ہارنے کے بعد پہلےبیٹنگ کرتے ہوئےہندوستانی ٹیم نے کپتان میتھالی راج (۶۸)، ہرمن پریت کور (۵۷) اور یستیکا بھاٹیہ (۵۹) کی نصف سنچریوں کی بدولت۵۰؍ اوورس میں۷؍ وکٹوں پر۲۷۷؍ رن کا مشکل ہدف بنایا۔ نتیجہ خیز میچ ایک دلچسپ مقابلہ رہا، بالآخر ۶؍ بار ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم نے ۶؍ وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔
 آسٹریلیا کیلئے کپتان لیننگ اپنی سنچری سے محروم رہیں لیکن انہوں نے۱۰۷؍ گیندوں پر۱۳؍ چوکوں کی مدد سے۹۷؍ رن کی میچ وننگ اننگز کھیلی جس کیلئے انہیں `پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ان کے علاوہ ہیلی نے۶۵؍ گیندوں پر۹؍ چوکوں کی مدد سے ۷۲؍ رن بنائے۔ آخر میں بیتھ مونی نے ۲۰؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے۳۰؍ رن بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ آسٹریلیا کو آخری اوور میں جیتنے کیلئے ۸؍ رن  درکار تھے اور مونی نے جھولن گوسوامی پر ۲؍ چوکے مار کر میچ جیت لیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے ڈارسی براؤن اور الانا کنگ نے بالترتیب ۳؍ اور ۲؍ وکٹ  لئے۔
 ہندوستان کی جانب سے کپتان میتھالی  نے ۹۶؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۶۸؍رن، یستیکا نے ۶؍ چوکوں کی مدد سے۸۳؍ گیندوں پر۵۹؍رن اور ہرمن پریت نے ۶؍ چوکوں کی مدد سے۴۷؍ گیندوں پر۵۷؍ رن بنائے۔ گیندبازی میں پوجا وستراکر نے۱۰؍ اوورس میں ۴۳؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے، اسنیہ رانا اور میگھنا سنگھ نے ایک ایک وکٹ  لیا۔
 یہ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی لگاتار ۵؍ویں جیت ہے جب کہ ہندوستان کی تیسری شکست۔ آسٹریلیا اپنے ۵؍ میں سے ۵؍ میچ جیت کر۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اوراس نے  سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ دوسری جانب ہندوستان ۵؍ میچوں میں ۲؍ جیت اور ۳؍ ہار کے ساتھ ۴؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اب اگر ہندوستان پلے آف میں پہنچنا چاہتا ہے تو اسے یہاں سے ہر میچ جیتنا ضروری ہوگا۔ ہندوستان کیلئے اچھی بات یہ ہے کہ ان کا نیٹ رن ریٹ اب بھی پلس میں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK