Inquilab Logo

عالمی کپ میںخواتین ٹیم انڈیا کی ونڈیز پر شاندار فتح

Updated: March 13, 2022, 7:46 AM IST | hamilton

ہندوستان نے ۱۵۵؍رن سے کامیابی حاصل کرلی۔ ٹورنامنٹ میں دوسری فتح۔اسمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور کی مفید سنچری

smriti mandhana
اسمرتی مندھانا

 اسمرتی مندھانا (۱۲۳؍ رن) اور ہرمن پریت کور (۱۰۹؍رن) کی شاندار سنچریوں اور پھر گیند بازوں کی  شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے یہاں سنیچر کو۲۰۲۲ء آئی سی سی خواتین عالمی کپ مقابلے میں  ویسٹ انڈیز کو یکطرفہ انداز میں۱۵۵؍ رن سے شکست دے دی۔ 
  ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی اور تجربہ کار بلے بازوں اسمرتی اور ہرمن پریت کی شاندار سنچریوں کی بدولت۵۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ پر۳۱۷؍ رن بنائے۔ بعد میں ہندوستان کی گیند بازوں نے جارحانہ گیند بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو۴۰ء۳؍ اوورس میں۱۶۲؍ رن پر سمیٹ دیا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی رہی۔ ٹیم کا پہلا وکٹ۱۰۰؍رن کے اسکور پر گرا ،اس کے بعد ہندوستانی گیند بازوں نے عمدہ گیندبازی کرتے ہوئے ۶۲؍ رن کے اندر ہی ویسٹ انڈیز کو ڈھیر کر کے میچ اپنے نام کرلیا۔ 
 ہندوستان کیلئے اسنیہ رانا نے۹ء۳؍ اوور میں ۲۲؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ اور میگھنا سنگھ نے ۶؍ اوور میں۲۷؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے۔ اس کے علاوہ جھولن گوسوامی، راجیشوری گائیکواڑ اور پوجا وستراکر نے ایک ایک وکٹ لیا۔ اس سے قبل اسمرتی اور ہرمن پریت نے سنچریاں مکمل کیں ۔ اسمرتی نے۱۱۹؍ گیندوں میں ۱۳؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۲۳؍ رن بنائے جبکہ ہرمن پریت نے۱۰۷؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۱۰۹؍ رن کی سنچری اننگز کھیلی ۔ اسمرتی کو `پلیئر آف دی میچ  قرار دیا گیا۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی ٹیم گیندبازی میں  ناکام ثابت ہوئی ۔ بلے بازی میں صرف   ڈینڈرا ڈوٹن اور ہیلی میتھیوز  نے رن بنائے ۔ دونوں نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۰؍ رن کی شراکت کی۔ ڈینڈرا نے ۴۶؍گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے  شاندار۶۲؍ رن بنائے جبکہ ہیلی نے۳۶؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے۴۳؍ رن بنائے۔ اس کے علاوہ کسی بھی بلے باز نے تعاون نہیں دیا۔ گیندبازی میں انیسہ محمد نے سب سے زیادہ ۲؍ وکٹ لئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK