Inquilab Logo

سنسنی خیزمقابلے میں ہار کے بعد ہندوستان کاچاندی کے تمغے پر اکتفا

Updated: August 04, 2022, 12:12 PM IST | Agency | Birmingham

ہندوستانی مکسڈ بیڈمنٹن ٹیم کو دولت مشترکہ کھیل۲۰۲۲ء کے فائنل میں ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرناپڑا۔ پی وی سندھو نے اپنا مقابلہ جیت لیا لیکن سری کانت کی نزدیکی میچ میں ہار

Commonwealth Games silver medal winning badminton team.Picture:INN
کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی بیڈمنٹن کی ٹیم ۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستانی مکسڈ بیڈمنٹن ٹیم کو دولت مشترکہ کھیل۲۰۲۲ء کے فائنل میں ملائیشیا کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ منگل (ہندوستان میں بدھ)  کو  کھیلے جانےوالے گولڈ میڈل میچ میں ملائیشیا نے ہندوستان کو۱۔۳؍  سے شکست دی۔
 فائنل میں ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی کو پہلے میچ میں۱۸۔۲۱، ۱۵۔۲۱؍ سے ٹینگ فونگ اور ووئی سوہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے گیم میں ہندوستانی جوڑی ۱۵۔۱۸؍ سے آگے تھی لیکن ملائیشیا کی جوڑی نے لگاتار۶؍ پوائنٹس حاصل کرکے میچ میںصفر۔ایک کی برتری حاصل کرلی اور پھر ہندوستان کو سیدھے گیمز میں شکست دے دی۔ اس کےبعد پسرلا وینکٹ سندھو نے خواتین کے سنگلز میچ میں گوہ جن ووئی سے مقابلہ کیا جہاں سندھو نے ۲۰۔۲۲،۱۷۔۲۱؍سے کامیابی حاصل کر لی۔ ملائیشیا نے پہلے گیم کے ابتدائی حصے میں پیچھے رہنے کے بعد سندھو کو سخت ٹکر دی، لیکن دو بار کی اولمپک میڈلسٹ کھلاڑی نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائی کو۱۔۱؍سے برابر کردیا۔ مردوں کے سنگلز میچ میں کدامبی سری کانت کے نزدیکی مقابلے کے میچ ہارنے کے بعد ہندوستان ۱۔۲؍سے پچھڑ گیا۔ کدامبی نے این جی زو یونگ کو سخت ٹکر دی لیکن پہلی بار کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لینے والے یونگ نے۳؍ گیمز کے مقابلے میں کدامبی کو۱۹۔۲۱، ۲۱۔۶، ۱۶۔۲۱؍ سے شکست دی۔
 اب خواتین کے ڈبلز میچ میں ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کا مقابلہ کنگ لی پرلی اور مرلی دھرن تھیناہ سے تھا اور ہندوستان کو ٹائی میں رہنے کے لئے  میچ جیتنا ضروری تھا۔ بدقسمتی سے جولی اور گوپی چند کی جوڑی ایسا نہ کر سکی اور سیدھے گیمز میں۱۸۔۲۱، ۱۷۔۲۱؍ سے ہار گئی۔ سنگاپورنے برمنگھم۲۰۲۲ء کے مکسڈ بیڈمنٹن ایونٹ میں۱۔۳؍ کی جیت کے ساتھ طلائی تمغہ جیت لیا۔گولڈ کوسٹ کامن ویلتھ گیمز ۲۰۱۸ء میں ہندوستان سے ہارنے کے بعد ملائیشیا کو چاندی پر ہی قناعت کرنی پڑی تھی لیکن آخر کار وہ برمنگھم۲۰۲۲ء میں ہندوستان پر کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔  ہندوستان نے کامن ویلتھ گیمز۲۰۲۲ء میں اب تک۱۳؍ تمغے جیتے ہیں، جن میں ۵؍ سونے، ۵؍ چاندی اور ۳؍ کانسے کے تمغے شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK