Inquilab Logo

گروپ مرحلے میں ہندوستان کا پاکستان سے مقابلہ

Updated: July 17, 2021, 4:07 PM IST | Agency | Dubai

ٹی ۲۰ ؍ورلڈ کپ میںدونوں روایتی حریفوں کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ آئی سی سی نے ۲؍گروپس میں ۶۔۶؍ٹیموں کوشامل کیا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

:آئی سی سی ٹی۲۰؍ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے مابین میچ گروپ مرحلے میں دیکھا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے ہندوستان اور پاکستان کو سپر۱۲؍ کے گروپ۲؍ میں ایک ساتھ رکھا ہے۔
  سپر۱۲؍ میں ۲؍ گروپس ہیں جن میں۶۔ ۶؍ ٹیمیں رکھی گئی ہیں۔ گروپ۲؍ میں ہندوستان کے ساتھ پاکستان ، نیوزی لینڈ ، افغانستان ، گروپ بی  کی چمپئن  ٹیم ، گروپ اے کی  رنر اپ ٹیم ہوگی  جبکہ گروپ وَن میں انگلینڈ ، آسٹریلیا ، جنوبی افریقہ ، ویسٹ انڈیز ، گروپ اے کی چمپئن   اور گروپ بی کی رنر اپ ٹیم ہوگی۔ گروپ اے میں سری لنکا ، آئرلینڈ ، نیدرلینڈس اور نمیبیا شامل ہیں  جبکہ بنگلہ دیش ، اسکاٹ لینڈ ، پاپوا نیو گنی اور عمان گروپ بی میں ہیں۔اس بار سری لنکا ، بنگلہ دیش جیسی مضبوط ٹیمیں بھی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی نہیں کرسکی ہیں۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو سپر۱۲؍ کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے اپنے اپنے گروپوں میں فاتح یا رنر اپ بننا ہوگا۔ اس گروپ کا انتخاب۲۰؍ مارچ۲۰۲۱ء کی درجہ بندی کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
  ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۱۷؍ اکتوبر سے۱۴؍ نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں کھیلا جانا ہے۔ اس سے قبل ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ہندوستان میں کھیلا جانا تھا ، لیکن کووڈ ۱۹؍ وبا کی وجہ سے  اسے متحدہ عرب امارات میں منتقل کرنا پڑا تاہم، ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنا ہندوستان میں کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ذمہ داری ہوگی۔ 
 آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے کہا’’کرکٹ کے شائقین کو اس ورلڈ کپ میں بہت سے اچھے میچ دیکھنے کو ملیں گے کیونکہ ہم نے گروپس کی تقسیم اس انداز میں کی ہے۔ اس وبائی دور میں ہم کرکٹ شائقین کے چہروں  پر مسکراہٹ لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ کووڈ ۱۹؍ کی وجہ سے کرکٹ کا بہت نقصان ہوا ہے اور ہم اس کی تلافی کی طرف قدم بڑھا رہے ہیں۔‘‘ انہوںنے مزید کہا’’کورونا وائرس کی وجہ سے ہمیں تاریخوں کا انتخاب کرنے میں جلدبازی کرنی پڑی اور اسے جلد سمیٹنے کی کوشش کی گئی ہے۔ حالانکہ ہم یقین دہانی کرواتے ہیں کہ سبھی کو بہت مزہ آئے گااور وہ زیادہ سے زیادہ میچ دیکھ سکیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ کرکٹ شائقین کو ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں بہت مزہ آئے گا اور وہ اس سے خود کی تفریح کریں گے۔‘‘
 خیال رہے کہ ایلر ڈائس نے مسقط میں  ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپس کا ڈرا نکالا تھا اور اس تقریب میں بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی  اورسکریٹری جئے شاہ بھی موجود تھے۔  
 بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے کہا ’’یہ بہت اچھی بات ہے کہ آئی سی سی ٹی ۲۰ ؍ ورلڈ کپ کی میزبانی سے عمان کو بھی بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہوگی۔ اس ٹورنامنٹ کی وجہ سے اس ملک میں زیادہ سے زیادہ نوجوان کرکٹ کی طرف توجہ دیں گے۔یہ ورلڈ کلاس ٹورنامنٹ ہے اور اس میں عالمی سطح کا کرکٹ دیکھنے کو ملے گا۔‘‘
 بی سی سی آئی کے سیکریٹری جئے شاہ نے کہا ’’ہم نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئے۲؍اچھے گروپس طے کئے ہیں جن میں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے والی ٹیمیں شامل ہیں۔ ‘‘ خیال رہے کہ ۲۰۱۶ء کے بعد یہ پہلا ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ منعقد ہونے والا ہے۔ کولکاتا میں ہونےوالے ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی۔ 
 عمان کرکٹ کے چیئرمین پنکج کھیم جی نے کہاکہ عمان کرکٹ نے بین الاقوامی سطح پر جگہ بنانے کیلئے بہت کوشش کی تھی اور آج آئی سی سی کے ذریعہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے ڈرا سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے اس سطح پر کامیابی حاصل کرلی ہے۔ آئی سی سی ، بی سی سی آئی اور عمان کرکٹ اکیڈمی نے مشترکہ طورپر ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپس کا اعلان کیاہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK