Inquilab Logo

ہندوستان ،ہانگ کانگ کو شکست دے کر سپر۴؍ میں جگہ بنانےکا متمنی

Updated: August 31, 2022, 12:27 PM IST | Agency | Dubai

ٹیم انڈیا نے ایشیا کپ میں پاکستان کو شکست دے کر اچھی شروعات کی ہے۔ اسٹار کھلاڑیوں سے ایک بارپھر اچھی کارکردگی کی امید۔ہانگ کانگ نے کوالیفائر میں کامیابی کے بعد مین راؤنڈ میں جگہ بنائی ہے

All-rounder Hardik Pandya in practice .Picture:INN
آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا پریکٹس کرتے ہوئے ۔ تصویر:آئی این این

 ایشیا کپ کے چوتھے مقابلے میں بدھ کو ہندوستان کی ٹیم جب ہانگ کانگ کیخلاف میدان میں اترے گی تو اس کا مقصد میچ جیت کر سپر۴؍ میں جگہ بنانا ہوگا  جبکہ کوالیفائر جیت کر آئی ہانگ کانگ کی ٹیم اپنا پہلا میچ کھیلنے اترے گی۔ دونوں ٹیمیں گروپ اے کا حصہ ہیں اور پہلی بار ٹی ۲۰؍ فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی۔ اپنے ماضی کے تجربے کو ذہن میں رکھتے ہوئے، ہندوستانی ٹیم ہانگ کانگ کو کسی بھی طرح کمزور سمجھنے کی غلطی نہیں کرے گی ۔  ہندوستان کی جانب سے دائیں ہاتھ کے بلے باز کے ایل راہل پاکستان کے خلاف  میچ میں گولڈن ڈک کا شکار بنے۔ ایسے میں  ہانگ کانگ کے خلاف میچ ان کیلئے بہت اہم ہوگا۔ یہ بھی مانا جا رہا ہے کہ اگر کے ایل راہل اس میچ میں ناکام رہتے ہیں تو ان کا بھی پلیئنگ الیون سے باہر ہونا یقینی ہے کیونکہ پلیئنگ الیون کا کمبی نیشن گڑبڑ ہورہا ہے۔ ٹیم انڈیا میں صرف ایک ہی بائیں ہاتھ کا بلے باز تھا، جس کی کمی پاکستان کے خلاف محسوس ہوئی تھی لیکن رویندر جڈیجا کو شامل کیا گیا تھا جنہوں نے ٹیم انڈیا کو جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اگر کے ایل راہل کو ڈراپ کیا جاتا ہے تو ان کی جگہ رشبھ پنت کو  موقع دیا جاسکتا ہے جو نمبر۴؍پر کھیل سکتے ہیں اور اس صورتحال میں یا تو وراٹ کوہلی سے اوپننگ کرائی جاسکتی ہے یا پھر سوریہ کمار یادو کو روہت کے ساتھ اننگز کے لئے بھیجا جاسکتا ہے ۔  ہندوستانی ٹیم نے ایشیا کپ۲۰۲۲ء کا آغاز شاندار انداز میں کیا ہے اور ٹیم نے اپنے پہلے ہی میچ میں روایتی حریف پاکستان ٹیم کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ٹیم انڈیا یہ میچ جیت کراگلے میچوں کیلئے آسانی سے کوالیفائی کرنا چاہے گی جبکہ  ہانگ کانگ بھی اس میچ کو جیت کر ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کرنے کی کوشش کرے گی۔ دوسری طرف ہانگ کانگ نے کوالیفائر راؤنڈ میں کویت، متحدہ عرب امارات اور سنگاپور کو شکست دے کر ایشیا کپ میں جگہ بنا ئی ہے۔ ٹیم کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ ان کے پاس گنوانےکیلئے کچھ نہیں ہے اور ٹیم کے حوصلے بلند ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ باقی ٹیمیں ہانگ کانگ کے بارے میں محتاط ہیں۔ ٹیم انڈیا کے کھلاڑی روی چندرن اشون نے بھی کہا کہ ہانگ کانگ کی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا۔ ہانگ کانگ نے اب تک۵۲؍ ٹی ۲۰؍ میچ کھیلے ہیں جس میں اسے۳۲؍ میں شکست ہوئی ہے اور۲۱؍ میں کامیابی ملی ہے۔
 ہانگ کانگ کی جانب سے کپتان نزاکت خان   نے کمال کی کپتانی کی ہے۔ انہوں نے ایسے فیصلے کئے  جو ٹیم کیلئے کارگر ثابت ہوئے اور ٹیم نے چوتھی بار ایشیا کپ میں کوالیفائی کیا ہے۔ نزاکت کی کپتانی میں ہانگ کانگ کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں سنگاپور کو۸؍ رن سے شکست  دی۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی ٹیم کو۸؍ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ساتھ ہی ٹیم کے آل راؤنڈر یاسم مرتضیٰ نے بھی اچھا مظاہرہ کیا ہے۔ مرتضیٰ نے ۳؍ میچوں میں نصف سنچری کی مدد سے۱۳۰؍ رن بنائے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بلے باز بابر حیات نے بھی۹۷؍ رن کے ساتھ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا  تھا۔ ہانگ کانگ کی گیندبازی کی بات کریں تو احسان خان ۳؍ میچوں میں۹؍ وکٹ لے کر کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے ہیں۔ ۳؍ کھلاڑی یعنی کپتان نزاکت خان، یاسم مرتضیٰ اور احسان خان مل کر کسی بھی ٹیم کا کھیل خراب کر سکتے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK